1 یُوحنّا 2
2
1میرے عزیز بچّوں! میں تُمہیں یہ باتیں اِس لیٔے لِکھتا ہُوں تاکہ تُم گُناہ نہ کرو۔ لیکن اگر کویٔی گُناہ کرے تو خُدا باپ کے پاس ہمارا ایک وکیل مَوجُود ہے یعنی راستباز حُضُور عیسیٰ المسیؔح۔ 2اَور وُہی ہمارے گُناہوں کا کفّارہ ہے اَور نہ صِرف ہمارے ہی گُناہوں کا بَلکہ ساری دُنیا کے گُناہوں کا بھی کفّارہ ہے۔
مُومِنِین ساتھیوں کے لیٔے مَحَبّت اَور نَفرت
3اگر ہم خُدا کے حُکموں پر عَمل کرتے ہیں تو یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے اُسے جان لیا ہے۔ 4جو کویٔی یہ کہتاہے، ”میں اُسے جان گیا ہُوں،“ مگر اُس کے حُکموں پر عَمل نہیں کرتا تو وہ جھُوٹا ہے اَور اُس میں سچّائی نہیں ہے۔ 5لیکن جو کویٔی اُس کے کلام پر عَمل کرتا ہے تو اُس میں یقیناً خُدا کی مَحَبّت کامل ہو گئی ہے۔ اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ ہم اُس میں قائِم ہیں۔ 6جو کویٔی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی رِفاقت میں قائِم ہے، تو وہ حُضُور کی مانند زندگی بھی بسر کرے۔
7اَے عزیزوں! میں تُمہیں کویٔی نیا حُکم نہیں لِکھ رہا ہُوں، بَلکہ وُہی پُرانا حُکم ہے جو شروع سے تُمہیں مِلا ہے۔ یہ پُرانا حُکم وُہی پیغام ہے جسے تُم سُن چُکے ہو۔ 8لیکن دُوسری طرف سے یہ حُکم نیا بھی ہے کیونکہ اِس کی سچّائی المسیؔح میں اَور تمہاری زندگی میں نظر آتی ہے۔ کیونکہ تاریکی مٹِتی جا رہی ہے اَور حقیقی نُور پہلے سے ہی چمکنا شروع ہو گیا ہے۔
9جو کویٔی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نُور میں ہے لیکن اَپنے بھایٔی سے دُشمنی رکھتا ہے تو وہ ابھی تک تاریکی میں ہی ہے۔ 10جو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن سے مَحَبّت رکھتا ہے وہ نُور میں رہتاہے اَور دُوسروں کے لیٔے وہ ٹھوکر کا باعث نہیں بنتا ہے۔ 11مگر جو اَپنے بھایٔی یا بہن سے دُشمنی رکھتا ہے وہ تاریکی میں رہتاہے اَور تاریکی ہی میں چلتا پھرتاہے۔ وہ نہیں جانتا کہ کہاں جا رہا ہے کیونکہ تاریکی نے اُسے اَندھا کر دیا ہے۔
خط لکھنے کی وجہ
12پیارے بچّوں! میں تُمہیں اِس لیٔے لِکھ رہا ہُوں،
کہ المسیؔح کے نام سے تمہارے گُناہ مُعاف کر دئیے گیٔے ہیں۔
13اَے والدوں! میں تُمہیں اِس لیٔے لِکھ رہا ہُوں،
کیونکہ تُم نے اُسے جو اِبتدا سے مَوجُود ہے، جان لیا ہے۔
اَے جَوان مَردوں! میں تُمہیں اِس لیٔے لِکھ رہا ہُوں،
کہ تُم اِبلیس پر غالب آ گئے ہو۔
14بچّوں! میں نے تُمہیں اِس لیٔے لِکھّا ہے،
کیونکہ تُم خُدا باپ کو جان گیٔے ہو۔
اَے والدوں! میں نے تُمہیں اِس لیٔے لِکھّا ہے،
کہ تُم نے اُسے جو اِبتدا سے ہی مَوجُود ہے، جان لیا ہے۔
جَوان مَردوں! میں نے تُمہیں اِس لیٔے لِکھّا ہے،
کہ تُم مضبُوط ہو،
اَور خُدا کا کلام تمہارے اَندر قائِم ہے،
اَور تُم اِبلیس پر غالب آ گئے ہو۔
دُنیا سے مَحَبّت نہ رکھو
