YouVersion Logo
Search Icon

۱-کُرِنتِھیوں 9

9
رسول کا حق
1کیا مَیں آزاد نہیں؟ کیا مَیں مسیح کا رسول نہیں؟ کیا مَیں نے عیسیٰ کو نہیں دیکھا جو ہمارا خداوند ہے؟ کیا آپ خداوند میں میری محنت کا پھل نہیں ہیں؟ 2اگرچہ مَیں دوسروں کے نزدیک مسیح کا رسول نہیں، لیکن آپ کے نزدیک تو ضرور ہوں۔ خداوند میں آپ ہی میری رسالت پر مُہر ہیں۔
3جو میری باز پُرس کرنا چاہتے ہیں اُنہیں مَیں اپنے دفاع میں کہتا ہوں، 4کیا ہمیں کھانے پینے کا حق نہیں؟ 5کیا ہمیں حق نہیں کہ شادی کر کے اپنی بیوی کو ساتھ لئے پھریں؟ دوسرے رسول اور خداوند کے بھائی اور کیفا تو ایسا ہی کرتے ہیں۔ 6کیا مجھے اور برنباس ہی کو اپنی خدمت کے اجر میں کچھ پانے کا حق نہیں؟ 7کون سا فوجی اپنے خرچ پر جنگ لڑتا ہے؟ کون انگور کا باغ لگا کر اُس کے پھل سے اپنا حصہ نہیں پاتا؟ یا کون ریوڑ کی گلہ بانی کر کے اُس کے دودھ سے اپنا حصہ نہیں پاتا؟
8کیا مَیں یہ فقط انسانی سوچ کے تحت کہہ رہا ہوں؟ کیا شریعت بھی یہی نہیں کہتی؟ 9توریت میں لکھا ہے، ”جب تُو فصل گاہنے کے لئے اُس پر بَیل چلنے دیتا ہے تو اُس کا منہ باندھ کر نہ رکھنا۔“ کیا اللہ صرف بَیلوں کی فکر کرتا ہے 10یا وہ ہماری خاطر یہ فرماتا ہے؟ ہاں، ضرور ہماری خاطر کیونکہ ہل چلانے والا اِس اُمید پر چلاتا ہے کہ اُسے کچھ ملے گا۔ اِسی طرح گاہنے والا اِس اُمید پر گاہتا ہے کہ وہ پیداوار میں سے اپنا حصہ پائے گا۔ 11ہم نے آپ کے لئے روحانی بیج بویا ہے۔ تو کیا یہ نامناسب ہے اگر ہم آپ سے جسمانی فصل کاٹیں؟ 12اگر دوسروں کو آپ سے اپنا حصہ لینے کا حق ہے تو کیا ہمارا اُن سے زیادہ حق نہیں بنتا؟
لیکن ہم نے اِس حق سے فائدہ نہیں اُٹھایا۔ ہم سب کچھ برداشت کرتے ہیں تاکہ مسیح کی خوش خبری کے لئے کسی بھی طرح سے رکاوٹ کا باعث نہ بنیں۔ 13کیا آپ نہیں جانتے کہ بیت المُقدّس میں خدمت کرنے والوں کی ضروریات بیت المُقدّس ہی سے پوری کی جاتی ہیں؟ جو قربانیاں چڑھانے کے کام میں مصروف رہتے ہیں اُنہیں قربانیوں سے ہی حصہ ملتا ہے۔ 14اِسی طرح خداوند نے مقرر کیا ہے کہ انجیل کی خوش خبری کی منادی کرنے والوں کی ضروریات اُن سے پوری کی جائیں جو اِس خدمت سے فائدہ اُٹھاتے ہیں۔
15لیکن مَیں نے کسی طرح بھی اِس سے فائدہ نہیں اُٹھایا، اور نہ اِس لئے لکھا ہے کہ میرے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے۔ نہیں، اِس سے پہلے کہ فخر کرنے کا میرا یہ حق مجھ سے چھین لیا جائے بہتر یہ ہے کہ مَیں مر جاؤں۔ 16لیکن اللہ کی خوش خبری کی منادی کرنا میرے لئے فخر کا باعث نہیں۔ مَیں تو یہ کرنے پر مجبور ہوں۔ مجھ پر افسوس اگر اِس خوش خبری کی منادی نہ کروں۔ 17اگر مَیں یہ اپنی مرضی سے کرتا تو پھر اجر کا میرا حق بنتا۔ لیکن ایسا نہیں ہے بلکہ خدا ہی نے مجھے یہ ذمہ داری دی ہے۔ 18تو پھر میرا اجر کیا ہے؟ یہ کہ مَیں انجیل کی خوش خبری مفت سناؤں اور اپنے اُس حق سے فائدہ نہ اُٹھاؤں جو مجھے اُس کی منادی کرنے سے حاصل ہے۔
19اگرچہ مَیں سب لوگوں سے آزاد ہوں پھر بھی مَیں نے اپنے آپ کو سب کا غلام بنا لیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جیت لوں۔ 20مَیں یہودیوں کے درمیان یہودی کی مانند بنا تاکہ یہودیوں کو جیت لوں۔ موسوی شریعت کے تحت زندگی گزارنے والوں کے درمیان مَیں اُن کی مانند بنا تاکہ اُنہیں جیت لوں، گو مَیں شریعت کے ماتحت نہیں۔ 21موسوی شریعت کے بغیر زندگی گزارنے والوں کے درمیان مَیں اُن ہی کی مانند بنا تاکہ اُنہیں جیت لوں۔ اِس کا مطلب یہ نہیں کہ مَیں اللہ کی شریعت کے تابع نہیں ہوں۔ حقیقت میں مَیں مسیح کی شریعت کے تحت زندگی گزارتا ہوں۔ 22مَیں کمزوروں کے لئے کمزور بنا تاکہ اُنہیں جیت لوں۔ سب کے لئے مَیں سب کچھ بنا تاکہ ہر ممکن طریقے سے بعض کو بچا سکوں۔ 23جو کچھ بھی کرتا ہوں اللہ کی خوش خبری کے واسطے کرتا ہوں تاکہ اِس کی برکات میں شریک ہو جاؤں۔
24کیا آپ نہیں جانتے کہ سٹیڈیم میں دوڑتے تو سب ہی ہیں، لیکن انعام ایک ہی شخص حاصل کرتا ہے؟ چنانچہ ایسے دوڑیں کہ آپ ہی جیتیں۔ 25کھیلوں میں شریک ہونے والا ہر شخص اپنے آپ کو سخت نظم و ضبط کا پابند رکھتا ہے۔ وہ فانی تاج پانے کے لئے ایسا کرتے ہیں، لیکن ہم غیرفانی تاج پانے کے لئے۔ 26چنانچہ مَیں ہر وقت منزلِ مقصود کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے دوڑتا ہوں۔ اور مَیں اِسی طرح باکسنگ بھی کرتا ہوں، مَیں ہَوا میں مُکے نہیں مارتا بلکہ نشانے کو۔ 27مَیں اپنے بدن کو مارتا کوٹتا اور اِسے اپنا غلام بناتا ہوں، ایسا نہ ہو کہ دوسروں میں منادی کر کے خود نامقبول ٹھہروں۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in