YouVersion Logo
Search Icon

اعمال 25

25
پَولُسؔ کا قَیصؔر سے اپیل کرنا
1صُوبہ کا حاکم فِیستُسؔ وارِد ہونے کے تین دِن بعد، قَیصؔریہ سے یروشلیمؔ گیا 2جہاں اہم کاہِنؔ اَور یہُودی رہنما اُس کے حُضُور میں آکر پَولُسؔ کے خِلاف پَیروی کرنے لگے۔ 3اُنہُوں نے فِیستُسؔ سے مِنّت کی، وہ فوراً پَولُسؔ کے یروشلیمؔ میں مُنتقل کرنے کا حُکم دے، دراصل اُنہُوں نے پَولُسؔ کو راہ ہی میں مار ڈالنے کی سازش کی ہویٔی تھی۔ 4مگر فِیستُسؔ نے جَواب دیا، ”پَولُسؔ تو قَیصؔریہ میں قَید ہیں اَور میں خُود بھی جلد ہی وہاں پہنچنے والا ہُوں۔ 5کیوں نہ تُم میں سے چند اِختیّار والے لوگ میرے ساتھ چلیں، اَور اگر اُنہُوں نے واقعی کویٔی غلط کام کیا ہے تو وہاں اُن پر مُقدّمہ دائر کریں۔“
6اُن کے ساتھ آٹھ یا دس دِن گُزارنے کے بعد، فِیستُسؔ قَیصؔریہ گیا۔ اگلے دِن اُس نے عدالت طلب کی اَور حُکم دیا کہ پَولُسؔ کو اُس کے سامنے لایا جائے۔ 7جَب پَولُسؔ حاضِر ہویٔے تو یروشلیمؔ سے آنے والے یہُودیوں نے پَولُسؔ کو گھیر کر اُن پر چاروں طرف سے سنگین اِلزامات کی بھرمار شروع کر دی لیکن کویٔی ثبوت پیش نہ کر سکے۔
8پَولُسؔ نے اَپنی صفائی پیش کرتے ہویٔے کہا: ”میں نے نہ تو یہُودیوں کی شَریعت کے برخلاف کویٔی قُصُور کیا ہے نہ بیت المُقدّس کا اَور نہ قَیصؔر کے خِلاف۔“
9مگر فِیستُسؔ خُود کو یہُودیوں کا مُحسِن ثابت کرنا چاہتا تھا، اِس لیٔے اُس نے پَولُسؔ سے کہا، ”کیا تُجھے یروشلیمؔ جانا منظُور ہے تاکہ میں اِس مُقدّمہ کا فیصلہ وہاں کرُوں؟“
10پَولُسؔ نے جَواب دیا: ”میں یہاں قَیصؔر کی عدالت میں کھڑا ہُوں، میرے مُقدّمہ کا فیصلہ اِسی جگہ ہونا چاہئے۔ آپ خُود بھی اَچھّی طرح جانتے ہیں کہ میں نے یہُودیوں کے خِلاف کویٔی جُرم نہیں کیا۔ 11تاہم، اگر، میں قُصُوروار ہُوں، اَور موت کی سزا کے لائق ہُوں تو مُجھے مَرنے سے اِنکار نہیں۔ لیکن جو اِلزامات یہُودی مُجھ پر لگا رہے ہیں، اگر وہ سچ نہیں ہیں تو پھر کسی کو حق نہیں کہ مُجھے اُن کے حوالہ کرے۔ میں قَیصؔر کے ہاں اپیل کرتا ہُوں!“
12فِیستُسؔ نے اَپنے صلاح کاروں سے مشورہ کرکے، اُس نے اعلان کیا: ”تُونے قَیصؔر کے ہاں اپیل کی ہے۔ قَیصؔر کے پاس ہی جائے گا!“
فِیستُسؔ کا اگرِپّاَ بادشاہ سے مشورہ کرنا
13کچھ دِنوں بعد اگرِپّاَ بادشاہ اَور بِرنِیکےؔ، قَیصؔریہ آئے تاکہ فِیستُسؔ سے مُلاقات کر سکیں۔ 14چونکہ وہ کافی دِنوں تک وہیں رہے اِس لیٔے فِیستُسؔ نے پَولُسؔ کے مُقدّمہ کا حال بادشاہ سے بَیان کیا: ”یہاں ایک آدمی ہے جسے فیلِکسؔ قَید میں چھوڑ گیا ہے۔ 15جَب میں یروشلیمؔ میں تھا تو اہم کاہِنؔوں اَور یہُودیوں کے بُزرگ میرے پاس یہ فریاد لے کر آئے کہ اُس کے خِلاف سزا کا حُکم صادر کیا جائے۔
