Λογότυπο YouVersion
Εικονίδιο αναζήτησης

پیدائش 46

46
یعقوب کی مِصر کو روانگی
1تَب اِسرائیل#46‏:1 اِسرائیل یعنی یعقوب اَپنا سَب کچھ لے کر روانہ ہُوئے اَور جَب وہ بیرشبعؔ پہُنچے تو اُنہُوں نے اَپنے باپ اِصحاقؔ کے خُدا کے لیٔے قُربانیاں گزرانیں۔
2اَور خُدا نے رات کو رُویا میں اِسرائیل سے باتیں کیں اَور کہا، ”اَے یعقوب! اَے یعقوب!“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”مَیں حاضِر ہُوں۔“
3اُنہُوں نے کہا، ”میں خُدا تمہارے باپ کا خُدا ہُوں؛ مِصر میں جانے سے نہ ڈر کیونکہ مَیں وہاں تُم سے ایک بڑی قوم پیدا کروں گا۔ 4مَیں تمہارے ساتھ مِصر چلُوں گا اَور پھر وہاں سے میں تُمہیں واقعی واپس بھی لے آؤں گا اَور تمہاری موت پر یُوسیفؔ کے اَپنے ہاتھ تمہاری آنکھیں بند کریں گے۔“
5تَب اِسرائیل بیرشبعؔ سے روانہ ہُوئے اَور اِسرائیل کے بیٹے اَپنے باپ یعقوب اَور اَپنے بال بچّوں اَور اَپنی بیویوں کو اُن گاڑیوں میں لے کر گیٔے جو فَرعوہؔ نے اُن کی سواری کے لیٔے بھیجی تھیں۔ 6اَور وہ اَپنے مویشیوں اَور سارے مال و اَسباب کو بھی ساتھ لے گیٔے جو اُنہُوں نے مُلکِ کنعانؔ میں جمع کیا تھا اَور یعقوب اَپنی ساری اَولاد سمیت مِصر چلےگئے۔ 7وہ اَپنے بیٹوں، پوتوں اَور اَپنی بیٹیوں اَور پوتیوں غرض اَپنی کُل نَسل کو اَپنے ساتھ مِصر لے آئے۔
8اِسرائیل کے بیٹے اَور پوتے وغیرہ جو مِصر میں آئے اُن کے نام یہ ہیں:
رُوبِنؔ جو یعقوب کا پہلوٹھا۔
9رُوبِنؔ کے بیٹے:
حنوخؔ، پلوّؔ، حِضرونؔ اَور کرمی۔
10شمعُونؔ کے بیٹے:
یموایلؔ، یمینؔ، اُہدؔ، یاکِن، ضُحرؔ اَور شاؤل جو ایک کنعانی عورت سے پیدا ہُوا تھا۔
11بنی لیوی یہ ہیں:
گیرشون قُہات اَور مِراریؔ۔
12یہُوداہؔ کے بیٹے:
عیرؔ، اَونانؔ، شِلحؔ، پیریزؔ اَور زیراحؔ (لیکن عیرؔ اَور اَونانؔ مُلکِ کنعانؔ میں وفات پا چُکے تھے)۔
پیریزؔ کے بیٹے:
حِضرونؔ اَور حمُولؔ۔
13یِسَّکاؔر کے بیٹے:
تولعؔ، پُوعہ یا پُوّہؔ، یَعشُوبؔ اَور شِمرون۔
14زبُولُون کے بیٹے:
سرد، ایلون اَور یحلی ایل۔
15لِیاہؔ کے بیٹے جو یعقوب سے فدّان ارام میں اُس کی بیٹی دینؔہ کے علاوہ پیدا ہویٔے تھے یہی ہیں۔ اُس کے یہ بیٹے اَور بیٹیاں کُل تینتیس تھے۔
16گادؔ کے بیٹے:
ضِفونؔ، حگّیؔ، شُونی، اِضبُنؔ، عیری، اَرودی اَور اَریلی۔
17آشیر کے بیٹے:
یِمنہؔ، اِشواہؔ، اِشویؔ اَور بریعہؔ اَور اُن کی بہن سراحؔ تھی۔
بریعہؔ کے بیٹے:
حِبرؔ اَور مَلکی ایل۔
18یہ سَب یعقوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں جو زِلفہؔ سے پیدا ہویٔے جسے لابنؔ نے اَپنی بیٹی لِیاہؔ کو دیا تھا۔ وہ شُمار میں سولہ تھے۔
19یعقوب کی بیوی راخلؔ کے بیٹے:
