پیدائش 4
4
قائِنؔ اَور ہابلؔ
1اَور آدمؔ نے اَپنی بیوی حوّاؔ سے ہمبستری کی اَور وہ حاملہ ہُوئی، اَور حوّاؔ نے قائِنؔ#4:1 قائِنؔ پایا ہُوا کو پیدا کیا۔ حوّاؔ نے کہا، ”مُجھے یَاہوِہ کی طرف سے ایک فرزند عطا ہُواہے۔“ 2اُس کے بعد قائِنؔ کے بھایٔی ہابلؔ کو پیدا کیا۔
ہابلؔ بھیڑ بکریوں کا چرواہا تھا، اَور قائِنؔ کھیتی باڑی کرتا تھا۔ 3کچھ عرصہ کے بعد قائِنؔ زمین کی پیداوار میں سے یَاہوِہ کے لیٔے ہدیہ لایا۔ 4اَور ہابلؔ بھی اَپنی بھیڑ بکریوں کے چند پہلوٹھے بچّے اَور اُن کی چربی لے آیا، یَاہوِہ نے ہابلؔ اَور اُس کے ہدیہ کو قبُول کیا، 5لیکن قائِنؔ اَور اُس کے ہدیہ کو منظُور نہیں کیا۔ لہٰذا قائِنؔ نہایت برہم ہُوا اَور اُس کا چہرہ اُتر گیا۔
6تَب یَاہوِہ نے قائِنؔ سے فرمایا، ”تُو کیوں برہم ہو گیا اَور تیرا چہرہ کِس لیٔے اُترا ہُواہے؟ 7اگر تُو بھلا کرے تو کیا تُو مقبُول نہ ہوگا؟ لیکن اگر تُو بھلا نہ کرے، تو گُناہ تیرے دروازہ پر دبکا بیٹھا ہے، اَور تُجھے دبوچ لینا چاہتاہے۔ لیکن تُجھے اُس پر غالب آنا چاہئے۔“
8تَب قائِنؔ نے اَپنے بھایٔی ہابلؔ سے کہا، ”چلو ہم کھیت میں چلیں۔“ اَور جَب وہ کھیت میں تھے تو قائِنؔ نے اَپنے بھایٔی ہابلؔ پر حملہ کیا اَور اُسے قتل کر ڈالا۔
9تَب یَاہوِہ نے قائِنؔ سے فرمایا، ”تیرا بھایٔی ہابلؔ کہاں ہے؟“
اُس نے کہا، ”مُجھے مَعلُوم نہیں۔ کیا مَیں اَپنے بھایٔی کا نگہبان ہُوں؟“
10تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”تُونے یہ کیا کیا؟ تمہارے بھایٔی کا خُون زمین سے مُجھے پُکارتا ہے۔ 11اَب تُجھ پر لعنت ہے اَور جِس زمین نے تمہارے ہاتھ سے تمہارے بھایٔی کا خُون لینے کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولا تھا، اُس نے تُجھے دھتکار دیا ہے۔ 12جَب تُو زمین کو جوتے گا، تو وہ تُجھے اَپنی پیداوار نہیں دے گی؛ اَور تُو بےچین ہوکر زمین پر مارا مارا پھرتا رہے گا۔“
13قائِنؔ نے یَاہوِہ سے کہا، ”میری سزا میری برداشت سے باہر ہے۔ 14آج آپ مُجھے وطن سے نکال رہے ہیں اَور مَیں آپ کی حُضُوری سے روپوش ہو جاؤں گا اَور بےچین ہوکر رُوئے زمین پر مارا مارا پھرتا رہُوں گا اَورجو کویٔی مُجھے پایٔےگا، قتل کر ڈالے گا۔“
15لیکن یَاہوِہ نے اُس سے فرمایا، ”اَیسا نہیں ہوگا، بَلکہ جو کویٔی قائِنؔ کو قتل کرےگا، اُس سے سات گُنا بدلہ لیا جائے گا۔“ تَب یَاہوِہ نے قائِنؔ پر ایک نِشان لگا دیا، تاکہ کویٔی اُسے پا کر قتل نہ کر دے۔ 16چنانچہ قائِنؔ یَاہوِہ کی حُضُوری سے نکل گیا اَور عدنؔ کے مشرق میں نودؔ کے علاقہ میں جا بسا۔
17اَور قائِنؔ نے اَپنی بیوی سے ہمبستری کی اَور وہ حاملہ ہُوئی اَور اُس سے حنوخؔ پیدا ہُوا۔ تَب قائِنؔ نے ایک شہر بسایا اَور اُس کا نام اَپنے بیٹے کے نام پر حنوخؔ رکھا۔ 18حنوخؔ سے عیرادؔ پیدا ہُوا، اَور عیرادؔ سے مخُویاایلؔ پیدا ہُوا۔ اَور مخُویاایلؔ سے مِتھوشاایلؔ پیدا ہُوا، اَور مِتھوشاایلؔ سے لمکؔ پیدا ہُوا۔
19لمکؔ نے دو عورتوں سے شادی کی، اُن میں سے ایک کا نام عدہؔ اَور دُوسری کا ضِلّہؔ تھا۔ 20عدہؔ کے ہاں یابلؔ پیدا ہُوا؛ وہ اُن کا باپ تھا جو خیموں میں رہتے تھے اَور مویشی پالتے تھے۔ 21اُس کے بھایٔی کا نام یُوبلؔ تھا۔ وہ اُن لوگوں کا باپ تھا جو بربط اَور بانسری بجاتے تھے۔ 22ضِلّہؔ کے ہاں بھی تُوبل قائِنؔ نامی بیٹا پیدا ہُوا جو کانسے اَور لوہے سے مُختلف قِسم کے اوزار بناتا تھا۔ نعمہؔ، تُوبل قائِنؔ کی بہن تھی۔
23لمکؔ نے اَپنی بیویوں سے کہا،
”اَے عدہؔ اَور ضِلّہؔ! میری بات سُنو؛
اَے لمکؔ کی بیویو! میرے سُخن پر کان لگاؤ؛
مَیں نے ایک آدمی کو جِس نے مُجھے زخمی کیا تھا، مار ڈالا ہے،
اَور چوٹ کھا کر ایک جَوان کو قتل کر دیا۔
24اگر قائِنؔ کا بدلہ سات گُنا لیا جائے گا،
تو لمکؔ کا ستّر اَور سات گُنا۔“
25اَور آدمؔ پھر اَپنی بیوی کے پاس گیا اَور اُن کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا اَور اُس کا نام شیتؔ#4:25 شیتؔ یعنی دیا گیا رکھا اَور کہا، ”خُدا نے مُجھے ہابلؔ کی جگہ جسے قائِنؔ نے قتل کیا، دُوسرا فرزند عطا فرمایا۔“ 26شیتؔ کے ہاں بھی ایک بیٹا پیدا ہُوا اَور اُس نے اُس کا نام انُوشؔ رکھا۔
اُس وقت سے لوگ یَاہوِہ کا نام لے کر دعا کرنے لگے۔
Valgt i Øjeblikket:
پیدائش 4: UCV
Markering
Del
Kopiér
Vil du have dine markeringer gemt på tværs af alle dine enheder? Tilmeld dig eller log ind
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.