YouVersion Logo
Search Icon

متّی 19

19
طلاق کے بارے میں تعلیم
1اَپنی یہ باتیں ختم کر چُکنے کے بعد حُضُور عیسیٰ صُوبہ گلِیل سے روانہ ہوکر دریائے یردؔن کے پار یہُودیؔہ کے علاقہ میں گیٔے 2اَور بڑا ہُجوم آپ کے پیچھے ہو لیا اَور آپ نے اُنہیں شفا بخشی۔
3بعض فرِیسی حُضُور عیسیٰ کو آزمانے کے لیٔے اُن کے پاس آئے اَور کہنے لگے، ”کیا ہر ایک سبب سے اَپنی بیوی کو طلاق دینا جائز ہے؟“
4حُضُور نے جَواب دیا، ”کیاتُم نے نہیں پڑھا کہ جِس نے اُنہیں بنایا، تخلیق کی شروعات ہی سے اُنہیں ’مَرد اَور عورت بنا کر فرمایا،‘#19‏:4 پیدا 1‏:27‏‏ 5اِس سبب سے ’مَرد اَپنے باپ اَور ماں سے جُدا ہوکر اَپنی بیوی کے ساتھ مِلا رہے گا، اَور وہ دونوں ایک جِسم ہوں گے؟‘#19‏:5 پیدا 2‏:24‏‏ 6چنانچہ وہ اَب دو نہیں، بَلکہ ایک جِسم ہیں۔ پس جنہیں خُدا نے جوڑا ہے، اُنہیں کویٔی اِنسان جُدا نہ کرے۔“
7فریسیوں نے حُضُور سے پُوچھا، ”پھر حضرت مُوسیٰ نے اَپنی شَریعت میں یہ حُکم کیوں دیا کہ طلاق نامہ لِکھ کر اُسے چھوڑ دیا جائے؟“
8حُضُور عیسیٰ نے اُن کو جَواب دیا، ”حضرت مُوسیٰ نے تمہاری سخت دِلی کی وجہ سے اَپنی بیویوں کو چھوڑدینے کی اِجازت دی تھی لیکن اِبتدا سے اَیسا نہ تھا۔ 9لیکن میں تُم سے کہتا ہُوں کہ جو کویٔی اَپنی بیوی کو اُس کی جنسی بدفعلی کے سِوا کسی اَور سبب سے چھوڑ دیتاہے، اَور کسی دُوسری عورت سے شادی کر لیتا ہے تو زنا کرتا ہے۔“
10شاگردوں نے حُضُور سے کہا، ”اگر شوہر اَور بیوی کے رشتہ کا یہ حال ہے تو بہتر ہے کہ شادی کی ہی نہ جائے۔“
11حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں جَواب دیا، ”سَب اِس بات کو قبُول نہیں کرسکتے ہیں۔ اَیسا وُہی کرسکتے ہیں جنہیں یہ قُدرت مِلی ہو۔ 12کیونکہ بعض خوجہ تو پیدائشی ہیں، لیکن بعض خوجے اَیسے ہیں جنہیں اِنسانوں نے بنایا ہے اَور بعض اَیسے بھی ہیں جو آسمان کی بادشاہی کی خاطِر خُود کو خوجوں کی مانِند بنا دیا ہے۔ جو کویٔی اِسے قبُول کر سَکتا ہے، تو قبُول کرے۔“
چھوٹے بچّوں کو برکت دینا
13اُس کے بعد لوگ بچّوں کو حُضُور عیسیٰ کے پاس لایٔے تاکہ حُضُور اُن پر ہاتھ رکھیں اَور اُنہیں دعا دیں۔ لیکن شاگردوں نے اُنہیں جِھڑک دیا۔
14لیکن حُضُور عیسیٰ نے فرمایا، ”بچّوں کو میرے پاس آنے سے مت روکو کیونکہ آسمان کی بادشاہی اَیسوں ہی کی ہے۔“ 15تَب حُضُور نے اُن پر اَپنا ہاتھ رکھا اَور پھر وہاں سے چلے گیٔے۔
اَبدی زندگی کا مِتلاشی ایک اَمیر نوجوان
16اَور ایک آدمی حُضُور عیسیٰ کے پاس آیا اَور پُوچھنے لگا، ”اَے اُستاد محترم! میں کون سِی نیکی کروں کہ اَبدی کی زندگی حاصل کرلُوں؟“