15تُم نہ تو دُنیا سے مَحَبّت رکھو اَور نہ دُنیا کی چیزوں سے، کیونکہ جو کویٔی دُنیا سے مَحَبّت رکھتا ہے اُس میں خُدا باپ کی مَحَبّت نہیں ہے۔ 16کیونکہ جو کچھ دُنیا میں ہے یعنی جِسم کی خواہش، آنکھوں کی خواہش اَور زندگی کا غُرور، وہ آسمانی باپ کی طرف سے نہیں بَلکہ دُنیا کی طرف سے ہے۔ 17دُنیا اَور اُس کی بَدخواہشات، دونوں ختم ہوتی جا رہی ہیں لیکن جو خُدا کی مرضی پُوری کرتا ہے وُہی اَبد تک قائِم رہے گا۔
بیٹے کا اِنکار کرنے پر آگاہ کرنا
18اَے بچّوں! یہ آخِری گھڑی ہے اَور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالف المسیؔح آنے والا ہے، اَور حقیقتاً بہت سے اَیسے مُخالف المسیؔح آ چُکے ہیں۔ اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ آخِری گھڑی آ گئی ہے۔ 19یہ لوگ نکلے تو ہم ہی میں سے مگر حقیقت میں ہم میں سے نہیں تھے کیونکہ اگر وہ ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ہی ساتھ رہتے۔ لیکن نِکل اِس لیٔے گیٔے تاکہ ظاہر ہو جائے کہ یہ لوگ ہماری جماعت کے اصل مومِن تھے ہی نہیں۔
20لیکن تُم کو تو اُس قُدُّوس کی طرف سے مَسح کیا گیا ہے اَور تُم پُوری سچّائی کو جانتے ہو۔ 21میں نے تُمہیں اِس لیٔے نہیں لِکھّا کہ تُم سچّائی سے واقف نہیں بَلکہ اِس لیٔے کہ تُم اُسے جانتے ہو اَور اِس لیٔے کہ کویٔی جھُوٹ سچّائی کی طرف سے نہیں آتا ہے۔ 22پھر جھُوٹا کون ہے؟ وُہی جو حُضُور عیسیٰ کے المسیؔح ہونے کا اِنکار کرتا ہے اَورجو باپ اَور بیٹے کا اِنکار کرتا ہے وُہی مُخالف المسیؔح ہے۔ 23جو کویٔی بیٹے کا اِنکار کرتا ہے اُس کے پاس آسمانی باپ بھی نہیں ہے اَورجو بیٹے کا اقرار کرتا ہے وہ آسمانی باپ کا بھی اقرار کرتا ہے۔
24چنانچہ جو پیغام تُم نے شروع سے سُنا ہے وُہی تُم میں قائِم رہے۔ اگر وہ تُم میں قائِم رہے گا تو تُم بھی بیٹے اَور آسمانی باپ میں قائِم رہوگے۔ 25اَور اُس نے ہمیں اَبدی زندگی دینے کا وعدہ کیا ہے۔
26میں نے یہ باتیں تُمہیں اُن کی بابت لکھی ہیں جو تُمہیں صحیح راہ سے گُمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 27لیکن تُمہیں تو خُدا کی طرف سے مَسح کیا گیا ہے، وہ تُم میں قائِم ہے، اِس لیٔے ضروُرت نہیں کہ کویٔی تُمہیں سِکھائے کہ سچ کیا ہے؟ کیونکہ المسیؔح کا رُوح تُمہیں سَب باتیں سکھاتا ہے جو تُمہیں جاننا چاہئے، اَورجو کچھ وہ سکھاتا ہے وہ سچ ہے جھُوٹ نہیں۔ اِس لیٔے جِس طرح پاک رُوح نے تُمہیں سِکھایا ہے اُسی طرح تُم المسیؔح میں قائِم رہو۔
خُدا کے فرزند اَور گُناہ
28غرض اَے بچّوں! المسیؔح میں قائِم رہو تاکہ جَب وہ ظاہر ہو تو ہمیں دِلیری ہو اَور ہم اُس کی آمد پر اُس کے سامنے شرمندہ نہ ہوں۔
29اگر تُم جانتے ہو کہ المسیؔح راستباز ہیں تو تُمہیں یہ بھی جاننا چاہئے کہ جو کویٔی راستبازی کے کام کرتا ہے وہ خُدا سے پیدا ہُواہے۔
Currently Selected:
1 یُوحنّا 2: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.