19
آسمان میں فتح کا بڑا جَشن
1اِس کے بعد میں نے آسمان پر گویا ایک بڑی جماعت کو بُلند آواز سے یہ کہتے سُنا،
”ہللّویاہ!
نَجات اَور جلال اَور قُدرت ہمارے خُدا ہی کی ہے،
2کیونکہ خُدا کے فیصلے برحق اَور دُرست ہیں۔
اِس لیٔے کہ خُدا نے اُس بڑی کسبی کو مُجرم ٹھہرایا ہے
جِس نے اَپنی زناکاری سے دُنیا کو خَراب کر دیا تھا۔
اَور خُدا نے اُس سے اَپنے بندوں کے خُون کا بدلہ لے لیا ہے۔“
3پھر دُوسری بار اُنہُوں نے پُکار کر کہا:
”ہللّویاہ!
اَور اُس کے جلنے کا دھواں اَبد تک اُٹھتا رہے گا۔“
4تَب چوبیسوں بُزرگوں اَور چاروں جانداروں نے مُنہ کے بَل گر کر خُدا کو جو تخت نشین تھا، سَجدہ کرکے کہا:
”آمین، ہللّویاہ!“
5پھر تختِ الٰہی سے یہ آواز آئی،
”اَے خُدا کے سَب بندوں،
خواہ چھوٹے یا بَڑے،
تُم جو اُس کا خوف رکھتے ہو،
ہمارے خُدا کی حَمد کرو!“
6پھر میں نے ایک اَیسی بڑی ہُجوم کی آواز سُنی جو کسی بَڑے آبشار کے شور اَور بِجلی کے کڑکنے کی زُوردار آواز کی مانند تھی۔ وہ کہہ رہی تھی:
”ہللّویاہ!
کیونکہ خُداوؔند ہمارا خُدا قادرمُطلق بادشاہی کرتا ہے۔“
7آؤ ہم خُوشی منائیں اَور نہایت شادمان ہوں
اَور خُدا کی تمجید کریں!
کیونکہ برّہ کی شادی کا وقت آ گیا ہے،
اَور اُس کی دُلہن نے اَپنے آپ کو آراستہ کر لیا ہے۔
8”اَور اُسے چمکدار اَور صَاف مہین کتانی کپڑا،
پہننے کا اِختیّار دیا گیا ہے۔“
(کیونکہ مہین کتانی کپڑے سے مُراد، مُقدّسین کے راستبازی کے کام ہیں۔)
9پھر فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”لِکھ، مُبارک ہیں وہ جو برّہ کی شادی کی ضیافت میں بُلائے گیٔے ہیں۔“ اَور اُس نے مزید کہا، ”یہ خُدا کی حقیقی باتیں ہیں۔“
10تَب میں اُس کو سَجدہ کرنے کی غرض سے اُس کے قدموں پر گِر پڑا۔ لیکن اُس نے مُجھ سے کہا، ”خبردار! اَیسا مت کر! میں بھی تیرا اَور تیرے بھائیوں اَور بہنوں کا ہم خدمت ہُوں جو حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے پر قائِم ہیں۔ خُدا ہی کو سَجدہ کر! کیونکہ حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینا ہی نبُوّت کی رُوح ہے۔“
آسمانی جنگجو کا حَیوان کو شِکست دینا
11پھر مَیں نے آسمان کو کھُلا ہُوا دیکھا اَور مُجھے ایک سفید گھوڑا نظر آیا جِس کا سوار وفادار اَور برحق کہلاتا ہے۔ وہ صداقت سے اِنصاف اَور جنگ کرتا ہے۔ 12اُس کی آنکھیں آگ کے شُعلوں کی مانند ہیں اَور اُس کے سَر پر بہت سے شاہی تاج ہیں۔ اُس کی پیشانی پر اُس کا نام بھی لِکھّا ہُواہے جسے سِوائے اُس کے کویٔی اَور نہیں جانتا۔ 13وہ خُون میں ڈُبوئے ہویٔے جامہ میں مُلبَّس ہے اَور اُس کا نام خُدا کا کلِمہ ہے۔ 14آسمانی فَوجیں سفید گھوڑوں پر سوار، اَور سفید اَور صَاف مہین کتانی لباس پہنے ہویٔے اُس کے پیچھے پیچھے چل رہیں تھیں۔ 15اَور تمام قوموں کو ہلاک کرنے کے لیٔے اُس کے مُنہ سے ایک تیز تلوار نکلتی ہے۔ ”وہ لوہے کے شاہی عصا سے اُن پر حُکومت کرے گا۔“#19:15 زبُور 2:9 وہ اُنہیں قادرمُطلق خُدا کے قہر کی مَے کے حوض میں انگوروں کی طرح روند ڈالتا ہے۔ 16اُس کی پوشاک اَور ران پر یہ نام لِکھّا ہُواہے:
بادشاہوں کا بادشاہ، اَور خُداوندوں کا خُداوؔند۔
17پھر میں نے ایک فرشتہ کو آفتاب پر کھڑے ہویٔے دیکھا۔ اُس نے فِضا میں اُڑنے والے تمام پرندوں سے بُلند آواز سے چِلّاکر کہا، ”آؤ اَور خُدا کی بڑی ضیافت میں شریک ہونے کے لیٔے جمع ہو جاؤ، 18تاکہ تُم بادشاہوں، سپہ سالاروں، زور آوروں، گھوڑوں اَور اُن کے سواروں کا، آزاد یا غُلاموں، چھوٹے یا بَڑے، سَب آدمیوں کا گوشت کھاؤ۔“
19تَب میں نے حَیوان کو اَور رُوئے زمین کے بادشاہوں اَور اُن کی فَوجوں کو اُس گھوڑے پر سوار اَور اُس کے لشکر سے جنگ کرنے کے لیٔے جمع ہوتے دیکھا۔ 20لیکن اُس حَیوان کو اَور اُس کے ساتھ اُس جھُوٹے نبی کو بھی جِس نے اُس حَیوان کے نام سے معجزانہ نِشان دکھائے تھے، گِرفتار کر لیا گیا۔ جِس نے اَیسے نِشان دِکھا کر اُن تمام لوگوں کو گُمراہ کیا تھا، جنہوں نے حَیوان کا نِشان لگوایا تھا اَور اُس کے بُت کی پرستِش کی تھی۔ وہ دونوں آگ کی اُس جھیل میں زندہ ہی ڈال دئیے گیٔے جو گندھک سے جلتی رہتی ہے۔ 21اَور اُن کے باقی لوگ اُس گھوڑے کے سوار کے مُنہ سے نکلنے والی تلوار سے ہلاک کردیئے گیٔے اَور سَب پرندے اُن کا گوشت کھا کر سیر ہو گیٔے۔