YouVersion Logo
Search Icon

مُکاشفہ 17

17
بابلؔ، حَیوان پر سوار فاحِشہ
1جِن سات فرشتوں کے پاس سات پیالے تھے اُن میں سے ایک نے آکر مُجھ سے کہا، ”اِدھر آ میں تُجھے اُس بڑی کسبی#17‏:1 بڑی کسبی یعنی عظیم شہر بابلؔ جو دریائے فراتؔ کے کنارے ہے۔ (دیکھئے یرم 51‏:13)‏‏ یعنی بَڑے شہر کی سزا دکھاؤں جو دریا کے کنارے پر بیٹھی ہُوئی ہے۔ 2اَور جِس کے ساتھ روئے زمین کے بادشاہوں نے زنا کیا تھا، اَور اہلِ زمین کے باشِندے اُس کی زناکاری کی مَے سے متوالے ہو گیٔے تھے۔“
3وہ فرشتہ مُجھے رُوح میں ایک بیابان میں لے گیا۔ وہاں میں نے ایک عورت کو قِرمزی رنگ والے ایک اَیسے حَیوان پر سوار دیکھا جِس کے سارے جِسم پر خُدا کی نِسبَت کُفر آمیز نام لکھے ہویٔے تھے، اَور جِس کے سات سَر اَور دس سینگ تھے۔ 4وہ عورت اَرغوانی اَور قِرمزی رنگ والا لباس پہنے ہویٔے تھی اَور سونے، جواہر اَور موتیوں سے آراستہ تھی۔ اَور اُس کے ہاتھ میں ایک سونے کا پیالہ تھا جو مکرُوہ چیزوں اَور اُس کی زناکاری کی غِلاظت سے بھرا ہُوا تھا۔ 5اُس کی پیشانی پر یہ پُرسرار نام درج تھا:
راز شہر عظیم بابلؔ
کسبیوں کی والدہ
اَور زمین کی مکرُوہات چیزوں کی ماں۔
6اَور میں نے دیکھا کہ وہ عورت مُقدّسین اَور حُضُور عیسیٰ کے شَہیدوں کا خُون پی پی کر مدہوش ہو چُکی تھی۔
اَور اُسے دیکھ کر مُجھے سخت حیرت ہُوئی۔ 7تَب اُس فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”تُو حیران کیوں ہو گیا؟ میں تُجھے اِس عورت اَور اُس حَیوان کا راز بتاتا ہُوں، جِس پر وہ سوار ہے اَور جِس کے سات سَر اَور دس سینگ ہے۔“ 8جو حَیوان تُم نے دیکھا وہ پہلے تو تھا لیکن اِس وقت نہیں ہے، اَور پھر دوبارہ اتھاہ گڑھے میں سے نکلے گا اَور ہلاکت کا شِکار ہوگا۔ اَور رُوئے زمین کے وہ باشِندے جِن کے نام بِنائے عالِم کے وقت سے کِتاب حیات میں درج نہیں ہیں، اُس حَیوان کو دیکھ کر کہ پہلے وہ تھا اَور اَب نہیں ہے لیکن پھر دوبارہ آئے گا حیرت زدہ ہو جایٔیں گے۔
9”اِسے سمجھنے کے لیٔے بڑی بصیرت کی ضروُرت ہے۔“ وہ ساتوں سَر سات پہاڑیاں ہیں جِن پر وہ عورت بیٹھی ہے۔ وہ سات بادشاہ بھی ہیں۔ 10پانچ تو ختم ہو چُکے ہیں، ایک مَوجُود ہے اَور ایک ابھی آیا نہیں ہے۔ لیکن جَب وہ آئے گا تو کچھ عرصہ تک ضروُر رہے گا۔ 11اَورجو حَیوان پہلے تھا اَور اَب نہیں ہے، وہ آٹھواں بادشاہ ہے اَور اُن ساتوں میں سے ہی ایک ہے جِس کی ہلاکت مُقرّر کر دی گئی ہے۔
12”وہ دس سینگ جو تُم نے دیکھے، وہ دس بادشاہ ہیں جنہیں ابھی تک بادشاہی نہیں مِلی ہے لیکن وہ ایک گھنٹے کے لیٔے اُس حَیوان کے ساتھ بادشاہوں کا سا اِختیّار پائیں گے۔ 13وہ یہ سبھی بادشاہ اَپنی قُدرت اَور اِختیّار اُس حَیوان کے حوالہ کرنے کے لیٔے رضامند ہوں گے۔ 14وہ برّہ سے جنگ کریں گے لیکن برّہ اُن پر غالب آئے گا کیونکہ وہ خُداوندوں کا خُداوؔند اَور بادشاہوں کا بادشاہ ہے اَور اُس کے ساتھ اُس کے بُلائے ہویٔے، برگُزیدہ اَور وفادار خادِم بھی غالب آئیں گے۔“
15پھر اُس فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”جِن دریاؤں کے کنارے پر تُونے اُس بڑی کسبی کو بیٹھی دیکھاہے وہ اُمّتیں، ہُجوم، قومیں اَور اہلِ زبان ہیں۔ 16وہ حَیوان اَور دس سینگ جنہیں تُم نے دیکھا اُس کسبی سے نَفرت کریں گے۔ اَور اُسے لاچار بنا کر ننگا کر دیں گے؛ اَور اُس کا گوشت کھا جایٔیں گے اَور اُسے آگ میں جَلا ڈالیں گے۔ 17کیونکہ جَب تک کہ خُدا کے کلام کی باتیں پُوری نہ ہو جایٔیں تَب تک خُدا نے اَپنا مقصد پُورا کرنے کے لیٔے اُن کے دل میں یہ بات ڈالی کہ وہ اِتّفاق رائے سے اَپنی حُکمرانی کا اِختیّار اُس حَیوان کے حوالہ کر دیں۔ 18اَور جِس عورت کو تُم نے دیکھا، یہ وہ شہر عظیم ہے جو زمین کے بادشاہوں پر حُکومت کرتا ہے۔“

Currently Selected:

مُکاشفہ 17: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

Video for مُکاشفہ 17