لُوقا 23

23
1تَب پُوری مَجلِس اُٹھی اَور یِسوعؔ کو پِیلاطُسؔ کے پاس لے گئی۔ 2اَور آپ پر یہ کہہ کر اِلزام لگانے لگے، ”کہ ہم نے اِسے ہماری قوم کو بہکاتے پایا ہے وہ قَیصؔر کو محصُول اَدا کرنے سے منع کرتا ہے اَور دعویٰ کرتا ہے کہ میں المسیح، اَور ایک بادشاہ ہُوں۔“
3تَب پِیلاطُسؔ نے یِسوعؔ سے پُوچھا، ”کیا آپ یہُودیوں کے بادشاہ ہیں؟“
یِسوعؔ نے اُسے جَواب دیا، ”تُم نے خُود ہی کہہ دیا۔“
4پِیلاطُسؔ نے اہم کاہِنوں اَور عوام سے کہا، ”میں اِس شخص میں کویٔی قُصُور نہیں پاتا۔“
5لیکن وہ اِصرار کرکے کہنے لگے، ”وہ پُورے یہُودیؔہ میں گلِیل سے لے کر یہاں تک لوگوں کو اَپنی تعلیم سے اُکساتا ہے۔“
6جَب پِیلاطُسؔ نے یہ سُنا تو اُس نے پُوچھا، کیا یہ آدمی گلِیلی ہے؟ 7اَور جُوں ہی اُسے مَعلُوم ہُوا کہ وہ ہیرودیسؔ کی عملداری کا ہے، اُسے ہیرودیسؔ کے پاس بھیج دیا جو اُن دِنوں خُود بھی یروشلیمؔ میں تھا۔
8جَب ہیرودیسؔ نے یِسوعؔ کو دیکھا، تو نہایت خُوش ہُوا، اِس لیٔے کہ اُسے ایک عرصے سے یِسوعؔ کو دیکھنے کی خواہش تھی۔ اَور اُس نے آپ کے بارے میں بہت سِی باتیں سُن رکھی تھیں، اَور اُسے اُمّید تھی کہ وہ یِسوعؔ کا کویٔی معجزہ بھی دیکھ سکےگا۔ 9اُس نے یِسوعؔ سے بہت کُچھ پُوچھا، لیکن یِسوعؔ نے اُسے کویٔی جَواب نہ دیا۔ 10اَور اہم کاہِن اَور شَریعت کے عالِم وہاں کھڑے ہوکر، بڑی سختی سے آپ پر اِلزام لگا رہے تھے۔ 11تَب ہیرودیسؔ اَور اُس کے سپاہیوں نے ساتھ مِل کر یِسوعؔ کی بے عزّتی کی اَور ہنسی اُڑائی۔ پھر ایک چمکدار لباس پہناکر آپ کو پِیلاطُسؔ کے پاس واپس بھیج دیا۔ 12اُسی دِن پِیلاطُسؔ اَور ہیرودیسؔ ایک دُوسرے کے دوست بَن گیٔے حالانکہ اِس سے پہلے اُن میں دُشمنی تھی۔
13تَب پِیلاطُسؔ نے اہم کاہِنوں، حاکموں اَور عوام کو جمع کیا 14اَور اُن سے کہا، ”تُم اِس شخص کو میرے پاس یہ کہتے ہویٔے لایٔے کہ یہ لوگوں کو بغاوت کرنے کے لیٔے بہکاتا ہے۔ مَیں نے خُود بھی تمہارے سامنے اُس سے بازپُرس کی مگر جِس جُرم کا اِلزام تُم اُس پر لگاتے ہو، مَیں نے اُسے قُصُوروار نہیں پایا ہے۔ 15اَور نہ ہی ہیرودیسؔ نے، کیوں کہ اُس نے اُسے ہمارے پاس واپس بھیج دیا۔ دیکھو، اِس نے کویٔی اَیسا کام نہیں کیا ہے جو اِسے قتل کے لائق ٹھہرائے۔ 16لہٰذا، میں اِسے پِٹوا کر چھوڑ دُوں گا۔“ 17اُسے لازِم تھا کہ عید کے موقع پر مُجرموں میں سے کسی ایک کو اُن کی خاطِر رِہا کر دے۔#23‏:17 کُچھ نوشتوں میں دئیے گیٔے حوالہ جَیسی آیت پائی جاتی ہے۔ مت 27‏:15‏ اَور مرقُ 15‏:6‏‏
18لیکن پُوری عوام ایک آواز میں چِلّانے لگی، ”کہ اِس آدمی کو مار ڈالو! ہماری خاطِر بَراَبّؔا کو رِہا کر دے!“ 19(بَراَبّؔا شہر میں بغاوت، اَور خُون کے اِلزام میں قَید کیا گیا تھا۔)
20پِیلاطُسؔ نے یِسوعؔ کو رِہا کرنے کے اِرادہ سے، اُن سے دوبارہ پُوچھا۔ 21لیکن وہ چِلّانے لگے، ”کہ اِسے مصلُوب کرو! اِسے مصلُوب کرو!“
22تَب اُس نے اُن سے تیسری بار پُوچھا: ”کیوں؟ آخِر اِس نے کون سا جُرم کیا ہے؟ مَیں نے اِس میں اَیسا کویٔی قُصُور نہیں پایا کہ وہ سزائے موت کا مُستحق ہو۔ اِس لیٔے میں اِسے پِٹوا کر چھوڑ دیتا ہُوں۔“
23لیکن وہ چِلّا چِلّاکر مطالبہ کرنے لگے کہ وہ مصلُوب کیا جائے اَور اُن کا چِلّانا کارگر ثابت ہُوا۔ 24پس پِیلاطُسؔ نے اُن کی درخواست کے مُطابق موت کا حُکم صادر کر دیا۔ 25اَورجو آدمی بغاوت اَور خُون کے جُرم میں قَید میں تھا جِس کی رِہائی اُنہُوں نے ماںگی تھی، اُسے چھوڑ دیا گیا، اَور یِسوعؔ کو اُن کی مرضی کے مُوافق اُن کے حوالے کر دیا۔
حُضُور یِسوعؔ کا مصلُوب ہونا
26جَب فَوجی یِسوعؔ کو لیٔے جا رہے تھے، تو اُنہُوں نے شمعُونؔ کُرینی کو جو اَپنے گاؤں سے آ رہاتھا پکڑ لیا، اَور صلیب اُس پر رکھ دی تاکہ وہ اُسے اُٹھاکر یِسوعؔ کے پیچھے پیچھے لے چلے۔ 27لوگوں کا ایک بڑا ہُجوم آپ کے پیچھے ہو لیا، اَور ہُجوم میں کیٔی عورتیں بھی تھیں جو آپ کے لیٔے نوحہ اَور ماتم کر رہی تھیں۔ 28یِسوعؔ نے مُڑ کر اُن سے کہا، ”اَے یروشلیمؔ کی بیٹیوں! میرے لیٔے مت روؤ؛ بَلکہ اَپنے لیٔے اَور اَپنے بچّوں کے لیٔے روؤ۔ 29کیونکہ وہ دِن آنے والے ہیں جَب تُم یہ کہوگی، ’وہ بانجھ عورتیں مُبارک ہیں جِن کے رحم بچّوں سے خالی رہے، اَور جِن کی چھاتِیوں نے دُودھ نہیں پِلایا!‘ 30تَب
” ’وہ پہاڑوں سے کہیں گے، ”ہم پر گِر پڑو!“
اَور ٹیلوں سے، ”کہ ہمیں چھُپا لو!“ ‘#23‏:30 ہوش 10‏:8‏‏
31کیونکہ، جَب لوگ ہرے درخت کے ساتھ اَیسا سلُوک کرتے ہیں، تو پھر سُوکھنے درخت کے ساتھ کیا کریں گے؟“
32دو اَور مُجرم آدمی بھی تھے جنہیں یِسوعؔ کے ساتھ لے جایا جا رہاتھا، تاکہ اُنہیں بھی قتل کیا جائے۔ 33جَب وہ سَب کھوپڑی نامی جگہ پر پہُنچے، تو وہاں اُنہُوں نے یِسوعؔ کو دو مُجرموں کے درمیان ایک کو آپ کے داہنی طرف، اَور دُوسرے کو بائیں طرف مصلُوب کیا۔ 34یِسوعؔ نے دعا کی، ”اَے باپ، اِنہیں مُعاف کر، کیونکہ یہ نہیں جانتے کہ کیا کر رہے ہیں۔#23‏:34 اَے باپ، اِنہیں مُعاف کر، کیونکہ یہ نہیں جانتے کہ کیا کر رہے ہیں کُچھ قدیم نوشتوں میں یہ جُملہ نہیں پایا جاتا ہے۔‏“ اَور اُنہُوں نے آپ کے کپڑوں پر قُرعہ ڈال کر آپَس میں تقسیم کر لیا۔
35لوگ کھڑے کھڑے یہ سَب کُچھ دیکھ رہے تھے اَور رہنما لوگ بھی حُضُور پر طَعنہ کستے تھے اَور کہتے تھے، ”اِس نے اَوروں کو بچایا؛ اگر یہ خُدا کا المسیح، جو برگُزیدہ ہے تو اَپنے آپ کو بچالے۔“
36سپاہیوں نے بھی آکر آپ کی ہنسی اُڑائی اَور پینے کے لیٔے آپ کو سِرکہ دیا۔ 37اَور کہا، ”اگر تو یہُودیوں کا بادشاہ ہے، تو اَپنے آپ کو بچالے۔“
38حُضُور کے سَر کے اُوپر ایک نوشتہ بھی لگایا گیا تھا کہ یہ:
یہُودیوں کا بادشاہ ہے۔
39دو مُجرم جو مصلُوب کیٔے گیٔے تھے، اُن میں سے ایک نے یِسوعؔ کو لَعن طَعن کرتے ہویٔے کہا: ”اگر تو المسیح ہے؟ تُو اَپنے آپ کو اَور ہمیں بچا!“
40لیکن دُوسرے نے اُسے ڈانٹا اَور کہا، ”کیا تُجھے خُدا کا خوف نہیں حالانکہ تو خُود بھی وُہی سزا پا رہاہے! 41ہم تو اَپنے جرائم کی وجہ سے سزا پا رہے ہیں، اَور ہمارا قتل کیاجانا واجِب ہے لیکن اِس اِنسان نے کویٔی غلط کام نہیں کیا ہے۔“
42تَب اُس نے کہا، ”اَے یِسوعؔ! جَب آپ اَپنی بادشاہی میں آئیں تو مُجھے یاد کرنا۔“
43یِسوعؔ نے اُسے جَواب دیا، ”مَیں تُجھے یقین دِلاتا ہُوں کہ تو آج ہی میرے ساتھ فِردَوس میں ہوگا۔“
حُضُور یِسوعؔ کی موت
44تقریباً دوپہر کا وقت تھا، کہ چاروں طرف اَندھیرا چھا گیا اَور تین بجے تک پُورے مُلک کی یہی حالت رہی۔ 45سُورج تاریک ہو گیا اَور بیت المُقدّس کا پردہ پھٹ کر دو ٹکڑے ہو گیا 46اَور یِسوعؔ نے زور سے چِلّاکر کہا، ”اَے باپ! میں اَپنی جان آپ کے ہاتھوں میں سونپتا ہُوں“#23‏:46 زبُور 31‏:5‏‏ اَور یہ کہہ کر دَم توڑ دیا۔
47جَب فَوجی افسر نے یہ ماجرا دیکھا، تو خُدا کی تمجید کرتے ہویٔے کہا، ”یہ شخص واقعی راستباز تھا۔“ 48اَور سارے لوگ جو وہاں جمع تھے یہ منظر دیکھ کر، سینہ کُوبی کرتے ہُوئے لَوٹ گیٔے۔ 49لیکن یِسوعؔ کے سارے جان پہچان والے اَور وہ عورتیں جو گلِیل سے آپ کے پیچھے پیچھے آئی تھیں، کُچھ فاصلہ پر کھڑی یہ سَب دیکھ رہی تھیں۔
حُضُور یِسوعؔ کی تدفین
50یُوسیفؔ نام کا ایک آدمی تھا، وہ یہُودیوں کی عدالتِ عالیہ کا ایک رُکن تھا اَور بڑا نیک اَور راستباز تھا، 51وہ عدالتِ عالیہ کے اراکین کے فیصلہ اَور عَمل کے حق میں نہ تھا۔ وہ یہُودیوں کے شہر ارِمَتِیاؔہ کا باشِندہ تھا، اَور خُدا کی بادشاہی کا مُنتظر تھا۔ 52اُس نے پِیلاطُسؔ کے پاس جا کر یِسوعؔ کی لاش مانگی۔ 53اَور لاش کو صلیب پر سے اُتار کر مہین سُوتی چادر میں کفنایا، اَور اُسے ایک قبر میں رکھ دیا، جو چٹّان میں کھودی گئی تھی، جِس میں کبھی کسی کو دفنایا نہیں گیا تھا۔ 54وہ تیّاری کا دِن تھا، اَور سَبت کا دِن شروع ہونے ہی والا تھا۔
55وہ عورتیں جو گلِیل سے یِسوعؔ کے ساتھ آئی تھیں، یُوسیفؔ کے پیچھے پیچھے گئیں اَور اُنہُوں نے اُس قبر کو اَور یِسوعؔ کی لاش کو دیکھا کہ کس طرح اُس میں رکھا گیا ہے۔ 56تَب وہ گھر لَوٹ گئیں اَور اُنہُوں نے خُوشبودار مَسالے اَور عِطر تیّار کیا اَور شَریعت کے حُکم کے مُطابق سَبت کے دِن آرام کیا۔

Chwazi Kounye ya:

لُوقا 23: UCV

Pati Souliye

Pataje

Kopye

None

Ou vle gen souliye ou yo sere sou tout aparèy ou yo? Enskri oswa konekte