احبار 4
4
گناہ کی قربانی
1رب نے موسیٰ سے کہا، 2”اسرائیلیوں کو بتانا کہ جو بھی غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم کو توڑے وہ یہ کرے:
امام کے لئے گناہ کی قربانی
3اگر امامِ اعظم گناہ کرے اور نتیجے میں پوری قوم قصوروار ٹھہرے تو پھر وہ رب کو ایک بےعیب جوان بَیل لے کر گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ 4وہ جوان بَیل کو ملاقات کے خیمے کے دروازے کے پاس لے آئے اور اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھ کر اُسے رب کے سامنے ذبح کرے۔ 5پھر وہ جانور کے خون میں سے کچھ لے کر خیمے میں جائے۔ 6وہاں وہ اپنی اُنگلی اُس میں ڈال کر اُسے سات بار رب کے سامنے یعنی مُقدّس ترین کمرے کے پردے پر چھڑکے۔ 7پھر وہ خیمے کے اندر کی اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر خون لگائے جس پر بخور جلایا جاتا ہے۔ باقی خون وہ باہر خیمے کے دروازے پر کی اُس قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ 8جوان بَیل کی ساری چربی، انتڑیوں پر کی ساری چربی، 9گُردے اُس چربی سمیت جو اُن پر اور کمر کے قریب ہوتی ہے اور جوڑ کلیجی کو گُردوں کے ساتھ ہی الگ کرنا ہے۔ 10یہ بالکل اُسی طرح کیا جائے جس طرح اُس بَیل کے ساتھ کیا گیا جو سلامتی کی قربانی کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔ امام یہ سب کچھ اُس قربان گاہ پر جلا دے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ 11لیکن وہ اُس کی کھال، اُس کا سارا گوشت، سر اور پنڈلیاں، انتڑیاں اور اُن کا گوبر 12خیمہ گاہ کے باہر لے جائے۔ یہ چیزیں اُس پاک جگہ پر جہاں قربانیوں کی راکھ پھینکی جاتی ہے لکڑیوں پر رکھ کر جلا دینی ہیں۔
قوم کے لئے گناہ کی قربانی
13اگر اسرائیل کی پوری جماعت نے غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم سے تجاوز کیا ہے اور جماعت کو معلوم نہیں تھا توبھی وہ قصوروار ہے۔ 14جب لوگوں کو پتا لگے کہ ہم نے گناہ کیا ہے تو جماعت ملاقات کے خیمے کے پاس ایک جوان بَیل لے آئے اور اُسے گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ 15جماعت کے بزرگ رب کے سامنے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھیں، اور وہ وہیں ذبح کیا جائے۔ 16پھر امامِ اعظم جانور کے خون میں سے کچھ لے کر ملاقات کے خیمے میں جائے۔ 17وہاں وہ اپنی اُنگلی اُس میں ڈال کر اُسے سات بار رب کے سامنے یعنی مُقدّس ترین کمرے کے پردے پر چھڑکے۔ 18پھر وہ خیمے کے اندر کی اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر خون لگائے جس پر بخور جلایا جاتا ہے۔ باقی خون وہ باہر خیمے کے دروازے کی اُس قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ 19اِس کے بعد وہ اُس کی تمام چربی نکال کر قربان گاہ پر جلا دے۔ 20اُس بَیل کے ساتھ وہ سب کچھ کرے جو اُسے اپنے ذاتی غیرارادی گناہ کے لئے کرنا ہوتا ہے۔ یوں وہ لوگوں کا کفارہ دے گا اور اُنہیں معافی مل جائے گی۔ 21آخر میں وہ بَیل کو خیمہ گاہ کے باہر لے جا کر اُس طرح جلا دے جس طرح اُسے اپنے لئے بَیل کو جلا دینا ہوتا ہے۔ یہ جماعت کا گناہ دُور کرنے کی قربانی ہے۔
قوم کے راہنما کے لئے گناہ کی قربانی
22اگر کوئی سردار غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم سے تجاوز کرے اور یوں قصوروار ٹھہرے تو 23جب بھی اُسے پتا لگے کہ مجھ سے گناہ ہوا ہے تو وہ قربانی کے لئے ایک بےعیب بکرا لے آئے۔ 24وہ اپنا ہاتھ بکرے کے سر پر رکھ کر اُسے وہاں ذبح کرے جہاں بھسم ہونے والی قربانیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ یہ گناہ کی قربانی ہے۔ 25امام اپنی اُنگلی خون میں ڈال کر اُسے اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ باقی خون وہ قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے۔ 26پھر وہ اُس کی ساری چربی قربان گاہ پر اُس طرح جلا دے جس طرح وہ سلامتی کی قربانیوں کی چربی جلا دیتا ہے۔ یوں امام اُس آدمی کا کفارہ دے گا اور اُسے معافی حاصل ہو جائے گی۔
عام لوگوں کے لئے گناہ کی قربانی
27اگر کوئی عام شخص غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم سے تجاوز کرے اور یوں قصوروار ٹھہرے تو 28جب بھی اُسے پتا لگے کہ مجھ سے گناہ ہوا ہے تو وہ قربانی کے لئے ایک بےعیب بکری لے آئے۔ 29وہ اپنا ہاتھ بکری کے سر پر رکھ کر اُسے وہاں ذبح کرے جہاں بھسم ہونے والی قربانیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ 30امام اپنی اُنگلی خون میں ڈال کر اُسے اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ باقی خون وہ قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے۔ 31پھر وہ اُس کی ساری چربی اُس طرح نکالے جس طرح وہ سلامتی کی قربانیوں کی چربی نکالتا ہے۔ اِس کے بعد وہ اُسے قربان گاہ پر جلا دے۔ ایسی قربانی کی خوشبو رب کو پسند ہے۔ یوں امام اُس آدمی کا کفارہ دے گا اور اُسے معافی حاصل ہو جائے گی۔
32اگر وہ گناہ کی قربانی کے لئے بھیڑ کا بچہ لانا چاہے تو وہ بےعیب مادہ ہو۔ 33وہ اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھ کر اُسے وہاں ذبح کرے جہاں بھسم ہونے والی قربانیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ 34امام اپنی اُنگلی خون میں ڈال کر اُسے اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ باقی خون وہ قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے۔ 35پھر وہ اُس کی تمام چربی اُس طرح نکالے جس طرح سلامتی کی قربانی کے لئے ذبح کئے گئے جوان مینڈھے کی چربی نکالی جاتی ہے۔ اِس کے بعد امام چربی کو قربان گاہ پر اُن قربانیوں سمیت جلا دے جو رب کے لئے جلائی جاتی ہیں۔ یوں امام اُس آدمی کا کفارہ دے گا اور اُسے معافی مل جائے گی۔
Currently Selected:
احبار 4: URDGVU
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND