YouVersion Logo
Search Icon

رومیوں 16

16
سلام و دعا
1ہماری بہن فیبے آپ کے پاس آ رہی ہے۔ وہ کنخریہ شہر کی جماعت میں خادمہ ہے۔ مَیں اُس کی سفارش کرتا ہوں 2بلکہ خداوند میں عرض ہے کہ آپ اُس کا ویسے ہی استقبال کریں جیسے کہ مُقدّسین کو کرنا چاہئے۔ جس معاملے میں بھی اُسے آپ کی مدد کی ضرورت ہو اُس میں اُس کا ساتھ دیں، کیونکہ اُس نے بہت لوگوں کی بلکہ میری بھی مدد کی ہے۔
3پرسکلہ اور اکوِلہ کو میرا سلام دینا جو مسیح عیسیٰ میں میرے ہم خدمت رہے ہیں۔ 4اُنہوں نے میرے لئے اپنی جان پر کھیلا۔ نہ صرف مَیں بلکہ غیریہودیوں کی جماعتیں اُن کی احسان مند ہیں۔ 5اُن کے گھر میں جمع ہونے والی جماعت کو بھی میرا سلام دینا۔
میرے عزیز دوست اپنیتس کو میرا سلام دینا۔ وہ صوبہ آسیہ میں مسیح کا پہلا پیروکار یعنی اُس علاقے کی فصل کا پہلا پھل تھا۔ 6مریم کو میرا سلام جس نے آپ کے لئے بڑی محنت مشقت کی ہے۔ 7اندرنیکس اور یونیہ کو میرا سلام۔ وہ میرے ہم وطن ہیں اور جیل میں میرے ساتھ وقت گزارا ہے۔ رسولوں میں وہ نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، اور وہ مجھ سے پہلے مسیح کے پیچھے ہو لئے تھے۔
8امپلیاطس کو سلام۔ وہ خداوند میں مجھے عزیز ہے۔ 9مسیح میں ہمارے ہم خدمت اُربانس کو سلام اور اِسی طرح میرے عزیز دوست استخُس کو بھی۔ 10اپیلس کو سلام جس کی مسیح کے ساتھ وفاداری کو آزمایا گیا ہے۔ ارستبولس کے گھر والوں کو سلام۔ 11میرے ہم وطن ہیرودیون کو سلام اور اِسی طرح نرکسس کے اُن گھر والوں کو بھی جو مسیح کے پیچھے ہو لئے ہیں۔
12تروفینہ اور تروفوسہ کو سلام جو خداوند کی خدمت میں محنت مشقت کرتی ہیں۔ میری عزیز بہن پرسس کو سلام جس نے خداوند کی خدمت میں بڑی محنت مشقت کی ہے۔ 13ہمارے خداوند کے چنے ہوئے بھائی روفس کو سلام اور اِسی طرح اُس کی ماں کو بھی جو میری ماں بھی ہے۔ 14اسنکرتس، فلگون، ہرمیس، پتروباس، ہرماس اور اُن کے ساتھی بھائیوں کو میرا سلام دینا۔ 15فللگس اور یولیہ، نیریوس اور اُس کی بہن، المپاس اور اُن کے ساتھ تمام مُقدّسین کو سلام۔
16ایک دوسرے کو مُقدّس بوسہ دے کر سلام کریں۔ مسیح کی تمام جماعتوں کی طرف سے آپ کو سلام۔
آخری ہدایات
17بھائیو، مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ اُن سے خبردار رہیں جو پارٹی بازی اور ٹھوکر کا باعث بنتے ہیں۔ یہ اُس تعلیم کے خلاف ہے جو آپ کو دی گئی ہے۔ اُن سے کنارہ کریں 18کیونکہ ایسے لوگ ہمارے خداوند مسیح کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ اپنے پیٹ کی۔ وہ اپنی میٹھی اور چِکنی چپڑی باتوں سے سادہ لوح لوگوں کے دلوں کو دھوکا دیتے ہیں۔ 19آپ کی فرماں برداری کی خبر سب تک پہنچ گئی ہے۔ یہ دیکھ کر مَیں آپ کے بارے میں خوش ہوں۔ لیکن مَیں چاہتا ہوں کہ آپ اچھا کام کرنے کے لحاظ سے دانش مند اور بُرا کام کرنے کے لحاظ سے بےقصور ہوں۔ 20سلامتی کا خدا جلد ہی ابلیس کو آپ کے پاؤں تلے کچلوا ڈالے گا۔
ہمارے خداوند عیسیٰ کا فضل آپ کے ساتھ ہو۔
21میرا ہم خدمت تیمُتھیُس آپ کو سلام دیتا ہے، اور اِسی طرح میرے ہم وطن لوکیُس، یاسون اور سوسپطرس۔
22مَیں، ترتیُس اِس خط کا کاتب ہوں۔ میری طرف سے بھی خداوند میں آپ کو سلام۔
23گیُس کی طرف سے آپ کو سلام۔ مَیں اور پوری جماعت اُس کے مہمان رہے ہیں۔ شہر کے خزانچی اراستس اور ہمارے بھائی کوارتُس بھی آپ کو سلام کہتے ہیں۔ 24[ہمارے خداوند عیسیٰ کا فضل آپ سب کے ساتھ ہوتا رہے۔]
آخری دعا
25اللہ کی تمجید ہو، جو آپ کو مضبوط کرنے پر قادر ہے، کیونکہ عیسیٰ مسیح کے بارے میں اُس خوش خبری سے جو مَیں سناتا ہوں اور اُس بھید کے انکشاف سے جو ازل سے پوشیدہ رہا وہ آپ کو قائم رکھ سکتا ہے۔ 26اب اِس بھید کی حقیقت نبیوں کے صحیفوں سے ظاہر کی گئی ہے اور ابدی خدا کے حکم پر تمام قوموں کو معلوم ہو گئی ہے تاکہ سب ایمان لا کر اللہ کے تابع ہو جائیں۔
27اللہ کی تمجید ہو جو واحد دانش مند ہے۔ اُسی کا عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے ابد تک جلال ہوتا رہے! آمین۔

Currently Selected:

رومیوں 16: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in