یہوداہ 1
1
1یہ خط عیسیٰ مسیح کے خادم اور یعقوب کے بھائی یہوداہ کی طرف سے ہے۔
مَیں اُنہیں لکھ رہا ہوں جنہیں بُلایا گیا ہے، جو خدا باپ میں پیارے ہیں اور عیسیٰ مسیح کے لئے محفوظ رکھے گئے ہیں۔
2اللہ آپ کو رحم، سلامتی اور محبت کثرت سے عطا کرے۔
جھوٹے اُستاد
3عزیزو، گو مَیں آپ کو اُس نجات کے بارے میں لکھنے کا بڑا شوق رکھتا ہوں جس میں ہم سب شریک ہیں، لیکن اب مَیں آپ کو ایک اَور بات کے بارے میں لکھنا چاہتا ہوں۔ مَیں اِس میں آپ کو نصیحت کرنے کی ضرورت محسوس کرتا ہوں کہ آپ اُس ایمان کی خاطر جد و جہد کریں جو ایک ہی بار سدا کے لئے مُقدّسین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ 4کیونکہ کچھ لوگ آپ کے درمیان گھس آئے ہیں جنہیں بہت عرصہ پہلے مجرم ٹھہرایا جا چکا ہے۔ اُن کے بارے میں یہ لکھا گیا ہے کہ وہ بےدین ہیں جو ہمارے خدا کے فضل کو توڑ مروڑ کر عیاشی کا باعث بنا دیتے ہیں اور ہمارے واحد آقا اور خداوند عیسیٰ مسیح کا انکار کرتے ہیں۔
5گو آپ یہ سب کچھ جانتے ہیں، پھر بھی مَیں آپ کو اِس کی یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اگرچہ خداوند نے اپنی قوم کو مصر سے نکال کر بچا لیا تھا توبھی اُس نے بعد میں اُنہیں ہلاک کر دیا جو ایمان نہیں رکھتے تھے۔ 6اُن فرشتوں کو یاد کریں جو اُس دائرۂ اختیار کے اندر نہ رہے جو اللہ نے اُن کے لئے مقرر کیا تھا بلکہ جنہوں نے اپنی رہائش گاہ کو ترک کر دیا۔ اُنہیں اُس نے تاریکی میں محفوظ رکھا ہے جہاں وہ ابدی زنجیروں میں جکڑے ہوئے روزِ عظیم کی عدالت کا انتظار کر رہے ہیں۔ 7سدوم، عمورہ اور اُن کے ارد گرد کے شہروں کو بھی مت بھولنا، جن کے باشندے اِن فرشتوں کی طرح زناکاری اور غیرفطری صحبت کے پیچھے پڑے رہے۔ یہ لوگ ابدی آگ کی سزا بھگتتے ہوئے سب کے لئے ایک عبرت ناک مثال ہیں۔
8توبھی اِن لوگوں نے اُن کا سا رویہ اپنا لیا ہے۔ اپنے خوابوں کی بنا پر وہ اپنے بدنوں کو آلودہ کر لیتے، خداوند کا اختیار رد کرتے اور جلالی ہستیوں پر کفر بکتے ہیں۔ 9اِن کے مقابلے میں سردار فرشتے میکائیل کے رویے پر غور کریں۔ جب وہ ابلیس سے جھگڑتے وقت موسیٰ کی لاش کے بارے میں بحث مباحثہ کر رہا تھا تو اُس نے ابلیس پر کفر بکنے کا فیصلہ کرنے کی جرأت نہ کی بلکہ صرف اِتنا ہی کہا، ”رب آپ کو ڈانٹے!“ 10لیکن یہ لوگ ہر ایسی بات کے بارے میں کفر بکتے ہیں جو اُن کی سمجھ میں نہیں آتی۔ اور جو کچھ وہ فطری طور پر بےسمجھ جانوروں کی طرح سمجھتے ہیں وہی اُنہیں تباہ کر دیتا ہے۔ 11اُن پر افسوس! اُنہوں نے قابیل کی راہ اختیار کی ہے۔ پیسوں کے لالچ میں اُنہوں نے اپنے آپ کو پورے طور پر اُس غلطی کے حوالے کر دیا ہے جو بلعام نے کی۔ وہ قورح کی طرح باغی ہو کر ہلاک ہوئے ہیں۔ 