Λογότυπο YouVersion
Εικονίδιο αναζήτησης

لُوقا 5

5
حُضُور یِسوعؔ کے پہلے شاگرد
1ایک دِن یِسوعؔ گنیسرتؔ#5‏:1 گنیسرتؔ یا اِسے گلِیل کی جھیل بھی کہتے ہیں۔‏ کی جھیل کے کنارے کھڑے تھے اَور لوگوں کا ایک ہُجوم خُدا کا کلام سُننے کی غرض سے آپ پر گرا پڑتا تھا۔ 2یِسوعؔ نے دو کشتیاں کنارے لگی ہویٔی دیکھیں۔ مچھلی پکڑنے والے اُنہیں وہاں چھوڑکر اَپنے جال دھونے میں لگے ہُوئے تھے۔ 3یِسوعؔ اُن میں سے ایک پر چڑھ گیٔے اَور اُس کے مالک شمعُونؔ سے درخواست کہ کشتی کو کنارے سے ہٹا کر ذرا دُور لے چل۔ پھر آپ کشتی میں بیٹھ گیٔے اَور لوگوں کو تعلیم دینے لگے۔
4جَب یِسوعؔ اُن سے کلام کر چُکے تو آپ نے شمعُونؔ سے کہا، ”کشتی کو گہرے پانی میں لے چل اَور تُم مچھلیاں پکڑنے کے لیٔے اَپنے جال ڈالو۔“
5شمعُونؔ نے جَواب دیا، ”اَے مالک، ہم نے ساری رات محنت کی لیکن کُچھ ہاتھ نہ آیا، لیکن آپ کے کہنے پر، جال ڈالتا ہُوں۔“
6چنانچہ اُنہُوں نے جال ڈالے اَور مچھلیوں کااِتنا بڑا غول گھیرلیا کہ اُن کے جال پھٹنے لگے۔ 7تَب اُنہُوں نے دُوسری کشتی والے ساتھیوں کو اِشارہ کیا کہ آؤ اَور ہماری مدد کرو۔ پس وہ آئے اَور دونوں کشتیوں کو مچھلیوں سے اِس قدر بھر دیا کہ وہ ڈُوبنے لگیں۔
8شمعُونؔ پطرس نے یہ دیکھا تو، وہ یِسوعؔ کے پاؤں پر گِر کر کہنے لگے، ”اَے خُداوؔند؛ میں گُنہگار آدمی ہُوں۔ آپ میرے پاس سے چلے جائیے!“ 9وجہ یہ تھی کہ وہ اَور اُن کے ساتھی مچھلیوں کے اِتنے بڑے شِکار کے سبب حیرت زدہ تھے۔ 10یہی حال زبدیؔ کے بیٹوں، یعقوب اَور یُوحنّا کا بھی تھا جو شمعُونؔ کے ساتھی تھے۔
یِسوعؔ نے شمعُونؔ سے کہا، ”خوف نہ کر، اَب سے تُو اِنسانوں کو پکڑا کرےگا۔“ 11وہ کشتیوں کو کنارے لے آئے اَور سَب کُچھ چھوڑکر آپ کے پیچھے ہو لیٔے۔
ایک کوڑھی کا شفا پانا
12ایک دفعہ یِسوعؔ اُس علاقہ کے ایک شہر میں تھے تو اَیسا ہُوا کہ ایک آدمی جِس کے سارے جِسم پر کوڑھ پھیلا تھا۔ یِسوعؔ کو دیکھ کر مُنہ کے بَل زمین پر گِر کر حُضُور سے یُوں اِلتجا کرنے لگاکہ، ”اَے خُداوؔند، اگر آپ چاہیں تو مُجھے کوڑھ سے پاک کر سکتے ہیں۔“
13اَور یِسوعؔ نے ہاتھ بڑھا کر اُسے چھُوا اَور کہا، ”میں چاہتا ہُوں، تُو پاک صَاف ہو جا!“ اَور اُسی وقت اُس نے کوڑھ سے شفا پائی۔
14تَب یِسوعؔ نے اُسے تاکید کی، ”کسی سے کُچھ نہ کہنا، بَلکہ سیدھا کاہِنؔ کے پاس جا کر، اَپنے آپ کو دِکھا اَور اَپنے ساتھ وہ نذریں بھی لے جا جو حضرت مَوشہ نے تمہارے پاک صَاف ہونے کے لیٔے مُقرّر کی ہیں، تاکہ لوگوں کے سامنے گواہی ہو۔“
15لیکن یِسوعؔ کے بارے میں سَب کو خبر ہو گئی اَور لوگ کثرت سے جمع ہونے لگے تاکہ حُضُور کی تعلیم سُنیں اَور اَپنی بیماریوں سے شفا پائیں۔ 16لیکن آپ اکثر غَیر آباد مقاموں میں چلے جاتے اَور دعا کیا کرتے تھے۔
ایک مفلُوج کا شفا پانا
17ایک دِن اَیسا ہُوا کہ یِسوعؔ تعلیم دے رہے تھے اَور کُچھ فرِیسی اَور شَریعت کے عالِم جو گلِیل اَور یہُودیؔہ کے ہر قصبہ اَور یروشلیمؔ سے آکر وہاں بیٹھے ہُوئے تھے۔ اَور خُداوؔند کی قُدرت یِسوعؔ کے ساتھ تھی کہ وہ بیماریوں کو شفا دیں۔ 18کُچھ لوگ ایک مفلُوج کو بچھونے پر ڈال کر لایٔے اَور کوشش کرنے لگے کہ اُسے اَندر لے جا کر یِسوعؔ کے سامنے رکھ دیں۔ 19لیکن ہُجوم اِس قدر تھا کہ وہ اُسے اَندر نہ لے جا سکے۔ تَب وہ چھت پر چڑھ گیٔے اَور کھپریل ہٹا کر مفلُوج کو چارپائی سمیت لوگوں کے بیچ میں یِسوعؔ کے سامنے اُتار دیا۔
