Λογότυπο YouVersion
Εικονίδιο αναζήτησης

پیدائش 34

34
دینؔہ اَور اہلِ شِکیمؔ
1اَور لِیاہؔ کی بیٹی دینؔہ جو یعقوب سے اُس کے یہاں پیدا ہوئی تھی اُس مُلک کی لڑکیوں کو دیکھنے نکلی۔ 2تَب اُس مُلک کے حاکم حِوّیؔ حمُورؔ کے بیٹے شِکیمؔ نے اُسے دیکھا اَور اُسے لے جا کر اُس کی عصمت دری کی۔ 3اُس کا دِل یعقوب کی بیٹی دینؔہ پر آ گیا اَور وہ اُس لڑکی سے مَحَبّت کرنے لگا اَور اُس سے میٹھی میٹھی باتیں کرنے لگا۔ 4اَور شِکیمؔ نے اَپنے باپ حمُورؔ سے کہا، ”میری شادی اِس لڑکی سے کرا دیجئے۔“
5جَب یعقوب کو یہ بات مَعلُوم ہوئی کہ اُن کی بیٹی دینؔہ کو بےحُرمت کیا گیا ہے، جَب اُن کے بیٹے کھیتوں میں مویشیوں کے پاس تھے۔ لہٰذا وہ اُن کے گھر آنے تک خاموش رہے۔
6اَور شِکیمؔ کا باپ حمُورؔ یعقوب سے پاس مُلاقات کرنے کے لیٔے آئے۔ 7یعقوب کے بیٹوں نے جوں ہی یہ بات سُنی وہ اَپنے کھیتوں سے لَوٹے اَور سیدھے گھر پہُنچے۔ وہ نہایت رنجیدہ تھے اَور غُصّہ سے آگ بگُولہ ہو رہے تھے کیونکہ شِکیمؔ نے یعقوب کی بیٹی کی عصمت لُوٹ کر بنی اِسرائیل میں اَیسی شرمناک حرکت کی، جو نہ کی جانی چاہیے تھی۔
8لیکن حمُورؔ نے اُن سے کہا، ”میرا بیٹا شِکیمؔ تمہاری لڑکی کو دِل سے چاہتاہے لہٰذا براہِ کرم اُسے میرے بیٹے کے لئے بطور بیوی دے دیجئے۔ 9ہمارے ساتھ آپَس میں شادی بیاہ کر لو۔ ہمیں اَپنی بیٹیاں دو اَور ہماری بیٹیاں اَپنے لیٔے لے لو۔ 10تُم ہمارے درمیان بس جاؤ۔ یہ مُلک تمہارے لیٔے کھُلا ہے۔ اِس میں رہو تِجارت کرو اَور اُسی میں اَپنے لیٔے جائدادیں بناؤ۔“
11شِکیمؔ نے بھی دینؔہ کے باپ اَور بھائیوں سے کہا، ”اگر مُجھ پر تمہاری نظرِکرم ہو جائے تو جو کچھ تُم مانگوگے میں تُمہیں دے دُوں گا۔ 12دُلہن کا مَہر اَور جہیز جِس قدر بھی تُم چاہو طے کر لو اَورجو تُم کہو گے میں اَدا کروں گا۔ بس اُس لڑکی کو بطور دُلہن مُجھے دے دیجئے۔“
13تَب یعقوب کے بیٹوں نے شِکیمؔ اَور اُس کے باپ حمُورؔ سے بات کرتے ہُوئے فریب سے جَواب دیا، چونکہ اُن کی بہن دینؔہ کو بےحُرمت کیا تھا۔ 14اَور اُن سے کہا، ”ہم یہ نہیں کر سکتے ہم اَپنی بہن ایک نامختون آدمی کو نہیں دے سکتے۔ اِس میں ہماری رُسوائی ہے۔ 15ہم صِرف ایک شرط پر راضی ہو سکتے ہیں: اَور وہ یہ ہے کہ تُم سَب مَردوں کا ختنہ کیا جائے، تاکہ تُم ہماری طرح ہو سکو۔ 16تَب ہم اَپنی بیٹیاں تُمہیں دیں گے اَور تمہاری بیٹیاں اَپنے لیٔے لیں گے۔ اَور ہم تمہارے درمیان بسیں گے، اَور تمہارے ساتھ مِل کر ایک قوم بَن جایٔیں گے۔ 17لیکن اگر تُم ختنہ کرانے پر راضی نہیں ہوتے، تو ہم اَپنی بہن کو لے کر چلے جایٔیں گے۔“
