YouVersion Logo
Search Icon

امثال 16

16
1دِل کی تدبِیریں اِنسان سے ہیں لیکن زُبان کا جواب خُداوند کی طرف سے ہے۔
2اِنسان کی نظر میں اُس کی سب روِشیں پاک ہیں لیکن خُداوند رُوحوں کو جانچتا ہے۔
3اپنے سب کام خُداوند پر چھوڑ دے تو تیرے اِرادے قائِم رہیں گے۔
4خُداوند نے ہر ایک چِیز خاص مقصد کے لِئے بنائی۔ ہاں شرِیروں کو بھی اُس نے بُرے دِن کے لِئے بنایا۔
5ہر ایک سے جِس کے دِل میں غرُور ہے خُداوند کو نفرت ہے۔ یقِیناً وہ بے سزا نہ چُھوٹے گا۔
6شفقت اور سچّائی سے بدی کا کفّارہ ہوتا ہے اور لوگ خُداوند کے خَوف کے سبب سے بدی سے باز آتے ہیں۔
7جب اِنسان کی روِشیں خُداوند کو پسند آتی ہیں تو وہ اُس کے دُشمنوں کو بھی اُس کے دوست بناتا ہے۔
8صداقت کے ساتھ تھوڑا سا مال بے اِنصافی کی بڑی آمدنی سے بِہتر ہے۔
9آدمی کا دِل اپنی راہ ٹھہراتا ہے پر خُداوند اُس کے قدموں کی راہنُمائی کرتا ہے۔
10کلامِ رباّنی بادشاہ کے لبوں سے نِکلتا ہے اور اُس کا مُنہ عدالت کرنے میں خطا نہیں کرتا۔
11ٹِھیک ترازُو اور پلڑے خُداوند کے ہیں تَھیلی کے سب باٹ اُس کا کام ہیں۔
12شرارت کرنے سے بادشاہوں کو نفرت ہے کیونکہ تخت کی پائیداری صداقت سے ہے۔
13صادِق لب بادشاہوں کی خُوشنُودی ہیں اور وہ سچ بولنے والوں کو دوست رکھتے ہیں۔
14بادشاہ کا قہر مَوت کا قاصِد ہے پر دانا آدمی اُسے ٹھنڈا کرتا ہے۔
15بادشاہ کے چِہرہ کے نُور میں زِندگی ہے اور اُس کی نظرِعنایت آخِری برسات کے بادل کی مانِند ہے۔
16حِکمت کا حصُول سونے سے بُہت بِہتر ہے اور فہم کا حصُول چاندی سے بُہت پسندِیدہ ہے۔
17راست کار آدمی کی شاہراہ یہ ہے کہ بدی سے بھاگے اور اپنی راہ کا نِگہبان اپنی جان کی حِفاظت کرتا ہے۔
18ہلاکت سے پہلے تکبُّر اور زوال سے پہلے خُود بِینی ہے۔
19مِسکِینوں کے ساتھ فروتن بننا مُتکِبّروں کے ساتھ لُوٹ کا مال تقسِیم کرنے سے بِہتر ہے۔
20جو کلام پر توجُّہ کرتا ہے بھلائی دیکھے گا اور جِس کا توکُّل خُداوند پر ہے مُبارک ہے۔
21دانا دِل ہوشیار کہلائے گا اور شِیرِین زُبانی سے عِلم کی فراوانی ہوتی ہے۔
22عقل مند کے لِئے عقل حیات کا چشمہ ہے پر احمقوں کی تربِیّت حماقت ہے۔
23دانا کا دِل اُس کے مُنہ کی تربِیّت کرتا ہے اور اُس کے لبوں کو عِلم بخشتا ہے۔
24دِل پسند باتیں شہد کا چھتّا ہیں۔ وہ جی کو مِیٹھی لگتی ہیں اور ہڈِّیوں کے لِئے شِفا ہیں۔
25اَیسی راہ بھی ہے جو اِنسان کو سِیدھی معلُوم ہوتی ہے پر اُس کی اِنتہا میں مَوت کی راہیں ہیں۔
26محِنت کرنے والے کی خواہِش اُس سے کام کراتی ہے کیونکہ اُس کا پیٹ اُس کو اُبھارتا ہے۔
27خبِیث آدمی شرارت کو کھود کر نِکالتا ہے اور اُس کے لبوں میں گویا جلانے والی آگ ہے۔
28کج رَو آدمی فِتنہ انگیز ہے اور غِیبت کرنے والا دوستوں میں جُدائی ڈالتا ہے۔
29تُند خُو آدمی اپنے ہمسایہ کو ورغلاتا ہے اور اُس کو بُری راہ پر لے جاتا ہے۔
30آنکھ مارنے والا کجی اِیجاد کرتا ہے اور لب چبانے والا فساد برپا کرتا ہے۔
31سفید سر شَوکت کا تاج ہے۔ وہ صداقت کی راہ پر پایا جائے گا۔
32جو قہر کرنے میں دِھیما ہے پہلوان سے بِہتر ہے اور وہ جو اپنی رُوح پر ضابِط ہے اُس سے جو شہر کو لے لیتا ہے۔
33قُرعہ گود میں ڈالا جاتا ہے پر اُس کا سارا اِنتظام خُداوند کی طرف سے ہے۔

Currently Selected:

امثال 16: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in