YouVersion Logo
Search Icon

۱-کُرِنتِھیوں 16

16
یروشلم کی جماعت کے لئے چندہ
1رہی چندے کی بات جو یروشلم کے مُقدّسین کے لئے جمع کیا جا رہا ہے تو اُسی ہدایت پر عمل کریں جو مَیں گلتیہ کی جماعتوں کو دے چکا ہوں۔ 2ہر اتوار کو آپ میں سے ہر کوئی اپنے کمائے ہوئے پیسوں میں سے کچھ اِس چندے کے لئے مخصوص کر کے اپنے پاس رکھ چھوڑے۔ پھر میرے آنے پر ہدیہ جات جمع کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ 3جب مَیں آؤں گا تو ایسے افراد کو جو آپ کے نزدیک قابلِ اعتماد ہیں خطوط دے کر یروشلم بھیجوں گا تاکہ وہ آپ کا ہدیہ وہاں تک پہنچا دیں۔ 4اگر مناسب ہو کہ مَیں بھی جاؤں تو وہ میرے ساتھ جائیں گے۔
5مَیں مکدُنیہ سے ہو کر آپ کے پاس آؤں گا کیونکہ مکدُنیہ میں سے سفر کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ 6شاید آپ کے پاس تھوڑے عرصے کے لئے ٹھہروں، لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ سردیوں کا موسم آپ ہی کے ساتھ کاٹوں تاکہ میرے بعد کے سفر کے لئے آپ میری مدد کر سکیں۔ 7مَیں نہیں چاہتا کہ اِس دفعہ مختصر ملاقات کے بعد چلتا بنوں، بلکہ میری خواہش ہے کہ کچھ وقت آپ کے ساتھ گزاروں۔ شرط یہ ہے کہ خداوند مجھے اجازت دے۔
8لیکن عیدِ پنتکُست تک مَیں اِفسس میں ہی ٹھہروں گا، 9کیونکہ یہاں میرے سامنے موثر کام کے لئے ایک بڑا دروازہ کھل گیا ہے اور ساتھ ہی بہت سے مخالف بھی پیدا ہو گئے ہیں۔
10اگر تیمُتھیُس آئے تو اِس کا خیال رکھیں کہ وہ بلاخوف آپ کے پاس رہ سکے۔ میری طرح وہ بھی خداوند کے کھیت میں فصل کاٹ رہا ہے۔ 11اِس لئے کوئی اُسے حقیر نہ جانے۔ اُسے سلامتی سے سفر پر روانہ کریں تاکہ وہ مجھ تک پہنچے، کیونکہ مَیں اور دیگر بھائی اُس کے منتظر ہیں۔
12بھائی اپلّوس کی مَیں نے بڑی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ دیگر بھائیوں کے ساتھ آپ کے پاس آئے، لیکن اللہ کو قطعاً منظور نہ تھا۔ تاہم موقع ملنے پر وہ ضرور آئے گا۔
نصیحتیں اور سلام
13جاگتے رہیں، ایمان میں ثابت قدم رہیں، مردانگی دکھائیں، مضبوط بنے رہیں۔ 14سب کچھ محبت سے کریں۔
15بھائیو، مَیں ایک بات میں آپ کو نصیحت کرنا چاہتا ہوں۔ آپ جانتے ہیں کہ ستفناس کا گھرانا اخیہ کا پہلا پھل ہے اور کہ اُنہوں نے اپنے آپ کو مُقدّسین کی خدمت کے لئے وقف کر رکھا ہے۔ 16آپ ایسے لوگوں کے تابع رہیں اور ساتھ ہی ہر اُس شخص کے جو اُن کے ساتھ خدمت کے کام میں جاں فشانی کرتا ہے۔
17ستفناس، فرتُوناتُس اور اخیکُس کے پہنچنے پر مَیں بہت خوش ہوا، کیونکہ اُنہوں نے وہ کمی پوری کر دی جو آپ کی غیرحاضری سے پیدا ہوئی تھی۔ 18اُنہوں نے میری روح کو اور ساتھ ہی آپ کی روح کو بھی تازہ کیا ہے۔ ایسے لوگوں کی قدر کریں۔
19آسیہ کی جماعتیں آپ کو سلام کہتی ہیں۔ اکوِلہ اور پرسکلہ آپ کو خداوند میں پُرجوش سلام کہتے ہیں اور اُن کے ساتھ وہ جماعت بھی جو اُن کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ 20تمام بھائی آپ کو سلام کہتے ہیں۔ ایک دوسرے کو مُقدّس بوسہ دیتے ہوئے سلام کہیں۔
21یہ سلام مَیں یعنی پولس اپنے ہاتھ سے لکھتا ہوں۔
22لعنت اُس شخص پر جو خداوند سے محبت نہیں رکھتا۔
اے ہمارے خداوند، آ! 23خداوند عیسیٰ کا فضل آپ کے ساتھ رہے۔
24مسیح عیسیٰ میں آپ سب کو میرا پیار۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in