یُوسیفؔ اَور بِنیامین۔
20یُوسیفؔ سے مُلک مِصر میں اَونؔ#46‏:20 اَونؔ ہیلیوپلس یعنی سُورج کا شہر کے کاہِنؔ پُطیفرعؔ کی بیٹی آسِناتھؔ کے ہاں منشّہ اَور اِفرائیمؔ پیدا ہویٔے۔
21بِنیامین کے بیٹے:
بَیلعؔ، بِکیؔر، اَشبیلؔ، گیراؔ، نَعمانؔ، اِخیؔ، رَوشؔ، مُپّیم، حُفّیمؔ اَور اردؔ۔
22یہ سَب یعقوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں جو راخلؔ سے پیدا ہویٔے جو شُمار میں چودہ تھے۔
23اَور دانؔ کے بیٹے کا نام:
حُوشیمؔ تھا۔
24نفتالی کے بیٹے:
یحصیل گُونی، یصرؔ اَور شِلّیمؔ۔
25یہ سَب یعقوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں جو بِلہاہؔ سے پیدا ہویٔے جسے لابنؔ نے اَپنی بیٹی راخلؔ کو دیا تھا۔ وہ شُمار میں سات تھے۔
26یعقوب کی اَپنی نَسل کے جو لوگ اُن کے ساتھ مِصر گیٔے جِن میں اُن کی بہوؤں کا شُمار نہیں ہے کُل چھیاسٹھ آدمی تھے۔ 27اُن دو بیٹوں کے ساتھ جو یُوسیفؔ کے مِصر میں پیدا ہویٔے یعقوب کے خاندان کے اُن افراد کی کُل تعداد جو مِصر گیٔے ستّر تھی۔
28یعقوب نے یہُوداہؔ کو اَپنے آگے یُوسیفؔ کے پاس بھیجا تاکہ وہ مَعلُوم کرے کہ گوشینؔ جانے والا راستہ کون سا ہے۔ جَب وہ گوشینؔ کے علاقہ میں پہُنچے تو 29یُوسیفؔ نے اَپنا رتھ تیّار کروایا اَور اَپنے باپ اِسرائیل سے مِلنے کے لیٔے گوشینؔ کی طرف روانہ ہُوئے۔ جوں ہی یُوسیفؔ نے اَپنے باپ کو دیکھا وہ اُن سے بغل گیر ہوکر بڑی دیر تک روتے رہے۔
30اِسرائیل نے یُوسیفؔ سے کہا، ”اَب موت بھی آ جائے تو مُجھے منظُور ہے کیونکہ مَیں نے اَپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ تُم ابھی تک زندہ ہو۔“
31تَب یُوسیفؔ نے اَپنے بھائیوں اَور اَپنے باپ کے گھرانے کے لوگوں سے کہا، ”میں جا کر فَرعوہؔ سے بات کروں گا اَور کہُوں گا، ’میرے بھایٔی اَور میرے باپ کا خاندان جو مُلکِ کنعانؔ میں رہا کرتے تھے میرے پاس آ گئے ہیں۔ 32وہ لوگ چرواہے ہیں اَور مویشی پالتے ہیں اَور وہ اَپنے ساتھ اَپنی بھیڑ بکریوں کے گلّے اَور مویشیوں کو اَورجو کچھ اُن کی مِلکیّت ہے سَب لے کر آ گئے ہیں۔‘ 33جَب فَرعوہؔ تُمہیں اَندر بُلائے اَور پُوچھے، ’تمہارا پیشہ کیا ہے؟‘ 34تو تُم جَواب دینا، ’تمہارا خادِم اَپنے آباؤاَجداد کی طرح لڑکپن ہی سے گلّہ بان ہیں۔‘ تَب تُمہیں گوشینؔ کے علاقہ میں بس جانے کی اِجازت دے دی جائے گی کیونکہ مِصری تمام گلّے بانوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔“

Επιλέχθηκαν προς το παρόν:

پیدائش 46: UCV

Επισημάνσεις

Κοινοποίηση

Αντιγραφή

None

Θέλετε να αποθηκεύονται οι επισημάνσεις σας σε όλες τις συσκευές σας; Εγγραφείτε ή συνδεθείτε