YouVersion Logo
Search Icon

احبار 16

16
یومِ کفّارہ
1اور ہارُونؔ کے دو بیٹوں کی وفات کے بعد جب وہ خُداوند کے نزدِیک آئے اور مَر گئے۔ 2خُداوند مُوسیٰؔ سے ہم کلام ہُؤا اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا اپنے بھائی ہارُونؔ سے کہہ کہ وہ ہر وقت پردہ کے اندر کے پاکترین مقام میں سرپوش کے پاس جو صندُوق کے اُوپر ہے نہ آیا کرے تاکہ وہ مَر نہ جائے کیونکہ مَیں سرپوش پر ابر میں دِکھائی دُوں گا۔ 3اور ہارُونؔ پاکترین مقام میں اِس طرح آئے کہ خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لائے۔
4اور وہ کتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اور اُس کے تن پر کتان کا پاجامہ ہو اور کتان کے کمربند سے اُس کی کمر کَسی ہُوئی ہو اور کتان ہی کا عمامہ اُس کے سر پر بندھا ہو۔ یہ مُقدّس لِباس ہیں اور وہ اِن کو پانی سے نہا کر پہنے۔
5اور بنی اِسرائیل کی جماعت سے خطا کی قُربانی کے لِئے دو بکرے اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لے۔ 6اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے گُذران کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے۔ 7پِھر اُن دونوں بکروں کو لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور کھڑا کرے۔ 8اور ہارُونؔ اُن دونوں بکروں پر چِٹھّیاں ڈالے۔ ایک چِٹّھّی خُداوند کے لِئے اور دُوسری عزازیلؔ کے لِئے ہو۔ 9اور جِس بکرے پر خُداوند کے نام کی چِٹھّی نِکلے اُسے ہارُونؔ لے کر خطا کی قُربانی کے لِئے چڑھائے۔ 10لیکن جِس بکرے پر عزازیلؔ کے نام کی چِٹھّی نِکلے وہ خُداوند کے حضُور زِندہ کھڑا کِیا جائے تاکہ اُس سے کفّارہ دِیا جائے اور وہ عزازیلؔ کے لِئے بیابان میں چھوڑ دِیا جائے۔
11اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے آگے لا کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی کے لِئے ہے ذبح کرے۔ 12اور وہ ایک بخُور دان کو لے جِس میں خُداوند کے مذبح پر کی آگ کے انگارے بھرے ہوں اور اپنی مُٹھیاں بارِیک خُوشبُودار بخُور سے بھر لے اور اُسے پردہ کے اندر لائے۔ 13اور اُس بخُور کو خُداوند کے حضُور آگ میں ڈالے تاکہ بخُور کا دُھواں سرپوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چِھپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔ 14پِھر وہ اُس بچھڑے کا کُچھ خُون لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے مشرِق کی طرف سرپوش کے اُوپر چِھڑکے اور سرپوش کے آگے بھی کُچھ خُون اپنی اُنگلی سے سات بار چِھڑکے۔
15پِھر وہ خطا کی قُربانی کے اُس بکرے کو ذبح کرے جو جماعت کی طرف سے ہے اور اُس کے خُون کو پردہ کے اندر لا کر جو کُچھ اُس نے بچھڑے کے خُون سے کِیا تھا وُہی اِس سے بھی کرے اور اُسے سرپوش کے اُوپر اور اُس کے سامنے چِھڑکے۔ 16اور بنی اِسرائیل کی ساری نجاستوں اور گُناہوں اور خطاؤں کے سبب سے پاکترین مقام کے لِئے کفّارہ دے اور اَیسا ہی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی نجاستوں کے درمِیان رہتا ہے۔ 17اور جب وہ کفّارہ دینے کو پاکترین مقام کے اندر جائے تو جب تک وہ اپنے اور اپنے گھرانے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جائے اُس وقت تک کوئی آدمی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر نہ رہے۔ 18پِھر وہ نِکل کر اُس مذبح کے پاس جو خُداوند کے حضُور ہے جائے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے اور بکرے کا تھوڑا تھوڑا سا خُون لے کر مذبح کے سِینگوں پر گِرداگِرد لگائے۔
گُناہ اُٹھا لے جانے والا بکرا
19اور کُچھ خُون اُس کے اُوپر سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے اور اُسے بنی اِسرائیل کی نجاستوں سے پاک اور مُقدّس کرے۔ 20اور جب وہ پاکترین مقام اور خیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے چُکے تو اُس زِندہ بکرے کو آگے لائے۔ 21اور ہارُونؔ اپنے دونوں ہاتھ اُس زِندہ بکرے کے سر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی سب بدکارِیوں اور اُن کے سب گُناہوں اور خطاؤں کا اِقرار کرے اور اُن کو اُس بکرے کے سر پر دھر کر اُسے کِسی شخص کے ہاتھ جو اِس کام کے لِئے تیّار ہو بیابان میں بھجوا دے۔
22اور وہ بکرا اُن کی سب بدکارِیاں اپنے اُوپر لادے ہُوئے کِسی وِیرانہ میں لے جائے گا۔ سو وہ اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔ 23پِھر ہارُونؔ خَیمۂِ اِجتماع میں آ کر کتان کے سارے لِباس کو جِسے اُس نے پاکترین مقام میں جاتے وقت پہنا تھا اُتارے اور اُس کو وہِیں رہنے دے۔ 24پِھر وہ اِسی پاک جگہ میں پانی سے غُسل کر کے اپنے کپڑے پہن لے اور باہر آ کر اپنی سوختنی قُربانی اور جماعت کی سوختنی قُربانی گُذرانے اور اپنے لِئے اور جماعت کے لِئے کفّارہ دے۔ 25اور خطا کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر جلائے۔ 26اور جو آدمی بکرے کو عزازیلؔ کے لِئے چھوڑ کر آئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ 27اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو اور خطا کی قُربانی کے بکرے کو جِن کا خُون پاکترین مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا جائے اُن کو وہ لشکر گاہ سے باہر لے جائیں اور اُن کی کھال اور گوشت اور فُضلات کو آگ میں جلا دیں۔ 28اور جو اُن کو جلائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔
یومِ کفّارہ کَیسے منایا جائے
29اور یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو تُم اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا اور اُس دِن کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُمہارے بِیچ بُود و باش رکھتا ہو کِسی طرح کا کام نہ کرے۔ 30کیونکہ اُس روز تُمہارے واسطے تُم کو پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔ سو تُم اپنے سب گُناہوں سے خُداوند کے حضُور پاک ٹھہرو گے۔ 31یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو گا۔ تُم اُس دِن اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا۔ یہ دائِمی قانون ہے۔ 32اور جو اپنے باپ کی جگہ کاہِن ہونے کے لِئے مَسح اور مخصُوص کِیا جائے وہ کاہِن کفّارہ دِیا کرے یعنی کتان کے مُقدّس لِباس کو پہن کر۔ 33وہ مَقدِس کے لِئے کفّارہ دے اور خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے اور کاہِنوں اور جماعت کے سب لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔ 34سو یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ تُم بنی اِسرائیل کے واسطے سال میں ایک دفعہ اُن کے سب گُناہوں کا کفّارہ دو۔
اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

Currently Selected:

احبار 16: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in