10
پَولُسؔ کی رِسالت کا اِختیّار
1اَب وُہی پَولُسؔ المسیؔح کی فروتنی اَور نرمی یاد دلاتے ہویٔے، میں، تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں، میں پَولُسؔ، جَب تمہارے سامنے تو ”حلیم“ بَن جاتا ہُوں لیکن جَب تُم سے دُور ہوتا تو ”بَڑے سخت“ خط لِکھتا ہُوں! 2بَلکہ مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے مجبُور نہ کرو کہ وہاں آکر سختی سے کام لُوں جو ہم پر یہ اِلزام لگاتے ہیں کہ ہم محض دُنیوی جِسمانی خواہشات کی تکمیل کے لیٔے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ 3اگرچہ ہم دُنیا ہی میں رہتے ہیں، لیکن ہم دُنیا کے جِسمانیوں کی طرح نہیں لڑتے۔ 4جِن ہتھیاروں سے ہم لڑتے ہیں وہ دُنیا کے جِسمانی ہتھیار نہیں۔ بَلکہ، خُدا کے اَیسے قوی ہتھیار ہیں جِن سے ہم بُرائی کے مضبُوط قِلعوں کو مِسمار کردیتے ہیں۔ 5چنانچہ ہم اُن دلیلوں اَور اُونچی باتوں کو جو خُدا کی پہچان کے بر خِلاف اُٹھتی ہیں ڈھا دیتے ہیں، اَور ہر ایک خیال کو قَید کرکے المسیؔح کے تابع کردیتے ہیں۔ 6ہم ہر طرح کی نافرمانی کو سزا دیں گے، لیکن پہلے ضروُری ہے کہ تمہاری فرماں بَرداری ثابت ہو۔
7تُم صِرف ظاہری چیزوں پر نظر کرتے ہو۔ اگر وہاں کسی کو یہ گمان ہے کہ وہ المسیؔح کاہے، تو اُسے یہ بھی سوچ لینا چاہئے کہ جَیسے وہ المسیؔح کاہے وَیسے ہی ہم بھی ہیں۔ 8اگرمیں اِس اِختیّار پر کچھ زِیادہ ہی فخر کرتا ہُوں جو خُداوؔند نے مُجھے تمہاری ترقّی کے لیٔے دیا ہے نہ کہ تنزّلی کے لیٔے، تو اِس میں میرے لیٔے شرم کی کون سِی بات ہے؟ 9کویٔی یہ نہ سمجھے کہ میں اَپنے خُطوط سے تُمہیں ڈرانے یا دھمکانے کی کوشش کر رہا ہُوں۔ 10کچھ لوگ کہتے ہیں، ”پَولُسؔ کے خُطوط بہت مؤثر اَور سخت ہوتے ہیں لیکن جَب وہ خُود آتے ہیں تو جِسمانی اعتبار سے اتنے کمزور دکھائی دیتے ہیں اَور ڈھنگ سے تقریر بھی نہیں کرسکتے۔“ 11اَیسا کہنے وَالوں کو مَعلُوم ہو کہ جو کچھ ہم اَپنی غَیر حاضری میں خُطوط میں لِکھتے ہیں، وُہی ہم وہاں حاضِر ہوکر عَمل میں بھی لا سکتے ہیں۔
12ہماری جُرأت کہاں کہ ہم اَپنے آپ کو اُن شَخصُوں میں شُمار کریں یا اُن سے اَپنا مُقابلہ کریں جو ہمیشہ اَپنے ہی مُنہ سے اَپنی تَعریف کرتے ہیں۔ کیونکہ کچھ لوگ خُود کو مِعیار بنا کر اُس پر اَپنے آپ کو جانچتے ہیں اَور اَپنا موازنہ خُود ہی سے کرکے، اَپنی نادانی کا ثبوت دیتے ہیں۔ 13لیکن ہم اَیسا فخر نہیں کریں گے جو بے اَندازہ ہو، بَلکہ ہم اَپنے فخر کو خُدا کے مُقرّر کیٔے ہویٔے علاقہ تک محدُود رکھیں گے، جِس میں تُم بھی آ گئے ہو۔ 14اگر ہم تُم تک نہیں پہُنچے ہوتے، تو ہمارا فخر بے اَندازہ ہو جاتا، لیکن ہم المسیؔح کی خُوشخبری سُناتے ہویٔے تُم تک پہُنچ ہی گیٔے۔ 15ہم دُوسروں کی محنت پر بے اَندازہ فخر نہیں کرتے۔ بَلکہ اُمّید رکھتے ہیں، تمہارے ایمان میں ترقّی ہوگی، اَور تمہاری مدد سے ہمارے کام کا دائرہ خُدا کی مُقرّرہ کی ہوئی حَد کے مُطابق اَور بھی بڑھےگا، 16تاکہ ہم تمہاری سرحد سے پرے دُوسرے مُلکوں میں بھی خُوشخبری سُنا سکیں۔ یہ نہیں کہ کسی دُوسرے کے علاقہ میں پہلے سے کی گئی خدمت پر فخر کرنے لگیں۔ 17غرض، ”جو فخر کرے وہ خُداوؔند پر فخر کرے۔“#10:17 دیکھئے یرم 9:24؛ 1 کُرن 1:31 18کیونکہ جو کویٔی اَپنے مُنہ سے اَپنی تَعریف کرتا ہے وہ مقبُول نہیں ہوتا، بَلکہ جسے خُداوؔند نیک نام ٹھہراتا ہے وُہی مقبُول ہوتاہے۔