28
حُضُور عیسیٰ کا پھر سے جی اُٹھنا
1سَبت کے بعد، ہفتہ کے پہلے دِن، جَب صُبح ہو ہی رہی تھی کہ مریمؔ مَگدلِینیؔ اَور دُوسری مریمؔ قبر کو دیکھنے آئیں۔
2اَور اُسی وقت اَچانک ایک بڑا زلزلہ آیا کیونکہ خُداوؔند کا فرشتہ آسمان سے اُترا تھا اَور قبر کے پاس جا کر پتّھر کو لُڑھکا دیا اَور اُس پر بَیٹھ گیا۔ 3اُس کی صورت بِجلی کی مانِند تھی اَور اُس کی پوشاک برف کی طرح سفید تھی۔ 4اَور پہرہ دار اُس کے ڈر کے مارے کانپ اُٹھے اَور مُردہ سے ہو گئے۔
5فرشتہ نے عورتوں سے فرمایا، ”ڈرو مت، کیونکہ میں جانتا ہُوں کہ تُم حُضُور عیسیٰ کو ڈُھونڈ رہی ہو، جو مصلُوب ہویٔے تھے۔ 6حُضُور یہاں نہیں ہیں؛ کیونکہ وہ اَپنے کہنے کے مُطابق جی اُٹھے ہیں۔ آؤ، اَور وہ جگہ دیکھو جہاں حُضُور عیسیٰ کو رکھا کیا تھا۔ 7اَور جلدی جا کر حُضُور کے شاگردوں کو خبر دو: ’حُضُور مُردوں میں سے جی اُٹھے ہیں اَور تُم سے پہلے صُوبہ گلِیل کو پہُنچ رہے ہیں۔ تُم اُنہیں وہیں دیکھوگے۔‘ دیکھو میں نے تُمہیں بتا دیا ہے۔“
8اِس لیٔے وہ عورتیں خوف اَور بڑی خُوشی کے ساتھ قبر سے فوراً باہر آئیں اَور دَوڑتے ہویٔے گئیں تاکہ شاگردوں کو خبر دے سکیں۔ 9اَچانک حُضُور عیسیٰ اُن سے ملے اَور اُنہیں ”سلام،“ کہا۔ اُنہُوں نے پاس آکر حُضُور کے پاؤں پکڑ لیٔے اَور اُنہیں سَجدہ کیا۔ 10تَب حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”ڈرو مت۔ جاؤ اَور میرے بھائیوں سے کہو کہ صُوبہ گلِیل کے لیٔے روانہ ہو جایٔیں؛ وہ مُجھے وہیں دیکھیں گے۔“
پہرہ داروں کی گواہی
11ابھی وہ عورتیں راستے ہی میں تھیں کہ پہرہ داروں میں سے بعض شہر گیٔے اَور اہم کاہِنؔوں سے سارا ماجرا کہہ سُنایا۔ 12اِس پر اہم کاہِنؔوں نے بُزرگوں سے مِل کر مشورہ کیا اَور سپاہیوں کو منصُوبہ کے تحت، ایک بڑی رقم اَدا کی، 13اَور کہا، ”تُم یہ کہنا، ’رات کے وقت جَب ہم سو رہے تھے تو اُس کے شاگرد آئے اَور عیسیٰ کی لاش کو چُرا لے گیٔے۔‘ 14اَور اگر یہ خبر حاکم کے کان تک پہنچی تو ہم اُسے مطمئن کر دیں گے اَور تُمہیں خطرہ سے بچا لیں گے۔“ 15چنانچہ سپاہیوں نے رقم لے کر جَیسا اُنہیں سِکھایا گیا تھا وَیسا ہی کیا اَور یہ بات آج تک یہُودیوں میں مشہُور ہے۔
سَب سے بڑا حُکم
16تَب گیارہ شاگرد صُوبہ گلِیل پہاڑ پر گیٔے جہاں حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں جانے کی ہدایت دی تھی۔ 17جَب اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ کو دیکھو تو آپ کو سَجدہ کیا؛ لیکن بعض کو ابھی تک شک تھا۔ 18چنانچہ حُضُور عیسیٰ نے اُن کے پاس آکر اُن سے فرمایا، ”آسمان اَور زمین کا پُورا اِختیّار مُجھے دیا گیا ہے۔ 19اِس لیٔے تُم جاؤ اَور تمام قوموں کو شاگرد بناؤ اَور اُنہیں باپ، بیٹے اَور پاک رُوح کے نام سے پاک غُسل دو، 20اَور اُنہیں اُن سبھی باتوں پر عَمل کرنے کی تعلیم دو جِن کا میں نے تُمہیں حُکم دیا ہے۔ اَور دیکھو! بے شک میں دُنیا کے آخِر تک ہمیشہ تمہارے ساتھ ہُوں۔“