گِنتی 4:21-9 - تمام ورژن کا موازنہ کریں
گِنتی 4:21-9 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
ہور پہاڑ سے روانہ ہو کر وہ بحرِ قُلزم کی طرف چل دیئے تاکہ ادوم کے ملک میں سے گزرنا نہ پڑے۔ لیکن چلتے چلتے لوگ بےصبر ہو گئے۔ وہ رب اور موسیٰ کے خلاف باتیں کرنے لگے، ”آپ ہمیں مصر سے نکال کر ریگستان میں مرنے کے لئے کیوں لے آئے ہیں؟ یہاں نہ روٹی دست یاب ہے نہ پانی۔ ہمیں اِس گھٹیا قسم کی خوراک سے گھن آتی ہے۔“ تب رب نے اُن کے درمیان زہریلے سانپ بھیج دیئے جن کے کاٹنے سے بہت سے لوگ مر گئے۔ پھر لوگ موسیٰ کے پاس آئے۔ اُنہوں نے کہا، ”ہم نے رب اور آپ کے خلاف باتیں کرتے ہوئے گناہ کیا۔ ہماری سفارش کریں کہ رب ہم سے سانپ دُور کر دے۔“ موسیٰ نے اُن کے لئے دعا کی تو رب نے موسیٰ سے کہا، ”ایک سانپ بنا کر اُسے کھمبے سے لٹکا دے۔ جو بھی ڈسا گیا ہو وہ اُسے دیکھ کر بچ جائے گا۔“ چنانچہ موسیٰ نے پیتل کا ایک سانپ بنایا اور کھمبا کھڑا کر کے سانپ کو اُس سے لٹکا دیا۔ اور ایسا ہوا کہ جسے بھی ڈسا گیا تھا وہ پیتل کے سانپ پر نظر کر کے بچ گیا۔
گِنتی 4:21-9 URD (کِتابِ مُقادّس)
پِھر اُنہوں نے کوہِ ہور سے روانہ ہو کر بحرِ قُلزم کا راستہ لِیا تاکہ مُلکِ ادُوم کے باہر باہر گُھوم کر جائیں لیکن اُن لوگوں کی جان اُس راستہ سے عاجِز آ گئی۔ اور لوگ خُدا کی اور مُوسیٰ کی شِکایت کر کے کہنے لگے کہ تُم کیوں ہم کو مِصرؔ سے بیابان میں مَرنے کے لِئے لے آئے؟ یہاں تو نہ روٹی ہے نہ پانی اور ہمارا جی اِس نِکمّی خُوراک سے کراہِیّت کرتا ہے۔ تب خُداوند نے اُن لوگوں میں جلانے والے سانپ بھیجے۔ اُنہوں نے لوگوں کو کاٹا اور بُہت سے اِسرائیلی مَر گئے۔ تب وہ لوگ مُوسیٰ کے پاس آ کر کہنے لگے کہ ہم نے گُناہ کِیا کیونکہ ہم نے خُداوند کی اور تیری شِکایت کی۔ سو تُو خُداوند سے دُعا کر کہ وہ اِن سانپوں کو ہم سے دُور کرے۔ چُنانچہ مُوسیٰ نے لوگوں کے لِئے دُعا کی۔ تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ ایک جلانے والا سانپ بنا لے اور اُسے ایک بَلّی پر لٹکا دے اور جو سانپ کا ڈسا ہُؤا اُس پر نظر کرے گا وہ جِیتا بچے گا۔ چُنانچہ مُوسیٰ نے پِیتل کا ایک سانپ بنوا کر اُسے بَلّی پر لٹکا دِیا اور اَیسا ہُؤا کہ جِس جِس سانپ کے ڈسے ہُوئے آدمی نے اُس پِیتل کے سانپ پر نِگاہ کی وہ جِیتا بچ گیا۔
گِنتی 4:21-9 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
پھر اُنہُوں نے کوہِ ہُورؔ سے کُوچ کرکے بحرِقُلزمؔ کی راہ لی تاکہ مُلک اِدُوم کے باہر گھُوم کر جایٔیں لیکن وہ لوگ راستہ میں عاجز آ گئے۔ وہ خُدا اَور مَوشہ کے خِلاف بکنے لگے اَور کہا، ”تُم ہمیں مِصر سے نکال کر بیابان میں مرنے کے لیٔے کیوں لے آئے؟ یہاں نہ تو روٹی ہے نہ پانی! اَور ہم اِس نکمّی خُوراک سے بھی عاجز آ چُکے ہیں۔“ تَب یَاہوِہ نے اُن لوگوں کے درمیان زہریلے سانپ بھیجے؛ سانپوں نے لوگوں کو کاٹا اَور بہت سے اِسرائیلی مَر گیٔے۔ تَب وہ لوگ مَوشہ کے پاس آکر کہنے لگے، ”ہم نے گُناہ کیا ہے کہ ہم نے یَاہوِہ کے حُضُور اَور تمہارے خِلاف زبان درازی کی۔ دعا کرو، یَاہوِہ اِن سانپوں کو ہم سے دُور کر دیں۔“ چنانچہ مَوشہ نے اُن لوگوں کے لیٔے دعا کی۔ یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”ایک سانپ بنا لینا اَور اُسے کھمبے پر لٹکانا اَور سانپ کا ڈسا ہُوا جو کویٔی بھی فرد اُسے دیکھ لے گا وہ زندہ بچے گا۔“ چنانچہ مَوشہ نے کانسے کا ایک سانپ بنا کر اُسے کھمبے پر لٹکا دیا؛ تَب جَب کبھی کسی کو سانپ ڈس لیتا اَور وہ اُس کانسے کے سانپ کی طرف دیکھتا تو زندہ بچ جاتا۔