احبار 8
8
ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کی مخصُوصِیت
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2ہارُونؔ اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو اور لِباس کو اور مَسح کرنے کے تیل کو اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے اور دونوں مینڈھوں اور بے خمِیری روٹیوں کی ٹوکری کو لے۔ 3اور ساری جماعت کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر۔
4چُنانچہ مُوسیٰؔ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اور ساری جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع ہُوئی۔ 5تب مُوسیٰؔ نے جماعت سے کہا یہ وہ کام ہے جِس کے کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے۔
6پِھر مُوسیٰؔ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو پانی سے غُسل دِلایا۔ 7اور اُس کو کُرتا پہنا کر اُس پر کمربند لپیٹا اور اُس کو جُبّہ پہنا کر اُس پر افُود لگایا اور افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے کمربند کو اُس پر لپیٹا اور اُسی سے اُس کو اُس کے اُوپر کَس دِیا۔ 8اور سِینہ بند کو اُس کے اُوپر لگا کر سِینہ بند میں اُورِیم اور تُمیّم لگا دِئے۔ 9اور اُس کے سر پر عمامہ رکھّا اور عمامہ پر سامنے سونے کے پتّر یعنی مُقدّس تاج کو لگایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
10اور مُوسیٰؔ نے مَسح کرنے کا تیل لِیا اور مسکن کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو مَسح کر کے مُقدّس کِیا۔ 11اور اُس میں سے تھوڑا سا لے کر مذبح پر سات بار چِھڑکا اور مذبح اور اُس کے سب ظُروف کو اور حَوض اور اُس کی کُرسی کو مَسح کِیا تاکہ اُنہیں مُقدّس کرے۔ 12اور مَسح کرنے کے تیل میں سے تھوڑا سا ہارُونؔ کے سر پر ڈالا اور اُسے مَسح کِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔ 13پِھر مُوسیٰؔ ہارُونؔ کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو کُرتے پہنائے اور اُن پر کمربند لپیٹے اور اُن کو پگڑیاں پہنائِیں جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
14اور وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو آگے لایا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کے سر پر رکھّے۔ 15پِھر اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰؔ نے خُون کو لے کر مذبح کے گِرداگِرد اُس کے سِینگوں پر اپنی اُنگلی سے لگایا اور مذبح کو پاک کِیا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل کر اُس کا کفّارہ دِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔ 16اور مُوسیٰؔ نے انتڑیوں کے اُوپر کی ساری چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردوں اور اُن کی چربی کو لِیا اور اُنہیں مذبح پر جلایا۔ 17لیکن بچھڑے کو اُس کی کھال اور گوشت اور گوبر سمیت لشکر گاہ کے باہر آگ میں جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
18پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے مینڈھے کو حاضِر کِیا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔ 19اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰؔ نے خُون کو مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔ 20پِھر اُس نے مینڈھے کے عضو عضو کو کاٹ کر الگ کِیا اور مُوسیٰؔ نے سر اور اعضا اور چربی کو جلایا۔ 21اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا اور مُوسیٰؔ نے پُورے مینڈھے کو مذبح پر جلایا۔ یہ سوختنی قُربانی راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تھی۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
22اور اُس نے دُوسرے مینڈھے کو جو تخصِیصی مینڈھا تھا حاضِر کِیا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔ 23اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰؔ نے اُس کا کُچھ خُون لے کر اُسے ہارُونؔ کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا۔ 24پِھر وہ ہارُونؔ کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُسی خُون میں سے کُچھ اُن کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا اور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔ 25اور اُس نے چربی اور موٹی دُم اور انتڑیوں کے اُوپر کی چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی اور دہنی ران اِن سبھوں کو لِیا۔ 26اور بے خمِیری روٹِیوں کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے حضُور رہتی تھی بے خمِیری روٹی کا ایک گِردہ اور تیل چُپڑی ہُوئی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک چپاتی نِکال کر اُنہیں چربی اور دہنی ران پر رکھّا۔ 27اور اِن سبھوں کو ہارُون ؔاور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُن کو ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلایا۔ 28پِھر مُوسیٰؔ نے اُن کو اُن کے ہاتھوں سے لے لِیا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تخصِیصی قُربانی تھی۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی۔ 29پِھر مُوسیٰؔ نے سِینہ کو لِیا اور اُس کو ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلایا۔ اُس تخصِیصی مینڈھے میں سے یِہی مُوسیٰؔ کا حِصّہ تھا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
30اور مُوسیٰؔ نے مَسح کرنے کے تیل اور مذبح کے اُوپر کے خُون میں سے کُچھ کُچھ لے کر اُسے ہارُونؔ اور اُس کے لِباس پر اور ساتھ ہی اُس کے بیٹوں پر اور اُن کے لِباس پر چِھڑکا اور ہارُونؔ اور اُس کے لِباس کو اور اُس کے بیٹوں کو اور اُن کے لِباس کو مُقدّس کِیا۔
31اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہا کہ یہ گوشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر پکاؤ اور اِس کو وہیں اُس روٹی کے ساتھ جو تخصِیصی ٹوکری میں ہے کھاؤ جَیسا مَیں نے حُکم کِیا ہے کہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔ 32اور اِس گوشت اور روٹی میں سے جو کُچھ بچ رہے اُسے آگ میں جلا دینا۔ 33اور جب تک تُمہاری تخصِیص کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک یعنی سات دِن تک تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا کیونکہ سات دِن تک وہ تُمہاری تخصِیص کرتا رہے گا۔ 34جَیسا آج کِیا گیا ہے وَیسا ہی کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے تاکہ تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔ 35سو تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر سات روز تک دِن رات ٹھہرے رہنا اور خُداوند کے حُکم کو ماننا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ کیونکہ اَیسا ہی حُکم مُجھ کو مِلا ہے۔ 36پس ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے سب کام خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا جو اُس نے مُوسیٰؔ کی معرفت دِیا تھا۔
Currently Selected:
احبار 8: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.