YouVersion Logo
Search Icon

امثال 13

13
1دانش مند بیٹا اپنے باپ کی تربیت قبول کرتا ہے، لیکن طعنہ زن پروا ہی نہیں کرتا اگر کوئی اُسے ڈانٹے۔
2انسان اپنے منہ کے اچھے پھل سے خوب سیر ہو جاتا ہے، لیکن بےوفا کے دل میں ظلم کا لالچ رہتا ہے۔
3جو اپنی زبان قابو میں رکھے وہ اپنی زندگی محفوظ رکھتا ہے، جو اپنی زبان کو بےلگام چھوڑ دے وہ تباہ ہو جائے گا۔
4کاہل آدمی لالچ کرتا ہے، لیکن اُسے کچھ نہیں ملتا جبکہ محنتی شخص کی آرزو پوری ہو جاتی ہے۔
5راست باز جھوٹ سے نفرت کرتا ہے، لیکن بےدین شرم اور رُسوائی کا باعث ہے۔
6راستی بےالزام کی حفاظت کرتی جبکہ بےدینی گناہ گار کو تباہ کر دیتی ہے۔
7کچھ لوگ امیر کا روپ بھر کر پھرتے ہیں گو غریب ہیں۔ دوسرے غریب کا روپ بھر کر پھرتے ہیں گو امیر ترین ہیں۔
8کبھی امیر کو اپنی جان چھڑانے کے لئے ایسا تاوان دینا پڑتا ہے کہ تمام دولت جاتی رہتی ہے، لیکن غریب کی جان اِس قسم کی دھمکی سے بچی رہتی ہے۔
9راست باز کی روشنی چمکتی رہتی#13‏:9 چمکتی رہتی: لفظی ترجمہ: خوشی مناتی۔ جبکہ بےدین کا چراغ بجھ جاتا ہے۔
10مغروروں میں ہمیشہ جھگڑا ہوتا ہے جبکہ دانش مند صلاح مشورے کے مطابق ہی چلتے ہیں۔
11جلدبازی سے حاصل شدہ دولت جلد ہی ختم ہو جاتی ہے جبکہ جو رفتہ رفتہ اپنا مال جمع کرے وہ اُسے بڑھاتا رہے گا۔
12جو اُمید وقت پر پوری نہ ہو جائے وہ دل کو بیمار کر دیتی ہے، لیکن جو آرزو پوری ہو جائے وہ زندگی کا درخت ہے۔
13جو اچھی ہدایت کو حقیر جانے اُسے نقصان پہنچے گا، لیکن جو حکم مانے اُسے اجر ملے گا۔
14دانش مند کی ہدایت زندگی کا سرچشمہ ہے جو انسان کو مہلک پھندوں سے بچائے رکھتی ہے۔
15اچھی سمجھ منظوری عطا کرتی ہے، لیکن بےوفا کی راہ ابدی تباہی کا باعث ہے۔
16ذہین ہر کام سوچ سمجھ کر کرتا، لیکن احمق تمام نظروں کے سامنے ہی اپنی حماقت کی نمائش کرتا ہے۔
17بےدین قاصد مصیبت میں پھنس جاتا جبکہ وفادار قاصد شفا کا باعث ہے۔
18جو تربیت کی پروا نہ کرے اُسے غربت اور شرمندگی حاصل ہو گی، لیکن جو دوسرے کی نصیحت مان جائے اُس کا احترام کیا جائے گا۔
19جو آرزو پوری ہو جائے وہ دل کو تر و تازہ کرتی ہے، لیکن احمق بُرائی سے دریغ کرنے سے گھن کھاتا ہے۔
20جو دانش مندوں کے ساتھ چلے وہ خود دانش مند ہو جائے گا، لیکن جو احمقوں کے ساتھ چلے اُسے نقصان پہنچے گا۔
21مصیبت گناہ گار کا پیچھا کرتی ہے جبکہ راست بازوں کا اجر خوش حالی ہے۔
22نیک آدمی کے بیٹے اور پوتے اُس کی میراث پائیں گے، لیکن گناہ گار کی دولت راست باز کے لئے محفوظ رکھی جائے گی۔
23غریب کا کھیت کثرت کی فصلیں مہیا کر سکتا ہے، لیکن جہاں انصاف نہیں وہاں سب کچھ چھین لیا جاتا ہے۔
24جو اپنے بیٹے کو تنبیہ نہیں کرتا وہ اُس سے نفرت کرتا ہے۔ جو اُس سے محبت رکھے وہ وقت پر اُس کی تربیت کرتا ہے۔
25راست باز جی بھر کر کھانا کھاتا ہے، لیکن بےدین کا پیٹ خالی رہتا ہے۔

Currently Selected:

امثال 13: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in