10
کُرنِیلِیُسؔ کا پطرس کو بُلا بھیجنا
1قَیصؔریہ میں ایک آدمی تھا جِس کا نام کُرنِیلِیُسؔ تھا، وہ ایک اِطالوی فَوجی دستے کا کپتان#10:1 کپتان ایک سَو سپاہیوں کے دستہ کے اُوپر مُنتخب فَوجی۔ تھا۔ 2وہ اَور اُس کے گھر کے سَب لوگ بڑے دیندار اَور خُدا سے خوف کھاتے تھے؛ وہ ضروُرت مند لوگوں کو بہت خیرات دیتا تھا اَور خُدا سے برابر دعا کیا کرتا تھا۔ 3ایک دِن سہ پہر تین بجے کے قریب کُرنِیلِیُسؔ نے رُویا دیکھی۔ اُس نے اُس میں صَاف صَاف خُدا کے ایک فرشتہ کو دیکھا، جو کُرنِیلِیُسؔ کے پاس آیا اَور کہا، ”اَے کُرنِیلِیُسؔ!“
4کُرنِیلِیُسؔ نے خوفزدہ ہوکر اُس کی طرف غور سے دیکھا۔ ”آقا، کیا بات ہے؟“ اُس نے پُوچھا۔
فرشتہ نے جَواب دیا، ”تیری خیرات کے نذرانے اَور دعائیں یادگاری کے طور پر خُدا کے حُضُور میں پہُنچ چُکے ہیں۔ 5اَب کچھ آدمیوں کو یافؔا بھیج کر شمعُونؔ کو جسے پطرس بھی کہتے ہیں، کو اَپنے یہاں بُلوالے۔ 6وہ شمعُونؔ جو چمڑا رنگنے کا کام کرتا ہے کے پاس ٹھہرے ہُوئے ہیں، جِس کا گھر ساحِل سمُندر پر واقع ہے۔“
7جَب فرشتہ کُرنِیلِیُسؔ سے یہ باتیں کہہ کرچلاگیا، تو اُس نے اَپنے دو خادِموں اَور اَپنے خاص سپاہیوں میں سے ایک خُداپرست سپاہی کو بُلایا۔ 8اَور اُنہیں سارا واقعہ جو پیش آیاتھا، بَیان کیا اَور یافؔا کی طرف روانہ کر دیا۔
پطرس کی رُویا
9اگلے دِن جَب وہ سفر کرتے کرتے شہر کے نزدیک پہُنچے تو دوپہر کے قریب پطرس اُوپر چھت پر گیٔے تاکہ دعا کریں۔ 10آپ کو بھُوک لگی اَور پطرس کچھ کھانا چاہتے تھے، لیکن جَب لوگ کھانا تیّار کر ہی رہے تھے، تو پطرس پر بے خُودی سِی طاری ہو گئی۔ 11آپ نے دیکھا کہ آسمان کھُل گیا ہے اَور کویٔی شَے ایک بڑی سِی چادر کی مانِند چاروں کونوں سے لٹکتی ہویٔی زمین کی طرف اُتر رہی ہے۔ 12اُس میں ہر قِسم کے زمین پر پایٔے جانے والے چار پاؤں والے جاندار، رینگنے والے جانور اَور ہَوا کے پرندے تھے۔ 13تَب ایک آواز نے آپ سے کہا، ”اَے پطرس۔ اُٹھ، ذبح کر اَور کھا۔“
14”ہرگز نہیں، اَے خُداوؔند!“ پطرس نے جَواب دیا۔ ”مَیں نے کبھی کویٔی ناپاک اَور حرام شَے نہیں کھائی۔“
15وہ آواز دُوسری مرتبہ پھر آپ کو سُنایٔی دی جو کہہ رہی تھی، ”تو کسی بھی چیز کو جسے خُدا نے پاک ٹھہرایا ہے، اُنہیں حرام نہ کہہ۔“
16یہ واقعہ تین مرتبہ پیش آیا، اَور پھر وہ چادر فوراً واپس آسمان کی طرف اُٹھا لی گئی۔
17پطرس دِل میں سوچ ہی رہے تھے کہ یہ کیسی رُویا ہے جو مَیں نے دیکھی ہے، اِتنے میں کُرنِیلِیُسؔ کے بھیجے ہویٔے آدمی شمعُونؔ کا مکان پُوچھ کر دروازے پر آ کھڑے ہُوئے۔ 18اُنہُوں نے آواز دے کر پُوچھا: کیا شمعُونؔ جو پطرس کَہلاتے ہیں یہاں ٹھہرے ہویٔے ہیں۔