16”میں نے اُنہیں بتایا کہ رُومی دستور کے مُطابق کویٔی شخص سزا پانے کے لیٔے حوالہ نہیں کیا جا سَکتا جَب تک کہ اُسے اَپنے مُدّعیوں کے رُوبرُو اُن کے اِلزام کے بارے میں اَپنی صفائی پیش کرنے کا موقع نہ دیا جائے۔ 17چنانچہ جَب وہ لوگ یہاں آئے تو میں نے فوراً اگلے ہی دِن اُسے اَپنی عدالت میں حاضِر ہونے کا حُکم دیا۔ 18جَب اُس کے مُدّعی اَپنا دعویٰ پیش کرنے کے لیٔے اُٹھے تو اُنہُوں نے اُس پر کسی اَیسے جُرم کا اِلزام نہ لگایا جِس کا مُجھے گُمان تھا۔ 19بَلکہ اُن کا جھگڑا اُن کے اَپنے مَذہب اَور کسی آدمی حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے بارے میں تھا جو مَر چُکاہے مگر پَولُسؔ اُسے زندہ بتاتا ہے۔ 20میں بڑی اُلجھن میں ہُوں کہ اَیسی باتوں کی تحقِیقات کیسے کرُوں؛ اِس لیٔے میں نے پَولُسؔ سے پُوچھا کہ کیا اُسے یروشلیمؔ جانا منظُور ہے تاکہ اِن باتوں کا فیصلہ وہاں ہو؟ 21لیکن پَولُسؔ نے اپیل کر دی کہ اُن کے مُقدّمہ کا فیصلہ قَیصؔر#25‏:21 قَیصؔر یعنی رُومی شَہنشاہ کا لقب۔‏ کی عدالت میں ہو، لہٰذا میں نے حُکم دیا کہ وہ قَیصؔر کے پاس بھیجے جانے تک حوالات میں رہے۔“
22تَب اگرِپّاَنے فِیستُسؔ سے کہا، ”میں بھی اُس شخص کی باتیں اُس کی زبانی سُننا چاہتا ہُوں۔“
فِیستُسؔ نے جَواب دیا، ”آپ اُسے کل سُن سکیں گے۔“
اگرِپّاَ کے سامنے پیشی سے قبل پَولُسؔ
23اگلے دِن اگرِپّاَ اَور بِرنِیکےؔ بڑی شان و شوکت کے ساتھ آئے اَور پلٹن کے اعلیٰ افسران اَور شہر کے مُعزّز لوگوں کے ساتھ دیوان خانہ میں داخل ہویٔے۔ فِیستُسؔ نے حُکم دیا، پَولُسؔ کو وہاں حاضِر کیا جائے۔ 24پھر فِیستُسؔ نے کہا: ”اگرِپّاَ بادشاہ، اَور جمع حاضرین، تُم اِس شخص کو دیکھتے ہو! جِس کے برخلاف ساری یہُودی قوم نے مُجھ سے یروشلیمؔ میں اَور یہاں قَیصؔریہ میں، چِلّا چِلّاکر درخواست کی ہے کہ اِسے زندہ نہ چھوڑا جائے۔ 25لیکن مُجھے مَعلُوم ہُواہے کہ پَولُسؔ نے اَیسی کویٔی خطا نہیں کی کہ اُسے سزائے موت دی جائے، چونکہ اَب اِس نے قَیصؔر کے ہاں اپیل کی ہے تو میں نے مُناسب سمجھا کہ اِسے رُومؔ بھیج دُوں۔ 26لیکن آقائے اعلیٰ قَیصؔر کو لکھنے کے لیٔے میرے پاس کویٔی خاص بات نہیں ہے۔ لہٰذا میں نے اِسے یہاں تمہارے، اَور خاص طور پر اگرِپّاَ بادشاہ کے سامنے حاضِر کیا ہے، تاکہ تحقِیقات کے بعد کویٔی اَیسی بات مَعلُوم ہو جسے میں قَیصؔر کو لِکھ کر بھیج سکوں۔ 27کیونکہ کسی قَیدی کو بھیجتے وقت اُس پر لگائے گیٔے اِلزامات کو ظاہر نہ کرنا میرے نَزدیک دانشمندی نہیں ہے۔“

Currently Selected:

اعمال 25: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in