YouVersion Logo
Search Icon

یعقُوب 5

5
دولتمندوں کے لیٔے تَاکید
1اَے دولتمندوں اَب میری بات سُنو! تُم اَپنے اُوپر آنے والی مُصیبتوں پر خُوب روؤ اَور ماتم کرو۔ 2تمہارا مال برباد ہو گیا اَور تمہاری پوشاکوں کو کیڑوں نے کھا لیا۔ 3تمہارے سونے اَور چاندی کو زنگ لگ گیا۔ اَور وہ زنگ تمہارے خِلاف گواہی دے گا اَور آگ کی طرح تمہارا گوشت کھایٔےگا۔ دُنیا کا تو خاتِمہ ہونے والا ہے اَور تُم نے دولت کے انبار لگا لیٔے ہیں۔ 4دیکھو! جِن مزدُوروں نے تمہارے کھیتوں میں کام کیا تھا اُن کی وہ مزدُوری جو تُم نے دغا کرکے روک لی ہے وہ تمہارے خِلاف چِلّا رہی ہے اَور فصل کاٹنے والوں کی فریاد لشکروں کے ربّ کے کانوں تک پہُنچ چُکی ہے۔ 5تُم نے دُنیا میں عیش و عشرت کی زندگی گُزاری اَور خُوب مزے کئے۔ تُم نے اَپنے دلوں کو ذبح کے دِن کے لیٔے خُوب موٹا تازہ کر لیا۔ 6تُم نے راستباز شخص کو جو تمہارا مقابلہ نہیں کر رہاتھا، قُصُوروار ٹھہرایا اَور اُسے قتل کر ڈالا۔
مُصیبت میں صبر کرو
7اِس لیٔے، اَے بھائیوں اَور بہنوں! خُداوؔند کی دوبارہ آمد تک صبر کرو۔ دیکھو، کِسان زمین سے قیمتی پیداوار حاصل کرنے کے لیٔے موسمِ خِزاں اَور برسات کا صبر سے اِنتظار کرتا ہے۔ 8تُم بھی صبر کرو اَور اَپنے دلوں کو مضبُوط رکھو کیونکہ خُداوؔند کی دوبارہ آمد قریب ہے۔ 9اَے بھائیوں اَور بہنوں! ایک دُوسرے کی شکایت کرنے اَور بُڑبُڑانے سے باز رہو تاکہ تُم سزا نہ پاؤ۔ دیکھو! اِنصاف کرنے والا دروازہ پر کھڑا ہے۔
10اَے بھائیوں اَور بہنوں! اُن نَبیوں کو اَپنا نمونہ سمجھو جنہوں نے خُداوؔند کے نام سے کلام سُناتے ہویٔے دُکھ اُٹھایا اَور صبر کیا۔ 11اِس لیٔے ہم اُنہیں مُبارک کہتے ہیں جنہوں نے دُکھوں میں صبر کے ساتھ زندگی گُزاری۔ تُم نے حضرت ایُّوبؔ کے صبر کا حال تو سُنا ہی ہے اَور یہ بھی جانتے ہو کہ خُداوؔند آخِر میں کِس قدر اُن پر مہربان ہُوا کیونکہ خُداوؔند رحم دل اَور شفقت والا ہے۔
12اَے بھائیوں اَور بہنوں! سَب سے بڑھ کر یہ ہے کہ قَسم ہر گز نہ کھانا، نہ آسمان کی اَور نہ زمین کی، نہ کسی اَور چیز کی۔ بَلکہ ”ہاں“ کی جگہ ہاں اَور ”نہیں“ کی جگہ نہیں ہو؛ تاکہ سزا سے بچ سکو۔
مُکمّل ایمان سے دعا
13اگر تُم میں سے کویٔی مُصیبت زدہ ہے تو اُسے چاہیے کہ دعا کرے۔ اَور خُوش ہے تو خُدا کی حَمد میں نغمہ گائے۔ 14اگر تُم میں کویٔی بیمار ہے تو وہ جماعت کے بُزرگوں کو بُلائے اَور وہ بُزرگ خُداوؔند کے نام سے اُس بیمار پر تیل مَل کر اُس کے لیٔے دعا کریں۔ 15اَور ایمان کی دعا سے بیمار بچ جایٔےگا اَور خُداوؔند اُسے تندرستی بَخشے گا اَور اگر اُس نے گُناہ کیٔے ہوں، تو اُن کی بھی مُعافی ہو جایٔےگی۔ 16اِس لیٔے تُم آپَس میں ایک دُوسرے سے اَپنے گُناہوں کا اقرار کرو اَور ایک دُوسرے کے لیٔے دعا کرو تاکہ شفا پاؤ؛ کیونکہ راستباز کی دعا قُوّت اَور تاثیر والی ہوتی ہے۔
17حضرت ایلیاؔہ بھی ہماری طرح اِنسان تھے۔ اُنہُوں نے بڑی شِدّت سے دعا کی کہ بارش نہ ہو اَور ساڑھے تین بَرس تک زمین پر بارش نہ ہُوئی۔ 18اُنہُوں نے پھر دعا کی تو آسمان سے بارش ہُوئی اَور زمین نے اَپنی فصلیں پیدا کیں۔
19اَے میرے بھائیوں اَور بہنوں! اگر تُم میں سے کویٔی راہِ حق سے گُمراہ ہو جائے اَور کویٔی اُسے دوبارہ واپس لے آئے، 20تو وہ یاد رکھے کہ جو کسی گنہگار کو گمراہی سے پھیر لایٔے گا؛ وہ ایک جان کو موت سے بچائے گا اَور بہت سے گُناہوں پر پردہ ڈالے گا۔

Currently Selected:

یعقُوب 5: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

Videos for یعقُوب 5