19ابھی پطرس اَپنی رُویا کے بارے میں سوچ ہی رہے تھے، پاک رُوح نے آپ سے کہا، ”شمعُونؔ، تین آدمی تُجھے تلاش کر رہے ہیں۔ 20اِس لیٔے اُٹھ اَور نیچے جا۔ اُن کے ساتھ بِلاجِھجک چلے جانا چونکہ مَیں نے ہی اُنہیں بھیجا ہے۔“
21پطرس نیچے اُترے اَور اُن آدمیوں سے فرمایا، ”جسے تُم دیکھ رہے ہو وہ میں ہی ہُوں۔ تُم کِس لیٔے آئے ہو؟“
22آدمیوں نے جَواب دیا، ”ہم کپتان کُرنِیلِیُسؔ کی طرف سے آئے ہیں۔ وہ ایک راستباز اَور خُدا سے ڈرنے والا آدمی ہے، جِس کی تعریف تمام یہُودی قوم کرتی ہے۔ ایک مُقدّس فرشتہ نے اُنہیں ہدایت کی ہے کہ آپ کو اَپنے گھر بُلاکر آپ سے کلام کی باتیں سُنے۔“ 23تَب پطرس نے اُنہیں اَندر بُلا لیا اَور اُن کی مہمان نوازی کی۔
پطرس کُرنِیلِیُسؔ کے گھر میں
اگلے دِن پطرس اُن لوگوں کے ساتھ روانہ ہویٔے اَور یافؔا سے کچھ اَور مسیحی بھایٔی بھی آپ کے ساتھ ہو لیٔے۔ 24دُوسرے دِن وہ قَیصؔریہ پہُنچ گیٔے۔ کُرنِیلِیُسؔ اُن کے اِنتظار میں تھا اَور اُس نے اَپنے رشتہ داروں اَور قریبی دوستوں کو بھی بُلا رکھا تھا۔ 25پطرس کے گھر میں داخل ہوتے ہی کُرنِیلِیُسؔ نے آپ کا اِستِقبال کیا اَور آپ کے قدموں میں گِر کر آپ کو سَجدہ کرنے لگا۔ 26لیکن پطرس نے کُرنِیلِیُسؔ کو اُٹھایا اَور فرمایا، ”کھڑے ہو جاؤ، میں بھی تو ایک صِرف اِنسان ہُوں۔“
27پھر کُرنِیلِیُسؔ سے باتیں کرتے ہویٔے، پطرس اَندر داخل ہویٔے اَور وہاں لوگوں کا بڑا مجمع پایا۔ 28آپ نے اُن سے کہا، ”تُم خُوب جانتے ہو کہ کسی یہُودی کا غَیریہُودی سے میل جول رکھنا ناجائز ہے۔ لیکن خُدا نے مُجھ پر ظاہر کر دیا کہ مُجھے کسی بھی اِنسان کو نجِس یا ناپاک کہنے کا کویٔی اِختیار نہیں۔ 29لہٰذا جَب مُجھے بُلایا گیا، تو میں بِلا حُجّت چلا آیا۔ کیا میں پُوچھ سَکتا ہُوں کہ مُجھے یہاں کیوں بُلایا گیا ہے؟“
30کُرنِیلِیُسؔ نے جَواب دیا: ”تین دِن پہلے میں اَپنے گھر میں سہ پہر اِسی وقت، یعنی تین بجے کے قریب دعا کر رہاتھا۔ اَچانک ایک شخص چمکدار پوشاک میں میرے سامنے آ کھڑا ہُوا 31اَور کہنے لگا، ’اَے کُرنِیلِیُسؔ، خُدا نے تیری دعا سُن لی ہے اَور تیری خیرات کو بھی قبُولیّت بخشی ہے۔ 32کسی کو یافؔا بھیج کر شمعُونؔ کو جسے پطرس بھی کہتے ہیں کو بُلوالے۔ وہ شمعُونؔ چمڑا رنگنے کا کام کرتا ہے، کے گھر میں مہمان ہے جو ساحِل سمُندر پر رہتاہے۔‘ 33یہ سُنتے ہی مَیں نے آپ کو بُلا بھیجا، اَور بڑا اَچھّا ہُوا کہ آپ تشریف لایٔے۔ اَب ہم سَب خُداوؔند کی حُضُوری میں ہیں اَور چاہتے ہیں کہ جو کچھ خُدا نے آپ سے فرمایاہے اُسے سُنے۔“
