YouVersion Logo
Search Icon

احبار 5

5
کَون کَون سی خطاؤں اور تقصیروں کے لِئے چڑھاوے ضرُوری ہیں
1اور اگر کوئی اِس طرح خطا کرے کہ وہ گواہ ہو اور اُسے قَسم دی جائے کہ آیا اُس نے کُچھ دیکھا یا اُسے کُچھ معلُوم ہے اور وہ نہ بتائے تو اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔
2یا اگر کوئی شخص کِسی ناپاک چِیز کو چُھو لے خواہ وہ ناپاک جانور یا ناپاک چَوپائے یا ناپاک رینگنے والے جاندار کی لاش ہو تو چاہے اُسے معلُوم بھی نہ ہو کہ وہ ناپاک ہو گیا ہے تو بھی وہ مُجرم ٹھہرے گا۔
3یا اگر وہ اِنسان کی اُن نجاستوں میں سے جِن سے وہ نجِس ہو جاتا ہے کِسی نجاست کو چُھو لے اور اُسے معلُوم نہ ہو تو وہ اُس وقت مُجرم ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔
4یا اگر کوئی بغَیر سوچے اپنی زُبان سے بُرائی یا بھلائی کرنے کی قَسم کھا لے تو قَسم کھا کر وہ آدمی چاہے کَیسی ہی بات بغَیر سوچے کہہ دے بشرطیکہ اُسے معلُوم نہ ہو تو اَیسی بات میں مُجرم اُس وقت ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔
5اور جب وہ اِن باتوں میں سے کِسی میں مُجرم ہو تو جِس امر میں اُس سے خطا ہُوئی ہے وہ اُس کا اِقرار کرے۔ 6اور خُداوند کے حضُور اپنے جُرم کی قُربانی لائے یعنی جو خطا اُس سے ہُوئی ہے اُس کے لِئے ریوڑ میں سے ایک مادہ یعنی ایک بھیڑ یا بکری خطا کی قُربانی کے طَور پر گُذرانے اور کاہِن اُس کی خطا کا کفّارہ دے۔
7اور اگر اُسے بھیڑ دینے کا مقدُور نہ ہو تو وہ اپنی خطا کے لِئے جُرم کی قُربانی کے طَور پر دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے خُداوند کے حضُور گُذرانے۔ ایک خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے۔ 8وہ اُنہیں کاہِن کے پاس لے آئے جو پہلے اُسے جو خطا کی قُربانی کے لِئے ہے گُذرانے اور اُس کا سر گردن کے پاس سے مروڑ ڈالے پر اُسے الگ نہ کرے۔ 9اور خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون مذبح کے پہلُو پر چِھڑکے اور باقی خُون کو مذبح کے پایہ پر گِر جانے دے۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 10اور دُوسرے پرندے کو حُکم کے مُوافِق سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھائے۔ یُوں کاہِن اُس کی خطا کا جو اُس نے کی ہے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔
11اور اگر اُسے دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لانے کا بھی مقدُور نہ ہو تو اپنی خطا کے واسطے اپنے چڑھاوے کے طَور پر ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ خطا کی قُربانی کے لِئے لائے۔ اُس پر نہ تو وہ تیل ڈالے نہ لُبان رکھّے کیونکہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 12وہ اُسے کاہِن کے پاس لائے اور کاہِن اُس میں سے اپنی مُٹّھی بھر کر اُس کی یادگاری کا حِصّہ مذبح پر خُداوند کی آتِشِین قُربانی کے اُوپر جلائے۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 13یُوں کاہِن اُس کے لِئے اِن باتوں میں سے جِس کِسی میں اُس سے خطا ہُوئی ہے اُس خطا کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی اور جو کُچھ باقی رہ جائے گا وہ نذر کی قُربانی کی طرح کاہِن کا ہو گا۔
تلافی کے نذرانے
14اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 15اگر خُداوند کی پاک چِیزوں میں کِسی سے تقصِیر ہو اور وہ نادانِستہ خطا کرے تو وہ اپنے جُرم کی قُربانی کے طَور پر ریوڑ میں سے بے عَیب مینڈھا خُداوند کے حضُور چڑھائے۔ جُرم کی قُربانی کے لِئے اُس کی قیمت مَقدِس کی مِثقال کے حساب سے چاندی کی اُتنی ہی مِثقالیں ہوں جِتنی تُو مُقرّر کر دے۔ 16اور جِس پاک چِیز میں اُس سے تقصِیر ہُوئی ہے وہ اُس کا مُعاوضہ دے اور اُس میں پانچواں حِصّہ اَور بڑھا کر اُسے کاہِن کے حوالہ کرے۔ یُوں کاہِن جُرم کی قُربانی کا مینڈھا چڑھا کر اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔
17اور اگر کوئی خطا کرے اور اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کرے تو چاہے وہ یہ بات جانتا بھی نہ ہو تَو بھی مُجرم ٹھہرے گا اور اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔ 18پس وہ ریوڑ میں سے ایک بے عَیب مینڈھا اُتنے ہی دام کا جو تُو مُقرّر کر دے جُرم کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائے۔ یُوں کاہِن اُس کی اُس بات کا جِس میں اُس سے نادانِستہ چُوک ہو گئی کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔ 19یہ جُرم کی قُربانی ہے کیونکہ وہ یقیناً خُداوند کے آگے مُجرم ہے۔

Currently Selected:

احبار 5: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in