پیدائش 49
49
یعقوب کا اَپنے بیٹوں کو برکت دینا
1تَب یعقوب نے اَپنے بیٹوں کو بُلایا اَور کہا: ”تُم سَب جمع ہو جاؤ تاکہ مَیں تُمہیں بتاؤں کہ آئندہ دِنوں میں تُم پر کیا کیا گزرے گا۔
2”اَے یعقوب کے بیٹو جمع ہوکر سُنو؛
اَپنے باپ اِسرائیل کی طرف کان لگاؤ۔
3”اَے رُوبِنؔ تُم میرے پہلوٹھے ہو،
میری قُوّت اَور میری ہمّت کا پہلا پھل ہو۔
تُمہیں اِعزاز اَور قُدرت میں سبقت حاصل ہے۔
4تُم پانی کی طرح سرکش ہو اِس لیٔے تُمہیں فضیلت نہیں ملے گی،
کیونکہ تُم نے اَپنے باپ کے بِستر کو ناپاک کیا،
میرے بچھونے پر چڑھ کر تُم نے اُسے ناپاک کر ڈالا۔
5”اَے شمعُونؔ اَور لیوی تُم بھایٔی بھایٔی ہو۔
اُن کی تلواریں تشدّد کے ہتھیار ہیں۔
6مُجھے اُن کی جماعت میں داخل نہ ہونے دو،
اَور نہ اُن کی محفل میں شریک ہونے دو۔
کیونکہ اُنہُوں نے اَپنے غضب میں لوگوں کو قتل کیا،
اَور جَب جی چاہا بَیلوں کی کُونچیں کاٹ دیں۔
7لعنت ہو اُن کے غضب پرجو نہایت شدید تھا،
اَور اُن کے قہر پر کیونکہ وہ نہایت سخت تھا!
میں اُنہیں یعقوب میں مُنتشر
اَور اِسرائیل میں پراگندہ کر دُوں گا۔
8”اَے یہُوداہؔ! تمہارے بھایٔی تمہاری مدح کریں گے؛
اَور تمہارا ہاتھ تمہارے دُشمنوں کی گردن پر ہوگا؛
اَور تمہارے باپ کی اَولاد تمہارے آگے سرنِگوں ہوگی۔
9اَے یہُوداہؔ! تُم شیرببر کے بچّے ہو؛
میرے بیٹے! تُم شِکار کرکے لَوٹے ہو۔
وہ شیرببر بَلکہ شیرنی کی طرح دبک کر بیٹھ گئے،
کون اُسے چھیڑنے کی جُرأت کرےگا؟
10یہُوداہؔ کے قبیلہ سے عصائے شاہی نہیں چُھوٹے گی،
اَور تمام قومیں اُس کی مطیع نہیں ہو جاتیں،
تَب تک یہُوداہؔ کے ہاتھ سے نہ تو بادشاہی جائے گی،
نہ ہی اُس کی نَسل سے شیلوہؔ یعنی عصائے شاہی موقُوف ہوگا۔
11وہ اَپنا گدھا انگور کی بیل سے،
اَور اَپنی گدھی کا بچّہ اَپنی پسند ترین شاخ سے باندھے گا۔
وہ اَپنا لباس مَے میں،
اَور اَپنا جامہ کو انگور کے رس میں دھویا کرےگا۔
12اُس کی آنکھیں انگوری شِیرے سے زِیادہ سُرخ،
اَور اُس کے دانت دُودھ سے زِیادہ سفید ہوں گے۔
13”زبُولُون سمُندر کے کنارے بسے گا،
اَور جہازوں کے لیٔے بندرگاہ ہوگا؛
اُس کی حد صیدونؔ تک پھیلی ہوگی۔
14”یِسَّکاؔر ایک مضبُوط گدھا ہے
جو دو بھیڑوں کے باڑوں کے درمیان بیٹھا ہے۔
15وہ ایک اَچھّی آرامگاہ ہے
اَور خُوشنما زمین دیکھ کر،
وہ اَپنے کندھے کو بوجھ اُٹھانے کے لیٔے جھُکاتا ہے
اَور بیگاری میں غُلام کی مانند کام کرنے لگتا ہے۔
16”دانؔ اِسرائیل کے قبیلوں میں سے ایک قبیلہ کی حیثیت سے
اَپنے لوگوں کا اِنصاف کرےگا۔
17دانؔ راستہ کا سانپ ہے،
اَور راہ گزر کا افعی ہے،
جو گھوڑے کی اِیڑی کو اَیسے ڈستا ہے
کہ اُس کا سوار پچھاڑ کھا کر گِر پڑتا ہے۔
18”اَے یَاہوِہ! مَیں آپ کی نَجات کی راہ دیکھتا ہُوں۔