12جب یہ لوگ خداوند کی محبت کو یاد کرنے والے رفاقتی کھانوں میں شریک ہوتے ہیں تو رفاقت کے لئے دھبے بن جاتے ہیں۔ یہ ڈرے بغیر کھانا کھا کھا کر اُس سے محظوظ ہوتے ہیں۔ یہ ایسے چرواہے ہیں جو صرف اپنی گلہ بانی کرتے ہیں۔ یہ ایسے بادل ہیں جو ہَواؤں کے زور سے چلتے تو ہیں لیکن برستے نہیں۔ یہ سردیوں کے موسم میں ایسے درختوں کی مانند ہیں جو دو لحاظ سے مُردہ ہیں۔ وہ پھل نہیں لاتے اور جڑ سے اُکھڑے ہوئے ہیں۔ 13یہ سمندر کی بےقابو لہروں کی مانند ہیں جو اپنی شرم ناک حرکتوں کی جھاگ اُچھالتی ہیں۔ یہ آوارہ ستارے ہیں جن کے لئے اللہ نے سب سے گہری تاریکی میں ایک دائمی جگہ مخصوص کی ہے۔
14آدم کے بعد ساتویں آدمی حنوک نے اِن لوگوں کے بارے میں یہ پیش گوئی کی، ”دیکھو، خداوند اپنے بےشمار مُقدّس فرشتوں کے ساتھ 15سب کی عدالت کرنے آئے گا۔ وہ اُنہیں اُن تمام بےدین حرکتوں کے سبب سے مجرم ٹھہرائے گا جو اُن سے سرزد ہوئی ہیں اور اُن تمام سخت باتوں کی وجہ سے جو بےدین گناہ گاروں نے اُس کے خلاف کی ہیں۔“
16یہ لوگ بڑبڑاتے اور شکایت کرتے رہتے ہیں۔ یہ صرف اپنی ذاتی خواہشات پوری کرنے کے لئے زندگی گزارتے ہیں۔ یہ اپنے بارے میں شیخی مارتے اور اپنے فائدے کے لئے دوسروں کی خوشامد کرتے ہیں۔
آگاہی اور ہدایات
17لیکن آپ میرے عزیزو، وہ کچھ یاد رکھیں جس کی پیش گوئی ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے رسولوں نے کی تھی۔ 18اُنہوں نے آپ سے کہا تھا، ”آخری دنوں میں مذاق اُڑانے والے ہوں گے جو اپنی بےدین خواہشات پوری کرنے کے لئے ہی زندگی گزاریں گے۔“ 19یہ وہ ہیں جو پارٹی بازی کرتے، جو دنیاوی سوچ رکھتے ہیں اور جن کے پاس روح القدس نہیں ہے۔ 20لیکن آپ میرے عزیزو، اپنے آپ کو اپنے مُقدّس ترین ایمان کی بنیاد پر تعمیر کریں اور روح القدس میں دعا کریں۔ 21اپنے آپ کو اللہ کی محبت میں قائم رکھیں اور اِس انتظار میں رہیں کہ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا رحم آپ کو ابدی زندگی تک پہنچائے۔
22اُن پر رحم کریں جو شک میں پڑے ہیں۔ 23بعض کو آگ میں سے چھین کر بچائیں اور بعض پر رحم کریں، لیکن خوف کے ساتھ۔ بلکہ اُس شخص کے لباس سے بھی نفرت کریں جو اپنی حرکتوں سے گناہ سے آلودہ ہو گیا ہے۔
ستائش کی دعا
24اُس کی تمجید ہو جو آپ کو ٹھوکر کھانے سے محفوظ رکھ سکتا ہے اور آپ کو اپنے جلال کے سامنے بےداغ اور بڑی خوشی سے معمور کر کے کھڑا کر سکتا ہے۔ 25اُس واحد خدا یعنی ہمارے نجات دہندہ کا جلال ہو۔ ہاں، ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے اُسے جلال، عظمت، قدرت اور اختیار ازل سے اب بھی ہو اور ابد تک رہے۔ آمین۔
Currently Selected:
یہوداہ 1: URDGVU
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND