8
1تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”فَرعوہؔ کے پاس جاؤ اَور اُس سے کہو، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، میرے لوگوں کو جانے دو، تاکہ وہ میری عبادت کریں۔ 2اگر تُم اُنہیں جانے نہ دوگے، تو مَیں تمہارے سارے مُلک کو مینڈکوں کی وَبا سے پریشان کر دُوں گا۔ 3اَور دریائے نیل مینڈکوں سے بھر جائے گا اَور وہ تمہارے محل کے اَندر، تمہاری خواب گاہ میں اَور تمہارے پلنگ پر، تمہارے اہلکاروں اَور تمہاری رعایا کے گھروں میں، تنوروں میں اَور آٹا گُوندھنے کے لگنوں میں گُھسنے لگیں گے۔ 4اَور مینڈک تُم پر، تمہارے لوگوں پر اَور تمہارے تمام اہلکاروں پر چڑھ آئیں گے۔‘ “
5پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اَہرونؔ سے کہو، ’اَپنا عصا لے کر اَپنا ہاتھ دریاؤں، نہروں اَور جھیلوں پر بڑھا اَور مینڈکوں کو مِصر کی سرزمین پر چڑھا لا۔‘ “
6چنانچہ اَہرونؔ نے مِصر کے سارے پانی پر اَپنا ہاتھ بڑھایا اَور اِتنے مینڈک برپا ہو گئے کہ اُن سے مِصر کی ساری زمین چھُپ گئی۔ 7لیکن مِصر کے جادُوگروں نے بھی اَپنے جادُو کے زور سے اَیسا ہی کیا اَور وہ بھی مینڈکوں کو مُلک مِصر پر چڑھا لایٔے۔
8تَب فَرعوہؔ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو طلب کیا اَور کہا، ”یَاہوِہ سے دعا کرو کہ وہ اِن مینڈکوں کو مُجھ سے اَور میری رعایا سے دُور کرے، اَور مَیں تمہارے لوگوں کو جانے دُوں گا، تاکہ وہ یَاہوِہ کے لیٔے قُربانی پیش کریں۔“
9مَوشہ نے فَرعوہؔ سے کہا، ”وہ وقت مُقرّر کرنے کا حق مَیں تمہارے لیٔے چھوڑتا ہُوں۔ مُجھے بتاؤ کہ تمہارے اہلکاروں اَور تمہارے لوگوں کے لیٔے کب دعا کروں تاکہ تُم اَور تمہارے گھر مینڈکوں سے چھُٹکارا پائیں سِوائے اُن مینڈکوں کے جو دریائے نیل میں رہتے ہیں۔“
10فَرعوہؔ نے کہا، ”کل۔“
مَوشہ نے جَواب دیا، ”جَیسا تُم چاہتے ہو، وَیسا ہی ہوگا تاکہ تُم جان لو کہ ہمارے خُدا یَاہوِہ کی مانند کویٔی بھی نہیں ہے۔ 11اَور مینڈک تُمہیں، تمہارے گھروں کو، تمہارے اہلکاروں اَور تمہاری رعایا کو چھوڑکر چلے جایٔیں گے اَور وہ صِرف دریائے نیل میں ہی رہیں گے۔“
12اَور جَب مَوشہ اَور اَہرونؔ فَرعوہؔ کے پاس سے چلے گیٔے تو مَوشہ نے اُن مینڈکوں کے بارے مَیں یَاہوِہ ہُوں سے فریاد کی جنہیں اُس نے فَرعوہؔ پر بھیجا تھا۔ 13اَور یَاہوِہ نے مَوشہ کی درخواست کے مُطابق کیا، اَورجو مینڈک گھروں، صحنوں اَور کھیتوں میں تھے مَر گیٔے۔ 14اَور لوگوں نے اُنہیں جمع کرکے اُن کے ڈھیر لگا دئیے اَور اُن کے سَڑنے کی بدبُو چاروں طرف پھیل گئی۔ 15لیکن جَب فَرعوہؔ نے دیکھا کہ مُصیبت ٹل گئی تو اُس نے اَپنا دِل سخت کر لیا اَور مَوشہ اَور اَہرونؔ کی نہ سُنی جَیسا کہ یَاہوِہ نے فرمایا تھا۔
جُوؤں کی وَبا
16تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اَہرونؔ سے کہو، ’اَپنا عصا بڑھا کر زمین کی گَرد پر مار،‘ اَور وہ سارے مِصر میں جُوؤں میں تبدیل ہو جائے گی۔“ 17اُنہُوں نے اَیسا ہی کیا اَور جَب اَہرونؔ نے اَپنا عصا لے کر ہاتھ بڑھایا اَور زمین کی گَرد پر مارا تو وہ اِنسانوں اَور جانوروں پر جُوؤں میں تبدیل ہو گئی اَور مِصر کی زمین کی ساری گَرد جُوئیں بَن گئی۔ 18لیکن جَب مِصر کے جادُوگروں نے اَپنے جادُو سے جُوئیں پیدا کرنے کی کوشش کی تو وہ ناکام رہے۔