17حُضُور عیسیٰ نے اُسے جَواب دیا، ”تُم مُجھ سے نیکی کے بارے میں کیوں پُوچھتے ہو؟ نیک تو صِرف ایک ہی ہے۔ لیکن اگر تُو زندگی میں داخل ہونا چاہتاہے تو حُکموں پر عَمل کر۔“
18اُس نے پُوچھا، ”کون سے حُکموں پر؟“
حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ” ’یہ کہ خُون نہ کرنا، زنا نہ کرنا، چوری نہ کرنا، جھوٹی گواہی نہ دینا، 19اَپنے باپ یا ماں کی عزّت کرنا،‘#19‏:19 خُرو 20‏:12‏-16؛ اِست 5‏:16‏-20‏‏ اَور ’اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھنا۔‘#19‏:19 اَحبا 19‏:18‏‏
20اُس نوجوان نے آپ کو جَواب دیا، ”اِن سَب حُکموں پر تو میں عَمل کرتا آیا ہُوں، اَب مُجھ میں کِس چیز کی کمی ہے؟“
21حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”اگر تُو کامل ہونا چاہتاہے تو جا، اَپنا سَب کُچھ بیچ کر غریبوں کی مدد کر تو تُجھے آسمان میں خزانہ ملے گا اَور آکر میرے پیچھے ہولے۔“
22مگر جَب اُس نوجوان نے یہ بات سُنی، تو وہ غمگین ہوکر چَلا گیا کیونکہ وہ بہت دولتمند تھا۔
23تَب حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں سے فرمایا، ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ دولتمند کا آسمان کی بادشاہی میں داخل ہونا مُشکِل ہے۔ 24میں پھر کہتا ہُوں کہ اُونٹ کا سوئی کے ناکے میں سے گزر جانا کسی دولتمند کے آسمان کی بادشاہی میں داخل ہونے سے زِیادہ آسان ہے۔“
25جَب شاگردوں نے یہ بات سُنی تو نہایت حیران ہوئے اَور حُضُور عیسیٰ سے پُوچھا، ”پھر کون نَجات پا سَکتا ہے؟“
26حُضُور عیسیٰ نے اُن کی طرف دیکھ کر فرمایا، ”یہ اِنسانوں کے لیٔے تو ناممکن ہے، لیکن خُدا کے لیٔے سَب کُچھ ممکن ہے۔“
27تَب پطرس نے حُضُور سے کہا، ”دیکھئے ہم تو سَب کُچھ چھوڑکر آپ کے پیچھے چلے آئے ہیں! تو ہمیں کیا ملے گا؟“
28حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں جَواب دیا، ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ نئی تخلیق میں جَب اِبن آدمؔ اَپنے جلالی تخت پر بَیٹھے گا تو تُم بھی جو میرے پیچھے چلے آئے ہو بَارہ تختوں پر بَیٹھ کر، اِسرائیلؔ کے بَارہ قبِیلوں کا اِنصاف کرو گے۔ 29اَور جِس کسی نے میری خاطِر گھروں یا بھائیوں یا بہنوں یا ماں یا باپ یا بیوی یا بچّوں یا کھیتوں کو چھوڑ دیا ہے وہ اِن سے سَو گُنا پایٔےگا اَور اَبدی زندگی کا وارِث ہوگا۔ 30لیکن بہت سے جو اوّل ہیں آخِر ہو جایٔیں گے اَورجو آخِر ہیں، وہ اوّل۔“

Currently Selected:

متّی 19: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in