پیدائش 16
16
ہاگرؔ اَور اِشمعیل
1اَبرامؔ کی بیوی سارَیؔ کے کویٔی اَولاد نہ ہُوئی لیکن اُن کی ایک مِصری لونڈی تھی جِن کا نام ہاگارؔ تھا۔ 2چنانچہ سارَیؔ نے اَبرامؔ سے کہا، ”یَاہوِہ نے مُجھے تو اَولاد سے محروم رکھا ہے لیکن آپ میری لونڈی کے پاس جائیے۔ شاید اُس سے میرا گھر آباد ہو جائے۔“
اَبرامؔ نے سارَیؔ کی بات مان لی۔ 3اَبرامؔ کو مُلکِ کنعانؔ میں رہتے ہویٔے دس بَرس گزر چُکے تھے۔ تَب اَبرامؔ کی بیوی سارَیؔ نے اَپنی مِصری لونڈی ہاگارؔ کو اَپنے خَاوند کے سُپرد کر دیا تاکہ وہ اَبرامؔ کی بیوی بنے۔ 4اَور اَبرامؔ ہاگارؔ کے پاس گئے اَور ہاگارؔ حاملہ ہُوئیں۔
جَب ہاگارؔ کو مَعلُوم ہُوا کہ وہ حاملہ ہیں تو وہ اَپنی مالکن کو حقیر جاننے لگیں۔ 5تَب سارَیؔ نے اَبرامؔ سے کہا، ”جو ظُلم مُجھ پر ہو رہاہے اُس غلطی کے لیٔے آپ ذمّہ دار ہیں۔ مَیں نے اَپنی لونڈی کو آپ کی آغوش میں دیا اَور اَب جَب کہ وہ جانتی ہے کہ وہ حاملہ ہے تو وہ مُجھے حقیر جاننے لگی ہے۔ اَب یَاہوِہ اِس مُعاملہ میں ہم دونوں کا اِنصاف کریں۔“
6اَبرامؔ نے فرمایا، ”تمہاری لونڈی سارَیؔ تمہارے ہاتھ میں ہے۔ تُم جو چاہو ہاگارؔ کے ساتھ کرو!“ جَب سارَیؔ ہاگارؔ کے ساتھ سختی سے پیش آنے لگیں تو وہ سارَیؔ کے پاس سے فرار ہو گئیں۔
7یَاہوِہ کے فرشتہ نے ہاگارؔ کو بیابان میں شُورؔ کی راہ کے کنارے ایک چشمہ کے پاس پایا۔ 8اَور اُس نے کہا، ”اَے سارَیؔ کی لونڈی ہاگارؔ! تُم کہاں سے آئی ہو اَور کدھر جا رہی ہو؟“
ہاگارؔ نے جَواب دیا، ”میں اَپنی مالکن، سارَیؔ کے پاس سے فرار ہو گئی ہُوں۔“
9تَب یَاہوِہ کے فرشتہ نے ہاگارؔ سے کہا، ”تُم اَپنی مالکن کے پاس لَوٹ جاؤ اَور اَپنے آپ کو سارَیؔ کے سُپرد کر دو۔“ 10یَاہوِہ کے فرشتہ نے مزید کہا، ”مَیں تمہاری اَولاد کو اِس قدر بڑھاؤں گا کہ اُن کی تعداد شُمار سے باہر ہو جائے گی۔“
11یَاہوِہ کے فرشتہ نے ہاگارؔ سے یہ بھی کہا:
”تُم اَب حاملہ ہو
اَور تمہارے ہاں بیٹا پیدا ہوگا۔
تُم اُس کا نام اِشمعیل#16:11 اِشمعیل یعنی خُدا نے سُنا رکھنا
کیونکہ یَاہوِہ نے تمہاری دُکھ بھری فریاد سُن لی ہے۔
12اَور وہ گورخر کی مانند آزاد مَرد ہوگا؛
اِشمعیل کا ہاتھ سَب کے خِلاف اُٹھے گا
اَور ہر ایک کا ہاتھ اِشمعیل کے خِلاف،
اَور اِشمعیل زندگی بھر اَپنے سَب بھائیوں کے ساتھ
مُخالف ماحول میں زندگی گُزاریں گے۔“
13اَور جِس یَاہوِہ نے ہاگارؔ سے باتیں کیں، اُس کا نام ہاگارؔ نے: اتاایلؔ روئی رکھا یعنی، ”تُو بصیر خُدا ہے کیونکہ اُس نے کہا کہ مَیں نے بھی یہاں اُس بصیر کو دیکھاہے۔“ 14اِسی لیٔے اُس کنویں کا نام بیرلخیؔ روئی#16:14 بیرلخیؔ روئی یعنی جو مُجھے دیکھنے والے زندہ خُدا کا کنواں۔ پڑا؛ وہ قادِسؔ، اَور بیردؔ کے درمیان واقع ہے۔
15اَور اَبرامؔ سے ہاگارؔ کے ہاں ایک بیٹا پیدا ہُوا اَور اَبرامؔ نے اُس بیٹے کا نام جو ہاگارؔ سے پیدا ہُوا تھا اِشمعیل رکھا۔ 16جَب اَبرامؔ سے ہاگارؔ کے ہاں اِشمعیل پیدا ہُوا تَب اَبرامؔ چھیاسی بَرس کے تھے۔
Valgt i Øjeblikket:
پیدائش 16: UCV
Markering
Del
Kopiér
Vil du have dine markeringer gemt på tværs af alle dine enheder? Tilmeld dig eller log ind
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.