Λογότυπο YouVersion
Εικονίδιο αναζήτησης

پیدائش 48

48
منشّہ اَور اِفرائیمؔ
1کچھ عرصہ کے بعد یُوسیفؔ کو خبر مِلی، ”آپ کے باپ بیمار ہیں۔“ چنانچہ وہ گئے اَور اَپنے دو بیٹوں منشّہ اَور اِفرائیمؔ کو بھی ساتھ لے گئے۔ 2جَب یعقوب کو لوگوں نے بتایا، ”آپ کا بیٹا یُوسیفؔ آپ کے پاس آیا ہے۔“ تو اِسرائیل قُوّت پا کر اُٹھے اَور پلنگ پر بیٹھ گئے۔
3اَور یعقوب نے یُوسیفؔ سے فرمایا، ”قادرمُطلق خُدا مُلکِ کنعانؔ کے لُوزؔ میں مُجھے دِکھائی دئیے وہاں اُنہُوں نے مُجھے برکت دی 4اَور مُجھ سے کہا، ’میں تُمہیں سرفراز کروں گا اَور تمہاری تعداد کو بڑھاؤں گا۔ تمہاری قوم سے کیٔی اُمّتیں پیدا ہُوں گی اَور مَیں یہ مُلک تمہارے بعد تمہاری نَسل کو اَبدی مِیراث کے طور پر بخشوں گا۔‘
5”اَور تمہارے دو بیٹے جو تُمہیں مِصر میں میرے یہاں آنے سے پہلے پیدا ہویٔے میرے ہی شُمار کئے جایٔیں گے۔ جِس طرح رُوبِنؔ اَور شمعُونؔ میرے ہیں اُسی طرح اِفرائیمؔ اَور منشّہ بھی میرے ہی ہوں گے۔ 6اَورجو اَولاد اُن کے بعد تُمہیں ہوگی وہ تمہاری ہوگی اَورجو مِیراث وہ پائیں گے وہ اُن کے بھائیوں سے نامزد ہوگی۔ 7جَب مَیں فدّان سے لَوٹ رہاتھا تَب میری بدقسمتی سے راخلؔ نے کنعانؔ کے مُلک میں جَب ہم اِفرات سے کچھ ہی فاصلہ پر تھے وفات پائی۔ چنانچہ مَیں نے اُسے وہیں اِفرات (یعنی بیت لحمؔ) کے راستہ میں دفن کیا۔“
8جَب اِسرائیل نے یُوسیفؔ کے بیٹوں کو دیکھا تو پُوچھا، ”یہ کون ہیں؟“
9یُوسیفؔ نے اَپنے باپ سے کہا، ”یہ میرے بیٹے ہیں جو خُدا نے مُجھے یہاں دیئے ہیں۔“
تَب اِسرائیل نے کہا، ”اُنہیں میرے پاس لاؤ تاکہ مَیں اُنہیں برکت دُوں۔“
10اِسرائیل کی آنکھیں بُڑھاپے کی وجہ سے دھُندلا گئی تھیں اَور وہ بمشکل دیکھ پاتے تھے۔ چنانچہ یُوسیفؔ اَپنے بیٹوں کو اُن کے قریب لائے اَور اُن کے باپ نے اُنہیں چُوما اَور گلے لگایا۔
11اِسرائیل نے یُوسیفؔ سے کہا، ”مُجھے اُمّید نہ تھی کہ تمہارا چہرہ پھر سے دیکھ پاؤں گا اَور اَب دیکھو خُدا نے مُجھے تمہاری اَولاد بھی دیکھنے دی۔“