34تَب پطرس نے بولنا شروع کیا: ”مُجھے اَب اِس سچّائی کا احساس ہو گیا کہ خُدا کسی کا طرف دار نہیں 35لیکن ہر قوم میں جو کویٔی خُداوؔند سے ڈرتا اَورجو راست ہے وُہی کرتا ہے جو خُداوؔند کی نظروں میں صحیح ہے۔ 36تُم جانتے ہو کہ خُداوؔند نے بنی اِسرائیلؔ کے پاس اَپنا سلامتی کا کلام بھیجا، جِس نے یِسوعؔ المسیح کی مَعرفت صُلح کی خُوشخبری سُنایٔی، جو سَب کا خُداوؔند ہے۔ 37اِس بات کو تُم جانتے ہو کہ جو حضرت یُوحنّا کے پاک غُسل کی مُنادی کے بعد گلِیل سے شروع ہوکر تمام یہُودیؔہ صُوبہ، میں کی گئی۔ 38کہ خُدا نے یِسوعؔ ناصری کو پاک رُوح سے معموُر کرکے کِس طرح مَسح کیا، اَور یِسوعؔ جگہ بہ جگہ لوگوں کے واسطے نیک کام کیا کرتے اَور اُن سَب کو شفا بخشتے تھے جو اِبلیس کے ظُلم کا شِکار تھے، کیونکہ خُدا آپ کے ساتھ تھا۔
39”ہم اُن سَب کاموں کے گواہ ہیں جو آپ نے یہُودیوں کے مُلک اَور یروشلیمؔ میں کیٔے۔ اُنہُوں نے یِسوعؔ کو صلیب پر لٹکا کر مار ڈالا۔ 40لیکن خُدا نے اُن ہی یِسوعؔ کو تیسرے دِن مُردوں میں سے زندہ کرکے ظاہر کیا۔ 41وہ ساری اُمّت پر نہیں بَلکہ اُن گواہوں پر ظاہر ہویٔے جنہیں خُدا نے پہلے سے چُن رکھا تھا یعنی ہم پر جنہوں نے یِسوعؔ کے مُردوں میں سے زندہ ہو جانے کے بعد آپ کے ساتھ کھایا پیا بھی۔ 42اَور آپ نے حُکم دیا کہ ہم لوگوں میں مُنادی کریں اَور گواہی دیں کہ یِسوعؔ ہی وُہی ہیں جسے خُدا نے زندوں اَور مُردوں کا مُنصِف مُقرّر کیا ہے۔ 43تمام نبی یِسوعؔ کے بارے میں گواہی دیتے ہیں کہ جو کویٔی آپ پر ایمان لاتا ہے وہ یِسوعؔ کے نام سے گُناہوں کی مُعافی پاتاہے۔“
44پطرس یہ باتیں بیاں ہی کر رہے تھے، کہ پاک رُوح اُن سَب پر نازل ہُوا جو یہ کلام سُن رہے تھے۔ 45پطرس کے ساتھ آنے والے مختون جو مسیحی مُومِنین ہو چُکے تھے تعجُّب کرنے لگے کہ غَیریہُودیوں کو بھی پاک رُوح کی نِعمت بخشی گئی ہے۔ 46کیونکہ اُنہُوں نے غَیریہُودیوں کو طرح طرح کی زبانیں بولتے اَور خُدا کی تمجید کرتے سُنا۔
تَب پطرس نے فرمایا، 47”یقیناً کیا کویٔی اِن لوگوں کو پانی کا پاک غُسل لینے سے روک سَکتا ہے۔ کیونکہ جِس طرح ہم نے پاک رُوح پایا ہے، اُنہُوں نے بھی پایا ہے۔“ 48لہٰذا آپ نے حُکم دیا کہ اُنہیں یِسوعؔ المسیح کے نام پر پاک غُسل دیا جائے۔ تَب اُنہُوں نے پطرس سے درخواست کی کہ ہمارے پاس کچھ روز اَور قِیام کریں۔