YouVersion Logo
Search Icon

عِبرانیوں 6

6
1چنانچہ آؤ! المسیؔح کی تعلیم کی اِبتدائی بُنیادی باتیں چھوڑکر کاملیت کی طرف قدم بڑھائیں اَور اَیسی باتیں دُہرانے کی ضروُرت نہیں ہونی چاہئے جِن سے ایمان کی بُنیاد رکھی جاتی ہے مثلاً بیکار رسومات سے تَوبہ کرنا، خُدا پر ایمان رکھنا، 2مُختلف پاک غُسل کی ہدایات، کسی کے سَر پر ہاتھ رکھنا، مُردوں کی قیامت اَور اَبدی عدالت۔ 3چنانچہ اگر خُدا نے چاہا، تو اِن باتوں کو چھوڑکر، ہم آگے بڑھیں گے۔
4کیونکہ جِن لوگوں کے دل ایک بار نُورِ الٰہی سے رَوشن ہو چُکے ہیں اَورجو آسمانی بخشش کا مزہ چکھ چُکے ہیں، جو پاک رُوح میں شریک ہو چُکے ہیں، 5اَور خُدا کے عُمدہ کلام اَور آنے والی دُنیا کی قُوّتوں کا ذائقہ لے چُکے ہیں، 6اگر وہ اَپنے ایمان سے برگشتہ ہو جایٔیں تو اُنہیں پھر سے تَوبہ کی طرف مائل کرنا ممکن نہیں۔ کیونکہ کہ وہ خُدا کے بیٹے کو اَپنی اِس حرکت سے دوبارہ صلیب پر مصلُوب کرکے اُس کی عَلانیہ بے عزّتی کرتے ہیں۔ 7کیونکہ خُدا اُس زمین کو برکت دیتاہے جو اَپنے پر بار بار پڑنے والی بارش کو جذب کرکے اَیسی فصل پیدا کرتی ہے جو کاشت کاروں کے لیٔے مفید ہو۔ 8لیکن اگر وہ زمین صِرف کانٹے اَور جھاڑ جھنکار اُگاتی رہے تو کسی کام کی نہیں۔ اَور اِس خطرے میں ہے کہ اُس پر جلد ہی لعنت بھیجی جائے اَور اُس کا آخِری اَنجام آگ میں جَلایا جانا ہے۔
9اَے عزیزوں! اگرچہ ہم اِس طرح کی باتیں کر رہے ہیں، تَو بھی ہم تمہاری نسبت اِن سے بہتر نَجات والی باتوں کا یقین رکھتے ہیں۔ 10اِس لیٔے کہ خُدا بےاِنصاف نہیں جو تمہارے کام اَور اُس مَحَبّت کو بھُول جائے جو تُم نے اُس کی خاطِر اُس کے مُقدّسین لوگوں کی خدمت کرکے ظاہر کی اَور اَب بھی کر رہے ہو۔ 11لیکن ہم اِس بات کے بَڑے آرزُومند ہیں کہ تُم میں سے ہر شخص اِسی طرح آخِر تک کوشش کرتا رہے تاکہ جِن باتوں کی تُم اُمّید رکھتے ہو وہ حقیقت میں پُوری ہو جایٔیں۔ 12ہم نہیں چاہتے کہ تُم سُست ہو جاؤ، بَلکہ تُم اُن لوگوں کی مانند بنو جو اَپنے ایمان اَور صبر کے باعث خُدا کے وعدوں کے وارِث ہیں۔
خُدا کا پکّا وعدہ
13چنانچہ جَب خُدا نے حضرت اِبراہیمؔ سے وعدہ کرتے وقت قَسم کھانے کے واسطے کسی کو اَپنے سے بڑا نہ پایا تو اُس نے اَپنی ہی قَسم کھا کر 14یہ فرمایا، ”میں یقیناً تُمہیں برکت دُوں گا اَور تمہاری اَولاد کو بے شُمار بڑھاؤں گا۔“#6‏:14 پیدا 22‏:17‏ 15اِس لیٔے حضرت اِبراہیمؔ صبر کے ساتھ اِنتظار کرتے رہے اَور وعدہ کی ہُوئی برکت کو حاصل کیا۔
16آدمی تو اَپنے سے بَڑے کی قَسم کھایا کرتے ہیں اَور اِس طرح قَسم کھانے سے ہر بات پکّی ہو جاتی ہے اَور ہر جھگڑے و حُجّت کی گنجائِش کو ختم کردیتی ہے۔#6‏:16 خُرو 22‏:11‏ 17لہٰذا خُدا نے بھی قَسم کھا کر اَپنے وعدہ کی تصدیق کی کیونکہ وہ اَپنے وعدہ کے وارثین پر صَاف ظاہر کرنا چاہتا تھا کہ اُس کا اِرادہ کبھی نہیں بدلےگا۔ 18چنانچہ خُدا کا وعدہ اَور خُدا کی قَسم یہ دو اَیسی چیزیں ہیں جو لاتَبدیل ہیں اَور اِن کے بارے میں خُدا کبھی جھُوٹ نہیں بولےگا، اِس لیٔے ہم جو دَوڑکر اُس کی پناہ میں آئے ہیں، بَڑے حوصلہ سے اُس اُمّید کو مضبُوطی سے تھامے رکھ سکتے ہیں جو ہمارے سامنے پیش کی گئی ہے۔#6‏:18 اِست 19‏:15؛ مت 18‏:16‏ 19کیونکہ یہ اُمّید ہماری جان کے لیٔے اَیسا مضبُوط لنگر ہے جو ثابت اَور قائِم ہے اَور آسمانی بیت المُقدّس کے پاک ترین کمرے کے پردہ کے اَندر تک داخل ہوتی ہے۔ 20جہاں حُضُور عیسیٰ پہلے سے ہی ہمارے رہنما کے طور پر داخل ہو چُکے ہیں۔ اَور مَلکِ صِدقؔ کے طور پر اَبد تک اعلیٰ کاہِنؔ مُقرّر ہویٔے ہیں۔

Currently Selected:

عِبرانیوں 6: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

Videos for عِبرانیوں 6