12تَب یُوسیفؔ نے اُنہیں اِسرائیل کے گھٹنوں پر سے نیچے اُتارا اَور مُنہ کے بَل زمین پر جھُک کر سَجدہ کیا۔ 13جَب یُوسیفؔ اِفرائیمؔ کو اَپنے داہنے ہاتھ کے سہارے اَور منشّہ کو اَپنے بائیں ہاتھ کے سہارے اِسرائیل کے نزدیک لائے تو اِفرائیمؔ، اِسرائیل کی بائیں طرف اَور منشّہ اُن کی داہنی طرف تھا۔ 14لیکن اِسرائیل نے اَپنا داہنا ہاتھ بڑھایا اَور اِفرائیمؔ کے سَر پر رکھ دیا حالانکہ وہ چھوٹا تھا اَور اَپنے بائیں ہاتھ کو کانٹے کے طور پر منشّہ کے سَر پر رکھا حالانکہ وہ پہلوٹھا تھا۔ یعقوب نے جان بوجھ کر اَیسا کیا۔
15تَب یعقوب نے یُوسیفؔ کو برکت دی اَور کہا،
”وہ خُدا جِس کے سامنے میرے آباؤاَجداد
اَبراہامؔ اَور اِصحاقؔ نے اَپنی اَپنی زندگی کے دِن گزارے،
وہ خُدا جو آج کے دِن تک عمر بھر
میرا پاسبان رہا،
16اَور وہ فرشتہ جِس نے مُجھے ساری بَلاؤں سے بچایا،
اِن لڑکوں کو برکت دیں،
اَور وہ میرے،
اَور میرے آباؤاَجداد اَبراہامؔ اَور اِصحاقؔ کے نام سے
منسوب ہُوں،
اَور وہ زمین پر کثرت سے بڑھیں۔“
17جَب یُوسیفؔ نے دیکھا کہ اُن کے باپ نے اَپنا داہنا ہاتھ اِفرائیمؔ کے سَر پر رکھا ہے تو ناخُوش ہُوئے اَور اُنہُوں نے اَپنے باپ کا داہنا ہاتھ تھام لیا تاکہ اُسے اِفرائیمؔ کے سَر پر سے ہٹا کر منشّہ کے سَر پر رکھیں۔ 18یُوسیفؔ نے اُن سے کہا، ”اَے میرے باپ اَیسا نہ کریں کیونکہ پہلوٹھا یہ ہے۔ اِس لیٔے اَپنا داہنا ہاتھ اِس کے سَر پر رکھیں۔“
19لیکن اُن کے باپ راضی نہ ہُوئے اَور کہنے لگے، ”اَے میرے بیٹے میں بخُوبی جانتا ہُوں، وہ بھی ایک بڑی قوم بنے گا اَور وہ بھی برتر ہوگا۔ البتّہ اُس کا چھوٹا بھایٔی اُس سے بھی بڑا ہوگا اَور اُس کی نَسل سے بہت سِی قومیں پیدا ہُوں گی۔“ 20اُنہُوں نے اُنہیں اُس دِن برکت دی اَور کہا،
”بنی اِسرائیل تمہارا نام لے کر یُوں دعا دیا کریں گے:
’خُدا تمہارا اِفرائیمؔ اَور منشّہ کی مانند اِقبالمند کریں۔‘ “
یُوں اُنہُوں نے اِفرائیمؔ کو منشّہ پر فضیلت دی۔
21تَب اِسرائیل نے یُوسیفؔ سے کہا، ”میں تو دُنیا سے رخصت ہونے والا ہُوں لیکن خُدا تمہارے ساتھ ہوگا اَور تُمہیں تمہارے آباؤاَجداد کے مُلک میں واپس لے جائے گا۔ 22چونکہ اَب تُم اَپنے بھائیوں کے مُربیّ ہو اِس لیٔے میں تُمہیں مُلک کے اُوپر والا حِصّہ دیتا ہُوں جسے مَیں نے اَپنی تلوار اَور کمان سے امُوریوں کے ہاتھ سے لیا تھا۔“

Επιλέχθηκαν προς το παρόν:

پیدائش 48: UCV

Επισημάνσεις

Κοινοποίηση

Αντιγραφή

None

Θέλετε να αποθηκεύονται οι επισημάνσεις σας σε όλες τις συσκευές σας; Εγγραφείτε ή συνδεθείτε