ملاکی 3
3
1رب الافواج جواب میں فرماتا ہے، ”دیکھ، مَیں اپنے پیغمبر کو بھیج دیتا ہوں جو میرے آگے آگے چل کر میرا راستہ تیار کرے گا۔ تب جس رب کو تم تلاش کر رہے ہو وہ اچانک اپنے گھر میں آ موجود ہو گا۔ ہاں، عہد کا پیغمبر جس کی تم شدت سے آرزو کرتے ہو وہ آنے والا ہے!“
2لیکن جب وہ آئے تو کون یہ برداشت کر سکے گا؟ کون قائم رہ سکے گا جب وہ ہم پر ظاہر ہو جائے گا؟ وہ تو دھات ڈھالنے والے کی آگ یا دھوبی کے تیز صابن کی مانند ہو گا۔ 3وہ بیٹھ کر چاندی کو پگھلا کر پاک صاف کرے گا۔ جس طرح سونے چاندی کو پگھلا کر پاک صاف کیا جاتا ہے اُسی طرح وہ لاوی کے قبیلے کو پاک صاف کرے گا۔ تب وہ رب کو راست قربانیاں پیش کریں گے۔ 4پھر یہوداہ اور یروشلم کی قربانیاں قدیم زمانے کی طرح دوبارہ رب کو قبول ہوں گی۔
5رب الافواج فرماتا ہے، ”مَیں تمہاری عدالت کرنے کے لئے تمہارے پاس آؤں گا۔ جلد ہی مَیں اُن کے خلاف گواہی دوں گا جو میرا خوف نہیں مانتے، جو جادوگر اور زناکار ہیں، جو جھوٹی قَسم کھاتے، مزدوروں کا حق مارتے، بیواؤں اور یتیموں پر ظلم کرتے اور اجنبیوں کا حق مارتے ہیں۔
تم اللہ کو دھوکا دیتے ہو
6مَیں، رب تبدیل نہیں ہوتا، لیکن تم اب تک یعقوب کی اولاد رہے ہو۔ 7اپنے باپ دادا کے زمانے سے لے کر آج تک تم نے میرے احکام سے دُور رہ کر اُن پر دھیان نہیں دیا۔ رب الافواج فرماتا ہے کہ میرے پاس واپس آؤ! تب مَیں بھی تمہارے پاس واپس آؤں گا۔
لیکن تم اعتراض کرتے ہو، ’ہم کیوں واپس آئیں، ہم سے کیا سرزد ہوا ہے؟‘ 8کیا مناسب ہے کہ انسان اللہ کو ٹھگے؟ ہرگز نہیں! لیکن تم لوگ یہی کچھ کر رہے ہو۔ تم پوچھتے ہو، ’ہم کس طرح تجھے ٹھگتے ہیں؟‘ اِس میں کہ تم مجھے اپنی پیداوار کا دسواں حصہ نہیں دیتے۔ نیز، تم اماموں کو قربانیوں کا وہ حصہ نہیں دیتے جو اُن کا حق بنتا ہے۔ 9پوری قوم مجھے ٹھگتی رہتی ہے، اِس لئے مَیں نے تم پر لعنت بھیجی ہے۔“
10رب الافواج فرماتا ہے، ”میرے گھر کے گودام میں اپنی پیداوار کا پورا دسواں حصہ جمع کرو تاکہ اُس میں خوراک دست یاب ہو۔ مجھے اِس میں آزما کر دیکھو کہ مَیں اپنے وعدے کو پورا کرتا ہوں کہ نہیں۔ کیونکہ مَیں تم سے وعدہ کرتا ہوں کہ جواب میں مَیں آسمان کے دریچے کھول کر تم پر حد سے زیادہ برکت برسا دوں گا۔“ 11رب الافواج فرماتا ہے، ”مَیں کیڑوں کو تمہاری فصلوں سے دُور رکھوں گا تاکہ تمہارے کھیتوں کی پیداوار اور تمہارے انگور خراب نہ ہو جائیں بلکہ پک جائیں۔ 12تب تمہارا ملک اِتنا راحت بخش ہو گا کہ تمام اقوام تمہیں مبارک کہیں گی۔“ یہ رب الافواج کا فرمان ہے۔
جس دن اللہ فیصلہ کرے گا
13رب فرماتا ہے، ”تم میرے بارے میں کفر بکتے ہو۔ تم کہتے ہو، ’ہم کیونکر کفر بکتے ہیں؟‘ 14اِس میں کہ تم کہتے ہو، ’اللہ کی خدمت کرنا عبث ہے۔ کیونکہ رب الافواج کی ہدایات پر دھیان دینے اور منہ لٹکا کر اُس کے حضور پھرنے سے ہمیں کیا فائدہ ہوا ہے؟ 15چنانچہ گستاخ لوگوں کو مبارک ہو، کیونکہ بےدین پھلتے پھولتے اور اللہ کو آزمانے والے ہی بچے رہتے ہیں‘۔“
16لیکن پھر رب کا خوف ماننے والے آپس میں بات کرنے لگے، اور رب نے غور سے اُن کی سنی۔ اُس کے حضور یادگاری کی کتاب لکھی گئی جس میں اُن کے نام درج ہیں جو رب کا خوف مانتے اور اُس کے نام کا احترام کرتے ہیں۔ 17رب الافواج فرماتا ہے، ”جس دن مَیں حرکت میں آؤں گا اُس دن وہ میری خاص ملکیت ہوں گے۔ مَیں اُن پر یوں رحم کروں گا، جس طرح باپ اپنے اُس بیٹے پر ترس کھاتا ہے جو اُس کی خدمت کرتا ہے۔ 18اُس وقت تمہیں راست باز اور بےدین کا فرق دوبارہ نظر آئے گا۔ صاف ظاہر ہو جائے گا کہ اللہ کی خدمت کرنے والوں اور دوسروں میں کیا فرق ہے۔“
Currently Selected:
ملاکی 3: URDGVU
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND