YouVersion Logo
Search Icon

یُوحنّا 20

20
خالی قبر
(متّی ۲۸‏:۱‏-۸؛ مرقس ۱۶‏:۱‏-۸؛ لُوقا ۲۴‏:۱‏-۱۲)
1ہفتہ کے پہلے دِن مریمؔ مگدلِینی اَیسے تڑکے کہ ابھی اندھیرا ہی تھا قبر پر آئی اور پتّھر کو قبر سے ہٹا ہُؤا دیکھا۔ 2پس وہ شمعُوؔن پطرس اور اُس دُوسرے شاگِرد کے پاس جِسے یِسُوعؔ عزِیز رکھتا تھا دَوڑی ہُوئی گئی اور اُن سے کہا کہ خُداوند کو قبر سے نِکال لے گئے اور ہمیں معلُوم نہیں کہ اُسے کہاں رکھ دِیا۔
3پس پطرؔس اور وہ دُوسرا شاگِرد نِکل کر قبر کی طرف چلے۔ 4اور دونوں ساتھ ساتھ دَوڑے مگر وہ دُوسرا شاگِرد پطرؔس سے آگے بڑھ کر قبر پر پہلے پُہنچا۔ 5اُس نے جُھک کر نظر کی اور سُوتی کپڑے پڑے ہُوئے دیکھے مگر اندر نہ گیا 6شمعُوؔن پطرس اُس کے پِیچھے پِیچھے پُہنچا اور اُس نے قبر کے اندر جا کر دیکھا کہ سُوتی کپڑے پڑے ہیں۔ 7اور وہ رُومال جو اُس کے سر سے بندھا ہُؤا تھا سُوتی کپڑوں کے ساتھ نہیں بلکہ لِپٹا ہُؤا ایک جگہ اَلگ پڑا ہے۔ 8اِس پر دُوسرا شاگِرد بھی جو پہلے قبر پر آیا تھا اندر گیا اور اُس نے دیکھ کر یقِین کِیا۔ 9کیونکہ وہ اب تک اُس نوِشتہ کو نہ جانتے تھے جِس کے مُطابِق اُس کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا ضرُور تھا۔ 10پس یہ شاگِرد اپنے گھر کو واپس گئے۔
یِسُوع مریمؔ مگدلینی پر ظاہر ہوتا ہے
(متّی ۲۸‏:۹‏-۱۰؛ مرقس ۱۶‏:۹‏-۱۱)
11لیکن مریمؔ باہر قبر کے پاس کھڑی روتی رہی اور جب روتے روتے قبر کی طرف جُھک کر اندر نظر کی۔ 12تو دو فرِشتوں کو سفید پوشاک پہنے ہُوئے ایک کو سرہانے اور دُوسرے کو پَینتانے بَیٹھے دیکھا جہاں یِسُوعؔ کی لاش پڑی تھی۔ 13اُنہوں نے اُس سے کہا اَے عَورت تُو کیوں روتی ہے؟
اُس نے اُن سے کہا اِس لِئے کہ میرے خُداوند کو اُٹھا لے گئے ہیں اور معلُوم نہیں کہ اُسے کہاں رکھّا ہے۔
14یہ کہہ کر وہ پِیچھے پِھری اور یِسُوعؔ کو کھڑے دیکھا اور نہ پہچانا کہ یہ یِسُوعؔ ہے۔ 15یِسُوعؔ نے اُس سے کہا اَے عَورت تُو کیوں روتی ہے؟ کِس کو ڈُھونڈتی ہے؟
اُس نے باغبان سمجھ کر اُس سے کہا مِیاں اگر تُو نے اُس کو یہاں سے اُٹھایا ہو تو مُجھے بتا دے کہ اُسے کہاں رکھّا ہے تاکہ مَیں اُسے لے جاؤں۔
16یِسُوعؔ نے اُس سے کہا مریمؔ!
اُس نے مُڑ کر اُس سے عِبراؔنی زُبان میں کہا ربُّونی! یعنی اَے اُستاد!
17یِسُوعؔ نے اُس سے کہا مُجھے نہ چُھو کیونکہ مَیں اب تک باپ کے پاس اُوپر نہیں گیا لیکن میرے بھائِیوں کے پاس جا کر اُن سے کہہ کہ مَیں اپنے باپ اور تُمہارے باپ اور اپنے خُدا اور تُمہارے خُدا کے پاس اُوپر جاتا ہُوں۔
18مریمؔ مگدلِینی نے آ کر شاگِردوں کو خبر دی کہ مَیں نے خُداوند کو دیکھا اور اُس نے مُجھ سے یہ باتیں کہِیں۔
یِسُوع اپنے شاگِردوں پر ظاہِر ہوتا ہے
(متّی ۲۸‏:۱۶‏-۲۰؛ مرقس ۱۶‏:۱۴‏-۱۸؛ لُوقا ۲۴‏:۳۶‏-۴۹)
19پِھر اُسی دِن جو ہفتہ کا پہلا دِن تھا شام کے وقت جب وہاں کے دروازے جہاں شاگِرد تھے یہُودِیوں کے ڈر سے بند تھے یِسُوعؔ آ کر بِیچ میں کھڑا ہُؤا اور اُن سے کہا تُمہاری سلامتی ہو! 20اور یہ کہہ کر اُس نے اپنے ہاتھوں اور پسلی کو اُنہیں دِکھایا۔ پس شاگِرد خُداوند کو دیکھ کر خُوش ہُوئے۔ 21یِسُوعؔ نے پِھر اُن سے کہا تُمہاری سلامتی ہو! جِس طرح باپ نے مُجھے بھیجا ہے اُسی طرح مَیں بھی تُمہیں بھیجتا ہُوں۔ 22اور یہ کہہ کر اُن پر پُھونکا اور اُن سے کہا رُوحُ القُدس لو۔ 23جِن کے گُناہ تُم بخشو اُن کے بخشے گئے ہیں۔ جِن کے گُناہ تُم قائِم رکھّو اُن کے قائِم رکھے گئے ہیں۔
یِسُوع اور توما
24مگر اُن بارہ میں سے ایک شخص یعنی توؔما جِسے تواَؔم کہتے ہیں یِسُوعؔ کے آنے کے وقت اُن کے ساتھ نہ تھا۔ 25پس باقی شاگِرد اُس سے کہنے لگے کہ ہم نے خُداوند کو دیکھا ہے
مگر اُس نے اُن سے کہا جب تک مَیں اُس کے ہاتھوں میں میخوں کے سُوراخ نہ دیکھ لُوں اور میخوں کے سُوراخوں میں اپنی اُنگلی نہ ڈال لُوں اور اپنا ہاتھ اُس کی پسلی میں نہ ڈال لُوں ہرگِز یقِین نہ کرُوں گا۔
26آٹھ روز کے بعد جب اُس کے شاگِرد پِھر اندر تھے اور توما اُن کے ساتھ تھا اور دروازے بند تھے یِسُوعؔ نے آ کر اور بِیچ میں کھڑا ہو کر کہا تُمہاری سلامتی ہو۔ 27پِھر اُس نے توؔما سے کہا اپنی اُنگلی پاس لا کر میرے ہاتھوں کو دیکھ اور اپنا ہاتھ پاس لا کر میری پسلی میں ڈال اور بے اِعتقاد نہ ہو بلکہ اِعتقاد رکھ۔
28توؔما نے جواب میں اُس سے کہا اَے میرے خُداوند! اَے میرے خُدا!
29یِسُوعؔ نے اُس سے کہا تُو تو مُجھے دیکھ کر اِیمان لایا ہے۔ مُبارک وہ ہیں جو بغَیر دیکھے اِیمان لائے۔
اِس کِتاب کا مقصد
30اور یِسُوعؔ نے اَور بُہت سے مُعجِزے شاگِردوں کے سامنے دِکھائے جو اِس کِتاب میں لِکھے نہیں گئے۔ 31لیکن یہ اِس لِئے لِکھے گئے کہ تُم اِیمان لاؤ کہ یِسُوعؔ ہی خُدا کا بیٹا مسِیح ہے اور اِیمان لا کر اُس کے نام سے زِندگی پاؤ۔

Currently Selected:

یُوحنّا 20: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in