18اُن کی تجویز حمُورؔ اَور اُس کے بیٹے شِکیمؔ کو پسند آئی۔ 19اُس نوجوان نے، جو اَپنے باپ کے خاندان میں نہایت باعزّت سمجھا جاتا تھا اُن کے کہنے پر عَمل کرنے میں بالکُل تاخیر نہ کی، کیونکہ وہ یعقوب کی بیٹی کا بےحد مُشتاق تھا۔ 20تَب حمُورؔ اَور اُس کا بیٹا شِکیمؔ اَپنے شہر کے پھاٹک پر اَپنے شہر والوں سے بات چیت کرنے گیٔے۔ 21اَور اُن سے کہنے لگے، ”یہ لوگ ہم سے دوستانہ تعلّقات رکھتے ہیں۔ اُنہیں اِس مُلک میں رہ کر تِجارت کرنے دو، اِس مُلک میں اُن کے لیٔے کافی جگہ ہے۔ ہم اُن کی بیٹیوں سے اَور وہ ہماری بیٹیوں سے بیاہ کر سکتے ہیں۔ 22لیکن وہ لوگ صِرف اِس شرط پر ہم لوگوں کے ساتھ ایک قوم ہوکر رہنے پر راضی ہیں، ہمارے مَرد اَپنا ختنہ کروائیں، جَیسا اُن کا ہُواہے۔ 23کیا اُن کے مویشی، مال و اَسباب اَور سارے جانور ہمارے نہ ہو جایٔیں گے؟ اگر، ہم اَپنی رضامندی اُن پر ظاہر کر دیں تو وہ ہمارے درمیان بس جایٔیں گے۔“
24تَب سَب مَردوں نے جو شہر کے پھاٹک سے گزرا کرتے تھے، حمُورؔ اَور اُس کے بیٹے شِکیمؔ کی بات مان لی۔ اَور شہر کے پھاٹک سے گزرنے والے ہر مَرد کا ختنہ کیا گیا۔
25تین دِن کے بعد، جَب وہ سَب ابھی درد میں مُبتلا تھے، یعقوب کے بیٹوں میں سے دینؔہ کے دو بھایٔی شمعُونؔ اَور لیوی اَپنی اَپنی تلوار لے کر، ناگہاں شہر پر ٹوٹ پڑے اَور ہر مَرد کو مار ڈالا۔ 26اُنہُوں نے حمُورؔ اَور اُس کے بیٹے شِکیمؔ کو بھی تلوار سے قتل کر ڈالا اَور دینؔہ کو شِکیمؔ کے گھر سے نکال لے گیٔے۔ 27پھر یعقوب کے بیٹے مقتولوں پر جھپٹے اَور شہر کو لُوٹ لیا، کیونکہ اُنہُوں نے اُن کی بہن کو بےحُرمت کیا تھا۔ 28اُنہُوں نے اُن کی بھیڑ بکریاں، مویشی، گدھے اَورجو کچھ شہر اَور کھیتوں میں تھا، لے لیا۔ 29وہ اُن کی ساری دولت اَور اُن کے بچّوں اَور بیویوں کو، اَور اُن کے گھروں میں کی سَب چیزوں کو مالِ غنیمت کی طرح لے کر چلتے بنے۔
30تَب یعقوب نے شمعُونؔ اَور لیوی سے کہا، ”تُم نے اِس مُلک کے کنعانی اَور پَرزّی باشِندوں کے دِلوں میں میرے خِلاف نفرت پیدا کرکے، مُجھے مُصیبت میں ڈال دیا۔ ہم تو تعداد میں بہت کم ہیں اَور اگر وہ میرے خِلاف اِکٹھّے ہوکر مُجھ پر حملہ کر دیں تو میں اَور میرا خاندان تباہ ہو جایٔیں گے۔“
31لیکن اُنہُوں نے جَواب دیا، ”کیا اُسے ہماری ہی بہن کے ساتھ فاحِشہ کا سا سلُوک کرنا تھا؟“

Επιλέχθηκαν προς το παρόν:

پیدائش 34: UCV

Επισημάνσεις

Κοινοποίηση

Αντιγραφή

None

Θέλετε να αποθηκεύονται οι επισημάνσεις σας σε όλες τις συσκευές σας; Εγγραφείτε ή συνδεθείτε