19”گادؔ پر چھاپا ماروں کا ایک دستہ حملہ کرےگا،
لیکن وہ اُن پر پیچھے سے ہلّا بول دے گا۔
20”آشیر کا اناج نفیس ہوگا
اَور وہ بادشاہوں کے لائق لذیذ اَشیا مُہیّا کرےگا۔
21”نفتالی ایک آزاد کی ہُوئی ہِرنی کی مانند ہے،
اُس کے مُنہ سے میٹھی میٹھی باتیں نکلتی ہیں۔#49:21 کچھ قدیمی نُسخوں میں مرقوم ہے: خُوبصورت بچّوں کو پیدا کرتی ہے۔
22”یُوسیفؔ پھلدار انگور کی بیل ہے،
اَیسی پھلدار بیل جو پانی کے چشمہ کے پاس لگی ہے،
جِس کی شاخیں دیوار پر چڑھی ہُوئی ہیں۔
23تیر اَندازوں نے نہایت تیزی سے اُس پر حملہ کیا؛
عداوت سے اُنہُوں نے اُس پر تیر برسائے۔
24لیکن یعقوب کے قادر کے ہاتھ سے،
اَور اُس چرواہے کے سبب سے جو اِسرائیل کی چٹّان ہے،
اُس کی کمان مضبُوط رہی،
اَور اُس کے قوی بازوؤں کی قُوّت قائِم رہی۔
25تمہارے باپ کے خُدا کے سبب جو تمہاری مدد کرتے ہیں،
اَور قادرمُطلق کے سبب جو تُمہیں
اُوپر سے آسمان کی برکتوں سے،
اَور نیچے سے گہرے سمُندر کی برکتوں سے،
اَور چھاتِیوں اَور رِحموں کی برکتوں سے نوازتے ہیں۔
26تمہارے باپ کی برکتیں
قدیم پہاڑوں کی برکتوں سے،
اَور پرانی پہاڑیوں کی با اِفراط پیداوار سے بڑھ کر ہیں۔
یہ سَب یُوسیفؔ کے سَر پر، بَلکہ اُس کی پیشانی پر
جو بھائیوں میں شہزادہ ہے نازل ہوتی رہیں۔
27”بِنیامین بھُوکا بھیڑیا ہے؛
جو صُبح کو شِکار کو پھاڑ کھاتا ہے،
اَور شام کو لُوٹ کا مال بانٹتا ہے۔“
28یہ سَب اِسرائیل کے بَارہ قبیلے ہیں اَور یہی وہ باتیں ہیں جو اُن کے باپ نے اُنہیں برکت دیتے وقت کہیں اَور ہر ایک کو وُہی برکت دی جِس کے وہ لائق تھا۔
یعقوب کی وفات
29تَب یعقوب نے اُنہیں یہ وصیّت کی، ”میں اَب جلد ہی اَپنے لوگوں میں جا ملوں گا۔ مُجھے اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ اُس غار میں دفن کرنا جو حِتّی عِفرونؔ کے کھیت میں ہے۔ 30یعنی اُسی غار میں جو مُلکِ کنعانؔ میں ممرےؔ کے نزدیک مکفیلہؔ کے کھیت میں ہے جسے اَبراہامؔ نے حِتّی عِفرونؔ سے قبرستان کے لیٔے کھیت سمیت خرید لیا تھا۔ 31جہاں اَبراہامؔ اَور اُن کی بیوی سارہؔ دفن کئے گیٔے جہاں اِصحاقؔ اَور اُن کی بیوی رِبقہؔ دفن ہویٔے اَور جہاں مَیں نے لِیاہؔ کو دفن کیا۔ 32وہ کھیت اَور اُس میں واقع غار حِتّیوں سے خریدے گیٔے تھے۔“
33جَب یعقوب اَپنے بیٹوں کو وصیّت کرچکے تو اُنہُوں نے اَپنے پاؤں بِستر پر سمیٹ لیٔے اَور آخِری سانس لی اَور اَپنے لوگوں میں جا مِلے۔
Επιλέχθηκαν προς το παρόν:
پیدائش 49: UCV
Επισημάνσεις
Κοινοποίηση
Αντιγραφή
Θέλετε να αποθηκεύονται οι επισημάνσεις σας σε όλες τις συσκευές σας; Εγγραφείτε ή συνδεθείτε
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.