اَور سَب جگہ اِنسانوں اَور جانوروں پر جُوئیں چڑھتی گئیں۔ 19تَب جادُوگروں نے فَرعوہؔ سے کہا، ”یہ خُدا کا کام ہے!“ لیکن فَرعوہؔ کا دِل تو پہلے ہی سخت تھا، اَور جَیسا کہ یَاہوِہ نے کہہ دیا تھا، اُس نے اُن کی نہ سُنی۔
مکھّیوں کی وَبا
20پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”تُم صُبح سویرے اُٹھنا اَور جَب فَرعوہؔ دریا پر آئے تو اُس کے رُوبرو ہوکر اُس سے کہنا، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: میرے لوگوں کو جانے دو، تاکہ وہ میری عبادت کر سکیں۔ 21لیکن اگر تُم میرے لوگوں کو جانے نہ دوگے، تو میں مکھّیوں کے جھُنڈ کے جھُنڈ تُجھ پر، تمہارے اہلکاروں پر، تمہاری رعایا پر اَور تمہارے گھروں میں بھیج دُوں گا اَور مِصریوں کے گھر مکھّیوں سے بھر جایٔیں گے اَور ساری زمین بھی جہاں کہیں وہ ہوں گے مکھّیوں سے بھر جائے گی۔
22” ’لیکن اُس دِن میں گوشینؔ کے علاقہ سے، جہاں میرے لوگ رہتے ہیں؛ اَیسا برتاؤ نہ کروں گا، وہاں مکھّیوں کے جھُنڈ نہیں ہوں گے تاکہ تُم جان لو کہ مَیں یَاہوِہ اِس مُلک میں ہُوں۔ 23اَور مَیں اَپنے لوگوں اَور تمہارے لوگوں میں اِمتیاز کروں گا اَور یہ معجزانہ علامت کل ظہُور میں آئے گی۔‘ “
24اَور یَاہوِہ نے اَیسا ہی کیا اَور مکھّیوں کے جھُنڈ کے جھُنڈ فَرعوہؔ کے محل میں اَور اُس کے اہلکاروں کے گھروں میں آ گھُسے اَور سارے مِصر کی زمین مکھّیوں کی وجہ سے خَراب ہو گئی۔
25تَب فَرعوہؔ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو طلب کیا اَور کہا، ”جاؤ اَور اَپنے خُدا کے لیٔے یہاں اِسی مُلک میں قُربانی پیش کرو۔“
26لیکن مَوشہ نے کہا، ”یہ مُناسب نہ ہوگا کیونکہ وہ قُربانیاں جو مِصریوں کی نگاہ میں سخت مکرُوہ ہیں جَب ہم اُنہیں اَپنے یَاہوِہ خُدا کے حُضُور پیش کریں گے، تو کیا مِصری ہمیں سنگسار نہ کر ڈالیں گے؟ 27پس ہمیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے لیٔے قُربانیاں گزراننے کے لیٔے جَیسا کہ اُنہُوں نے حُکم دیا ہے لازماً بیابان میں تین دِن کا سفر اِختیار کرنا ہوگا۔“
28فَرعوہؔ نے کہا، ”میں تُمہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا کے لیٔے قُربانیاں پیش کرنے کے لیٔے بیابان میں جانے دُوں گا۔ لیکن تُم بہت دُور مت جانا۔ اَب میرے لیٔے خُدا سے دعا کرو۔“
29مَوشہ نے جَواب دیا، ”جوں ہی مَیں تمہارے پاس سے جاؤں گا مَیں یَاہوِہ سے دعا کروں گا اَور ساری مکھّیاں فَرعوہؔ، اُس کے اہلکاروں اَور لوگوں کے پاس سے چلی جایٔیں گی۔ فقط اِتنا دھیان رکھنا کہ فَرعوہؔ اِس دفعہ پھر دھوکا بازی نہ کرے اَور لوگوں کو یَاہوِہ کے لیٔے قُربانی پیش کرنے کے لیٔے جانے کی اِجازت نہ دے۔“
30تَب مَوشہ فَرعوہؔ کے پاس سے چلےگئے اَور اُنہُوں نے یَاہوِہ سے دعا کی۔ 31اَور یَاہوِہ نے مَوشہ کی درخواست کے مُطابق کیا۔ لہٰذا وہ ساری مکھّیاں فَرعوہؔ، اُس کے اہلکاروں اَور اُس کے لوگوں کے پاس سے چلی گئیں اَور ایک بھی باقی نہ رہی۔ 32لیکن اِس دفعہ بھی فَرعوہؔ نے اَپنا دِل سخت کر لیا اَور اُن لوگوں کو جانے نہ دیا۔