20آپ نے اُن کا ایمان دیکھ کر کہا، ”دوست! تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے۔“
21شَریعت کے عالِم اَور فرِیسی سوچنے لگے، ”یہ آدمی کون ہے جو کُفر بَکتا ہے۔ خُدا کے سِوا کون گُناہ مُعاف کر سَکتا ہے؟“
22یِسوعؔ کو اُن کے خیالات مَعلُوم ہو گئے کی ”وہ اَپنے دِلوں میں کیا سوچ رہے ہیں؟ تَب آپ نے جَواب میں اُن سے پُوچھا، تُم اَپنے دِلوں میں اَیسی باتیں کیوں سوچتے ہو؟ 23یہ کہنا زِیادہ آسان ہے: ’تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے،‘ یا ’یہ کہنا کہ اُٹھ اَور چل پھر‘؟ 24لیکن مَیں چاہتا ہُوں کہ تُمہیں مَعلُوم ہو کہ اِبن آدمؔ کو زمین پر گُناہ مُعاف کرنے کا اِختیار ہے۔“ حُضُور نے مفلُوج سے کہا، ”مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، اُٹھ اَور اَپنا بچھونا اُٹھاکر اَپنے گھر چلا جا۔“ 25وہ اُن کے سامنے اُسی وقت اُٹھ کر کھڑا ہو گیا اَور جِس بچھونے پر وہ پڑا تھا اُسے اُٹھاکر خُدا کی تمجید کرتا ہُوا اَپنے گھر چلا گیا۔ 26وہ سَب حیران رہ گیٔے اَور خُدا کی تمجید کرنے لگے۔ اَور سَب پر خوف طاری ہو گیا اَور وہ کہنے لگے، ”کہ آج ہم نے عجِیب باتیں دیکھی ہیں۔“
لیوی کا بُلایا جانا
27اِن واقعات کے بعد یِسوعؔ وہاں سے نکلے اَور ایک محصُول لینے والے کو جِس کا نام لیوی تھا، محصُول کی چوکی پر بیٹھے دیکھا۔ یِسوعؔ نے اُس سے کہا، ”میرے پیروکار ہو جاؤ۔“ 28وہ اُٹھا اَور سَب کُچھ چھوڑکر، حُضُور کے پیچھے چل دیا۔
29پھر لیوی نے اَپنے گھر میں یِسوعؔ کے لیٔے ایک بڑی ضیافت ترتیب دی اَور وہاں محصُول لینے والوں اَور دُوسرے لوگوں کا جو ضیافت میں شریک تھے بڑا مجمع تھا۔ 30لیکن فرِیسی اَور شَریعت کے عالِم جو فرِیسی فرقہ سے تعلّق رکھتے تھے یِسوعؔ کے شاگردوں سے شکایت کرکے کہنے لگے، ”تُم محصُول لینے والوں اَور گُنہگاروں کے ساتھ کیوں کھاتے پیتے ہو؟“
31یِسوعؔ نے جَواب میں اُن سے کہا، ”بیماریوں کو طبیب کی ضروُرت ہوتی ہے، صحت مندوں کو نہیں۔ 32میں راستبازوں کو نہیں بَلکہ گُنہگاروں کو تَوبہ کرنے کے لیٔے بُلانے آیا ہُوں۔“
روزہ رکھنے کے بارے میں سوال
33فرِیسی اَور شَریعت کے عالِموں نے یِسوعؔ سے کہا، ”حضرت یُوحنّا کے شاگرد تو اکثر روزہ رکھتے اَور دعائیں کرتے ہیں اَور اِسی طرح فریسیوں کے بھی لیکن آپ کے شاگرد تو کھاتے پیتے رہتے ہیں؟“
34یِسوعؔ نے اُن سے کہا، ”کیا تُم دُلہا کی مَوجُودگی میں؛ براتیِوں سے روزہ رکھوا سکتے ہو ہرگز نہیں۔ 35لیکن وہ دِن آئیں گے جَب دُلہا اُن سے جُدا کیا جائے گا؛ تَب اُن دِنوں میں وہ روزہ رکھیں گے۔“
36اَور یِسوعؔ نے اُن سے یہ تمثیل بھی کہی: ”نئی پوشاک کو پھاڑ کر اُس کا پیوند پُرانی پوشاک پر کویٔی نہیں لگاتا ورنہ، نئی بھی پھٹے گی اَور اُس کا پیوند پُرانی پوشاک سے میل بھی نہ کھائے گا۔ 37تازہ انگوری شِیرے کو بھی پُرانی مَشکوں میں کویٔی نہیں بھرتا ورنہ، مَشکیں اُس نئے انگوری شِیرے سے پھٹ جایٔیں گی، شِیرہ بھی بہہ جائے گا اَور مَشکیں بھی برباد ہو جایٔیں گی۔ 38بَلکہ، نئے انگوری شِیرے کو نئی مَشکوں میں بھرنا چاہئے۔ 39پُرانا شِیرہ پی کر نئے کی خواہش کویٔی نہیں کرتا، کیونکہ وہ کہتاہے کہ ’پُرانی ہی خُوب ہے۔‘ “

Επιλέχθηκαν προς το παρόν:

لُوقا 5: UCV

Επισημάνσεις

Κοινοποίηση

Αντιγραφή

None

Θέλετε να αποθηκεύονται οι επισημάνσεις σας σε όλες τις συσκευές σας; Εγγραφείτε ή συνδεθείτε