رُوت 1
1
الِیملک اور اُس کا خاندان موآب کو ہجرت کرتے ہیں
1اور اُن ہی ایّام میں جب قاضی اِنصاف کِیا کرتے تھے اَیسا ہُؤا کہ اُس سرزمِین میں کال پڑا اور یہُوداؔہ کے بَیت لحم کا ایک مَرد اپنی بِیوی اور دو بیٹوں کو لے کر چلا کہ موآؔب کے مُلک میں جا کر بسے۔ 2اُس مَرد کا نام الِیملک اور اُس کی بِیوی کا نام نعومی تھا اور اُس کے دونوں بیٹوں کے نام محلون اور کلِیوؔن تھے۔ یہ یہُوداؔہ کے بَیت لحم کے افراتی تھے۔ سو وہ موآؔب کے مُلک میں آ کر رہنے لگے۔ 3اور نعومی کا شَوہر الِیملک مَر گیا۔ پس وہ اور اُس کے دونوں بیٹے باقی رہ گئے۔ 4اُن دونوں نے ایک ایک موآبی عَورت بیاہ لی۔ اِن میں سے ایک کا نام عُرفہ اور دُوسری کا رُوت تھا اور وہ دس برس کے قرِیب وہاں رہے۔ 5اور محلوؔن اور کلِیوؔن دونوں مَر گئے۔ سو وہ عَورت اپنے دونوں بیٹوں اور خاوند سے چُھوٹ گئی۔
نعومی بَیت لحم واپس آتی ہے
6تب وہ اپنی دونوں بہُوؤں کو لے کر اُٹھی کہ موآؔب کے مُلک سے لَوٹ جائے اِس لِئے کہ اُس نے موآؔب کے مُلک میں یہ حال سُنا کہ خُداوند نے اپنے لوگوں کو روٹی دی اور یُوں اُن کی خبر لی۔ 7سو وہ اُس جگہ سے جہاں وہ تھی دونوں بہُوؤں کو ساتھ لے کر چل نِکلی اور وہ سب یہُوداؔہ کی سرزمِین کو لَوٹنے کے لِئے راستہ پر ہو لِیں۔ 8اور نعومی نے اپنی دونوں بہُوؤں سے کہا تُم دونوں اپنے اپنے میکے کو جاؤ۔ جَیسا تُم نے مرحُوموں کے ساتھ اور میرے ساتھ کِیا وَیسا ہی خُداوند تُمہارے ساتھ مِہر سے پیش آئے۔ 9خُداوند یہ کرے کہ تُم کو اپنے اپنے شَوہر کے گھر میں آرام مِلے۔
تب اُس نے اُن کو چُوما اور وہ چِلاّ چِلاّ کر رونے لگِیں۔ 10پِھر اُن دونوں نے اُس سے کہا نہیں بلکہ ہم تیرے ساتھ لَوٹ کر تیرے لوگوں میں جائیں گی۔
11نعومی نے کہا اَے میری بیٹِیو لَوٹ جاؤ۔ تُم میرے ساتھ کیوں چلو؟ کیا میرے رَحمِ میں اور بیٹے ہیں جو تُمہارے شَوہر ہوں؟ 12اَے میری بیٹِیو لَوٹ جاؤ۔ اپنا راستہ لو کیونکہ مَیں زِیادہ بُڑھیا ہُوں اور شَوہر کرنے کے لائِق نہیں۔ اگر مَیں کہتی کہ مُجھے اُمّید ہے بلکہ اگر آج کی رات میرے پاس شَوہر بھی ہوتا اور میرے لڑکے پَیدا ہوتے۔ 13تَو بھی کیا تُم اُن کے بڑے ہونے تک اِنتظار کرتِیں اور شَوہر کر لینے سے باز رہتِیں؟ نہیں میری بیٹِیو مَیں تُمہارے سبب سے زِیادہ دلگِیر ہُوں اِس لِئے کہ خُداوند کا ہاتھ میرے خِلاف بڑھا ہُؤا ہے۔
14تب وہ پِھر چِلاّ چِلاّ کر روئِیں اور عُرفہ نے اپنی ساس کو چُوما پر رُوت اُس سے لِپٹی رہی۔ 15تب اُس نے کہا دیکھ تیری جِٹھانی اپنے کُنبے اور اپنے دیوتا کے پاس لَوٹ گئی۔ تُو بھی اپنی جِٹھانی کے پِیچھے چلی جا۔
16رُوت نے کہا تُو مِنّت نہ کر کہ مَیں تُجھے چھوڑُوں اور تیرے پِیچھے سے لَوٹ جاؤں کیونکہ جہاں تُو جائے گی مَیں جاؤں گی اور جہاں تُو رہے گی مَیں رہُوں گی۔ تیرے لوگ میرے لوگ اور تیرا خُدا میرا خُدا ہو گا۔ 17جہاں تُو مَرے گی مَیں مرُوں گی اور وہِیں دفن بھی ہُوں گی۔ خُداوند مُجھ سے اَیسا ہی بلکہ اِس سے بھی زِیادہ کرے اگر مَوت کے سِوا کوئی اور چِیز مُجھ کو تُجھ سے جُدا کر دے۔
18جب اُس نے دیکھا کہ اُس نے اُس کے ساتھ چلنے کی ٹھان لی ہے تو اُس سے اور کُچھ نہ کہا۔
19سو وہ دونوں چلتے چلتے بَیت لحم میں آئِیں۔ جب وہ بَیت لحم میں داخِل ہُوئِیں تو سارے شہر میں دُھوم مچی اور عَورتیں کہنے لگِیں کہ کیا یہ نعومی ہے؟
20اُس نے اُن سے کہا مُجھ کو نعومی نہیں بلکہ مارا کہو اِس لِئے کہ قادرِ مُطلق میرے ساتھ نِہایت تلخی سے پیش آیا ہے۔ 21مَیں بھری پُوری گئی اور خُداوند مُجھ کو خالی پھیر لایا۔ پس تُم کیوں مُجھے نعومی کہتی ہو حالانکہ خُداوند میرے خِلاف مُدّعی ہُؤا اور قادرِ مُطلق نے مُجھے دُکھ دِیا؟
22غرض نعومی لَوٹی اور اُس کے ساتھ اُس کی بہُو موآبی رُوت تھی جو موآؔب کے مُلک سے یہاں آئی اور وہ دونوں جَو کاٹنے کے مَوسم میں بَیت لحم میں داخِل ہُوئِیں۔
Currently Selected:
رُوت 1: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.