YouVersion Logo
Search Icon

2 تِیمُتھِیُس 3

3
1لیکن یہ بات جان لے کہ آخِری زمانہ میں ہَولناک دِن آئیں گے۔ 2لوگ خُود غرض، زَر دوست، شیخی باز، مغروُر، بدگو، ماں باپ کے نافرمان، ناشُکرے، ناپاک، 3مَحَبّت سے خالی، مُعاف نہ کرنے والے، تہمت لگانے والے، بے ضَبط، وحشی، نیکی کے دُشمن، 4غدّار، بے حیا، مغروُر، خُدا کی نِسبَت عیش و عشرت کو زِیادہ پسند کرنے والے ہوں گے۔ 5وہ بظاہر خُداپرست زندگی تو گُزاریں گے لیکن حقیقی خُداپرست زندگی کی قُوّت کا اِنکار کریں گے۔ اَیسے اِنسانوں سے کنارہ کرنا۔
6اِن ہی میں سے بعض اَیسے بھی ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گھُس آتے ہیں اَور بے وقُوف اَور چھچھوری عورتوں کو اَپنے قبضہ میں کرلیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہوتی ہیں اَور ہر طرح کی بُری خواہِشوں کا شِکار بنی رہتی ہیں۔ 7یہ عورتیں ہر وقت تعلیم تو پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہیں پہُنچ سکتیں۔ 8جِس طرح یَنیّسؔ اَور یمبریسؔ نے حضرت مُوسیٰ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ اِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اَور یہ ایمان کے اعتبار سے نامقبُول ہیں۔ 9لیکن یہ سَب زِیادہ وقت تک نہیں چلے گا، کیونکہ اِن کی حِماقت سَب آدمیوں پر ظاہر ہو جائے گی۔
تِیمُتھِیُس کو پَولُسؔ کی آخِری ہدایت
10لیکن تِیمُتھِیُس میری تعلیم، چال چلن اَور زندگی کے مقصد سے خُوب واقف ہے۔ تُم میرے ایمان، تحمُّل، مَحَبّت اَور میرے صبر کو جانتے ہو۔ 11تُمہیں مَعلُوم ہے کہ مُجھے کِس طرح ستایا گیا اَور میں نے کیا کیا مُصیبتیں اُٹھائیں یعنی وہ مُصیبتیں جو انطاکِیہؔ، اِکُنِیُم اَور لُسترہؔ شہروں میں، مُجھ پر آ پڑی تھیں۔ مگر خُداوؔند نے مُجھے اُن سَب مُصیبتوں سے رِہائی بخشی۔ 12دراصل جتنے لوگ المسیؔح عیسیٰ میں دیندار زندگی گزارنا چاہتے ہیں وہ سَب ستائے جایٔیں گے۔ 13لیکن بدکار، دغاباز لوگ فریب دیتے اَور فریب کھاتے ہوئے بگڑتے چلے جایٔیں گے۔ 14لیکن تُو اُن باتوں پر قائِم رہ جو تُونے سیکھی ہیں اَور جِن کا تُجھے پُورا یقین ہے، کیونکہ تُجھے مَعلُوم ہے کہ تُونے اُن باتوں کو کِس سے سیکھا ہے۔ 15اَور کِس طرح تُم بچپن سے اُن مُقدّس صحیفوں سے واقف ہو جو تُمہیں وہ عِرفان بَخشتی ہیں جِس سے المسیؔح عیسیٰ پر ایمان لانے سے نَجات حاصل ہوتی ہے۔ 16کیونکہ ہر صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے وُجُود میں آیا ہے، وہ تعلیم دینے، تنبیہ کرنے، اِصلاح اَور راستبازی میں تربّیت دینے کے لیٔے مفید ہے، 17تاکہ خُدا کا خادِم پُوری طرح سے قابِل بنے اَور ہر نیک کام کے لیٔے بالکُل تیّار ہو جائے۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in