YouVersion Logo
Search Icon

گلتِیوں 3

3
شَریعت یا ایمان
1نادان گلِتیو! تُم پر کِس نے جادُو کر دیا؟ تمہاری تو گویا آنکھوں کے سامنے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کو صلیب پر ٹنگا دکھایا گیا تھا۔ 2میں تو تُم سے صِرف یہ مَعلُوم کرنا چاہتا ہُوں: کیاتُم نے شَریعت پر عَمل کرکے پاک رُوح کو پایا، یا ایمان کی خُوشخبری کے پیغام کو سُن کر اُسے حاصل کیا؟ 3تُم کِس قدر نادان ہو؟ پاک رُوح کی مدد سے شروع کیٔے ہویٔے کام کو اَب جِسمانی کوشش سے پُورا کرنا چاہتے ہو؟ 4کیاتُم نے اِتنی تکلیفیں بے فائدہ اُٹھائی ہیں؟ تُمہیں کچھ فائدہ تو ضروُر ہُوا ہوگا؟ 5کیا خُدا اَپنا پاک رُوح اِس لیٔے تُمہیں دیتاہے اَور تمہارے درمیان اِس لیٔے معجزے کرتا ہے کہ تُم شَریعت کے مُطابق عَمل کرتے ہو، یا اِس لیٔے کہ جو پیغام تُم نے سُنا اُس پر ایمان لایٔے ہو؟ 6حضرت اِبراہیمؔ کو دیکھو۔ وہ ”خُدا پر ایمان لایٔے اَور اُن کا ایمان اُن کے لیٔے راستبازی شُمار کیا گیا۔“#3‏:6 پیدا 15‏:6‏‏
7پس جان لو کہ ایمان لانے والے لوگ ہی حضرت اِبراہیمؔ کے حقیقی فرزند ہیں۔ 8کِتاب مُقدّس نے پہلے ہی سے بتا دیا تھا کہ خُدا غَیریہُودیوں کو ایمان سے راستباز ٹھہراتا ہے: ”چنانچہ اُس نے پہلے ہی سے حضرت اِبراہیمؔ کو یہ خُوشخبری سُنادی تھی کہ تمہارے وسیلہ سے سَب غَیریہُودی قومیں برکت پائیں گی۔“#3‏:8 پیدا 12‏:3؛ 18‏:18؛ 22‏:18‏‏ 9پس جو ایمان لاتے ہیں وہ بھی ایمان لانے والے حضرت اِبراہیمؔ کے ساتھ برکت پاتے ہیں۔
10مگر جتنے شَریعت کے اعمال پر تکیہ کرتے ہیں وہ سَب لعنت کے ماتحت ہیں، چنانچہ کِتاب مُقدّس یُوں بَیان کرتی ہے: ”جو کویٔی شَریعت کی کِتاب کی ساری باتوں پر عَمل نہیں کرتا وہ لَعنتی ہے۔“#3‏:10 اِست 27‏:26‏‏ 11اَب یہ صَاف ظاہر ہے کہ شَریعت کے وسیلہ سے کویٔی شخص خُدا کی حُضُوری میں راستباز نہیں ٹھہرایا جاتا، کیونکہ لِکھّا ہے: ”راستباز ایمان سے زندہ رہے گا۔“#3‏:11 حبق 2‏:4‏‏ 12تو بھی شَریعت ایمان پر مَبنی نہیں ہے؛ بَلکہ اِس کے برعکس کِتاب مُقدّس بَیان کرتی ہے، ”جو شخص شَریعت پر عَمل کرتا ہے وہ شَریعت کی وجہ سے زندہ رہے گا۔“ 13المسیؔح نے جو ہمارے لیٔے لَعنتی بنا، ہمیں مول لے کر شَریعت کی لعنت سے چُھڑا لیا کیونکہ صحیفہ میں لِکھّا ہے: ”جو کویٔی صلیب کی لکڑی پر لٹکایا گیا وہ لَعنتی ہے۔“#3‏:13 اِست 21‏:23‏‏ 14تاکہ حضرت اِبراہیمؔ کو دی ہُوئی برکت المسیؔح عیسیٰ کے وسیلہ سے غَیریہُودیوں تک بھی پہُنچے، اَور ہم ایمان کے وسیلہ سے اُس پاک رُوح کو حاصل کریں جِس کا وعدہ کیا گیا ہے۔
شَریعت اَور خُدا کا وعدہ
