1 یُوحنّا 4
4
حُضُور عیسیٰ کے مُجسّم ہونے کا اِنکار کرنے پر اِنتباہ کرنا
1اَے عزیز دوستوں! تُم ہر ایک رُوح کا یقین مت کرو بَلکہ رُوحوں کو آزماؤ کہ وہ خُدا کی طرف سے ہیں یا نہیں۔ کیونکہ بہت سے جھُوٹے نبی دُنیا میں نِکل چُکے ہیں۔ 2تُم خُدا کے پاک رُوح کو اِس طرح پہچان سکتے ہو کہ جو رُوح یہ اقرار کرے کہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح مُجسّم ہوکر دُنیا میں تشریف لایٔے تو وہ خُدا کی طرف سے ہے۔ 3لیکن جو رُوح حُضُور عیسیٰ کے مُجسّم ہونے کی بات کا اقرار نہ کرے تو وہ خُدا کی طرف سے نہیں ہے۔ یہی مُخالف المسیؔح کی رُوح ہے جِس کی خبر تُم سُن چُکے ہو کہ وہ آنے والا ہے بَلکہ اِس وقت بھی دُنیا میں مَوجُود ہے۔
4اَے پیارے چھوٹے بچّوں! تُم خُدا سے ہو اَور اُن پر غالب آ گئے ہو کیونکہ جو تُم میں ہے وہ اُس سے کہیں زِیادہ بڑا ہے جو دُنیا میں ہے۔ 5وہ دُنیا کے ہیں اِس لیٔے دُنیوی نظریہ سے باتیں کرتے ہیں اَور دُنیا والے اُن کی سُنتے ہیں۔ 6مگر ہم خُدا کے لوگ ہیں اَورجو کویٔی خُدا کو جانتا ہے وہ ہماری سُنتا ہے، لیکن جو خُدا سے نہیں وہ ہماری نہیں سُنتا۔ اِس طرح ہم سچّائی کی رُوح اَور فریب دینے والی رُوح میں اِمتیاز کرتے ہیں۔
ہماری مَحَبّت اَور خُدا کی مَحَبّت
7اَے عزیز دوستوں! آؤ ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھیں کیونکہ مَحَبّت کی اِبتدا خُدا سے ہے اَورجو کویٔی مَحَبّت رکھتا ہے وہ خُدا سے پیدا ہُواہے اَور خُدا کو جانتا ہے۔ 8لیکن جو شخص مَحَبّت نہیں رکھتا اُس نے خُدا کو کبھی نہیں جانا کیونکہ خُدا مَحَبّت ہے۔ 9جو مَحَبّت خُدا ہم سے رکھتا ہے اُسے خُدا نے اِس طرح ظاہر کیا کہ اُس نے اَپنے انوکھے بیٹے کو دُنیا میں بھیجا تاکہ ہم اُس کے سبب سے زندگی پائیں۔ 10مَحَبّت یہ نہیں کہ ہم نے خُدا سے مَحَبّت کی بَلکہ یہ ہے کہ خُدا نے ہم سے مَحَبّت کی اَور ہمارے گُناہوں کے کفّارہ کے لیٔے اَپنے بیٹے کو بھیجا۔ 11اَے عزیز دوستوں! جَب خُدا نے ہم سے اَیسی مَحَبّت رکھی تو لازِم ہے کہ ہم بھی ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھیں۔ 12خُدا کو کسی نے کبھی نہیں دیکھا لیکن اگر ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھتے ہیں تو خُدا ہمارے اَندر رہتاہے اَور اُس کی مَحَبّت ہمارے دلوں میں کامِل ہو جاتی ہے۔
13چونکہ خُدا نے اَپنا پاک رُوح ہمیں عطا فرمایاہے اِس لیٔے ہم جانتے ہیں کہ وہ ہم میں اَور ہم اُس میں قائِم رہتے ہیں۔ 14اَور ہم نے دیکھ لیا ہے اَور اَب گواہی دیتے ہیں کہ آسمانی باپ نے اَپنے بیٹے کو دُنیا کا مُنجّی بنا کر بھیجا ہے۔ 15جو کویٔی اقرار کرتا ہے کہ حُضُور عیسیٰ خُدا کے بیٹے ہیں، تو خُدا اُن کے اَندر اَور وہ خُدا میں پایٔے جاتے ہیں۔ 16اَور اِس لیٔے جو مَحَبّت خُدا کو ہم سے ہے، اُس مَحَبّت کو ہم جان گیٔے ہیں اَور ہمیں اُس کے مَحَبّت کا یقین ہے۔
خُدا مَحَبّت ہے اَورجو مَحَبّت میں قائِم رہتاہے وہ خُدا میں اَور خُدا اُس میں قائِم رہتاہے۔ 17پس اِسی سبب سے مَحَبّت ہمارے درمیان کامِل ہو چُکی ہے، اِس لیٔے ہم اِنصاف کے دِن پُوری دِلیری کے ساتھ کھڑے ہو سکیں گے کیونکہ ہم اِس دُنیا میں حُضُور عیسیٰ کی مانند زندگی گزار رہے ہیں۔ 18مَحَبّت میں ذرا سا بھی خوف نہیں ہوتا۔ لیکن کامِل مَحَبّت خوف کو دُور کردیتی ہے کیونکہ خوف کا تعلّق سزا سے ہوتاہے۔ اَورجو کویٔی خوف رکھتا ہے وہ مَحَبّت میں کامِل نہیں ہوتا۔
19ہم اِس لیٔے مَحَبّت رکھتے ہیں کیونکہ پہلے خُدا نے ہم سے مَحَبّت رکھی۔ 20اگر کویٔی کہے کہ وہ خُدا سے مَحَبّت رکھتا ہے مگر اَپنے بھایٔی یا بہن سے عداوت رکھتا ہے تو وہ جھُوٹا ہے۔ کیونکہ جو اَپنے بھایٔی یا بہن سے جسے اُس نے دیکھاہے، مَحَبّت نہیں کرتا تو وہ خُدا سے کیسے مَحَبّت کر سَکتا ہے جسے اُس نے دیکھا تک نہیں؟ 21ہمیں تو خُدا کی طرف سے یہ حُکم مِلا ہے: جو کویٔی خُدا سے مَحَبّت رکھتا ہے اُسے لازِم ہے کہ اَپنے بھایٔی اَور بہن سے بھی مَحَبّت رکھے۔
Currently Selected:
1 یُوحنّا 4: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.