15اَے بھائیو اَور بہنوں! میں روزمرّہ کی زندگی سے ایک مثال پیش کرتا ہُوں۔ جَب ایک بار کسی اِنسانی عہد پر فریقین کے دسَتخَط ہو جاتے ہیں تو کویٔی اُسے باطِل نہیں کر سَکتا، اَور نہ ہی اُس میں کچھ بڑھا سَکتا ہے۔ 16خُدا نے حضرت اِبراہیمؔ اَور اُن کی نسل سے وعدے کیٔے۔ صحیفہ یہ نہیں کہتا ”تمہاری نَسلوں سے یعنی کیٔی نَسلیں“ یہاں لفظ ”تمہاری نسل“ سے صِرف ایک ہی شخص مُراد ہے، یعنی المسیؔح۔ 17میرا مطلب یہ ہے: جو عہد خُدا نے حضرت اِبراہیمؔ کے ساتھ باندھا تھا اَور جِس کی اُس نے تصدیق کر دی تھی، اُسے شَریعت باطِل نہیں ٹھہرا سکتی جو چارسَو تیس بَرس بعد آئی اَور نہ اُس وعدہ کو منسُوخ کر سکتی ہے۔ 18اگر مِیراث کا حُصُول شَریعت پر مَبنی ہے، تو وہ وعدہ پر مَبنی نہیں ہو سَکتا؛ لیکن خُدا نے فضل سے حضرت اِبراہیمؔ کو یہ مِیراث اَپنے وعدہ ہی کے مُطابق بخشی۔
19پھر شَریعت کیوں دی گئی؟ وہ اِنسان کی نافرمانیوں کی وجہ سے بعد میں دی گئی تاکہ اُس نَسل کے آنے تک قائِم رہے جِس سے وعدہ کیا گیا تھا۔ اَور وہ فرشتوں کے وسیلہ سے ایک درمیانی شخص کی مَعرفت مُقرّر کی گئی۔ 20اَب درمیانی، صِرف، ایک فریق کے لیٔے نہیں ہوتا؛ لیکن خُدا ایک ہی ہے۔
21تو کیا شَریعت خُدا کے وعدوں کے خِلاف ہے؟ ہر گز نہیں۔ کیونکہ اگر کویٔی اَیسی شَریعت دی جاتی جو زندگی بَخش سکتی، تو راستبازی شَریعت کے ذریعہ حاصل کی جا سکتی تھی۔ 22مگر صحیفہ کے مُطابق ساری دُنیا گُناہ کی قَید میں ہے، تاکہ وہ وعدہ، جو خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح پر ایمان لانے پر مَبنی ہے اُن سَب کے حق میں پُورا کیا جائے، جو المسیؔح پر ایمان لایٔے ہیں۔
غُلام اَور فرزند
23ایمان کے زمانہ سے پہلے، ہم شَریعت کے تحت قَید میں تھے، اَورجو ایمان ظاہر ہونے والا تھا اُس کے آنے تک ہماری یہی حالت رہی۔ 24پس شَریعت نے اُستاد بَن کر ہمیں المسیؔح تک پہنچا دیا تاکہ ہم ایمان کے وسیلہ سے راستباز ٹھہرائے جایٔیں۔ 25مگر اَب ایمان کا دَور آ گیا ہے، اَور ہمیں اُستاد کے تحت رہنے کی ضروُرت نہیں رہی۔
26اِس لیٔے کہ تُم سَب المسیؔح عیسیٰ پر ایمان لانے کے وسیلہ سے خُدا کے فرزند بَن گئے ہو، 27اَور تُم سَب جنہوں نے المسیؔح کے ساتھ ایک ہو جانے کا پاک غُسل پایا اُسے لباس کی طرح پہن لیا ہے۔ 28اَب تُم میں یہُودی، یُونانی، غُلام، آزاد، مَرد اَور عورت کی تفرِیق باقی نہیں رہی کیونکہ اَب تُم سَب المسیؔح عیسیٰ میں ایک ہو گیٔے ہو۔ 29اگر تُم المسیؔح کے ہو تو حضرت اِبراہیمؔ کی نَسل ہو اَور وعدہ کے مُطابق وارِث بھی ہو۔

Currently Selected:

گلتِیوں 3: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in