YouVersion Logo
Search Icon

1 یُوحنّا 5

5
خُدا کے مُجسّم بیٹے پر ایمان لانا
1جو کویٔی یہ ایمان رکھتا ہے کہ حُضُور عیسیٰ ہی المسیؔح ہیں وہ خُدا سے پیدا ہُواہے اَورجو باپ سے مَحَبّت رکھتا ہے وہ اُس کی اَولاد سے بھی مَحَبّت رکھتا ہے۔ 2جَب ہم خُدا سے مَحَبّت رکھتے ہیں اَور اُس کے حُکموں پر عَمل کرتے ہیں تو اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ ہم خُدا کے فرزندوں سے بھی مَحَبّت رکھتے ہیں۔ 3اصل میں خُدا سے مَحَبّت رکھنے سے مُراد یہ ہے کہ ہم اُس کے حُکموں پر عَمل کرتے ہیں اَور اُنہیں اَپنے لیٔے بوجھ نہیں سمجھتے۔ 4کیونکہ جو کویٔی خُدا سے پیدا ہُواہے وہ دُنیا پر غالب آتا ہے۔ اَور جِس غلبہ سے دُنیا مغلُوب ہوتی ہے وہ ہمارا ایمان ہے۔ 5دُنیا پر کون غالب آتا ہے؟ صِرف وُہی جِس کا ایمان ہے کہ حُضُور عیسیٰ خُدا کے بیٹے ہیں۔
6یہی ہیں وہ جو پانی یعنی پاک غُسل اَور خُون یعنی صَلیبی موت کے وسیلہ سے ظاہر ہویٔے یعنی حُضُور عیسیٰ المسیؔح۔ وہ صِرف پانی کے وسیلہ سے نہیں بَلکہ پانی اَور خُون دونوں کے وسیلہ سے تشریف لایٔے تھے۔ اَور پاک رُوح اُس کی گواہی دیتاہے کیونکہ رُوح ہی حق ہے۔ 7اَور گواہی دینے والے تین ہیں: 8یعنی پاک رُوح، پانی اَور خُون اَور یہ تینوں ایک ہی بات پر مُتّفِق ہیں۔ 9جَب ہم اِنسانوں کی گواہی قبُول کرلیتے ہیں تو خُدا کی گواہی تو کہیں بڑھ کر ہے جو اُس نے اَپنے بیٹے کے حق میں دی ہے۔ 10جو خُدا کے بیٹے پر ایمان رکھتا ہے وہ اِس گواہی پر ایمان لاتا ہے۔ جِس نے خُدا پر یقین نہیں رکھا اُس نے خُدا کو جھُوٹا ٹھہرایا ہے کیونکہ وہ اُس گواہی پر ایمان نہیں لایا جو خُدا نے اَپنے بیٹے کے حق میں دی ہے۔ 11اَور وہ گواہی یہ ہے کہ خُدا نے ہمیں اَبدی زندگی بخشی ہے اَور یہ زندگی اُس کے بیٹے کے وسیلے سے ملتی ہے۔ 12جِس کے پاس بیٹا ہے اُس کے پاس زندگی ہے اَور جِس کے پاس خُدا کا بیٹا نہیں اُس کے پاس زندگی بھی نہیں۔
آخِری ہدایت
13میں نے تُمہیں جو خُدا کے بیٹے کے نام پر ایمان لایٔے ہو یہ باتیں اِس لیٔے لکِھیں کہ تُمہیں مَعلُوم ہو کہ تمہارے پاس اَبدی زندگی ہے۔ 14اَور ہمیں جو دِلیری خُدا کے حُضُور میں ہے اُس کا سبب یہ ہے کہ اگر ہم خُدا کی مرضی کے مُوافق کچھ مانگتے ہیں تو وہ ہماری سُنتا ہے۔ 15اَور ہمیں مَعلُوم ہے کہ جو کچھ ہم اُس سے مانگتے ہیں وہ ہماری سُنتا ہے، تو ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ جو کچھ ہم نے اُس سے مانگا ہے وہ پایا بھی ہے۔
16اگر کویٔی اَپنے بھایٔی کو اَیسا گُناہ کرتے دیکھے جِس کا اَنجام موت نہ ہو تو وہ دعا کرے اَور خُدا اُس شخص کو زندگی بَخشے گا۔ لیکن اَیسا بھی گُناہ ہوتاہے جِس کا اَنجام موت ہوتاہے۔ میں اِس کے بارے میں دعا کرنے کی تائید نہیں کرتا۔ 17وَیسے تو ہر قِسم کی ناراستی گُناہ ہے مگر سارے گُناہ کا نتیجہ موت نہیں ہوتا۔
18ہم جانتے ہیں کہ جو کویٔی خُدا سے پیدا ہُواہے وہ گُناہ کرتے نہیں رہتا؛ کیونکہ خُدا کا بیٹا اُس کی حِفاظت کرتا ہے اَور اِبلیس اُسے نُقصان نہیں پہنچا سَکتا۔ 19ہم جانتے ہیں کہ ہم خُدا کے فرزند ہیں لیکن ساری دُنیا اِبلیس کے قبضہ میں ہے۔ 20اَور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ خُدا کا بیٹا آ گیا ہے اَور اُس نے ہمیں سمجھ بخشی ہے تاکہ ہم اُسے جان لیں جو حقیقی ہے؛ اَور ہم اُس میں ہیں جو حقیقی ہے، یعنی اُس کے بیٹے حُضُور عیسیٰ المسیؔح میں۔ وُہی حقیقی خُدا اَور اَبدی زندگی ہے۔
21اَے عزیز فرزندوں! اَپنے آپ کو بُتوں کی پرستِش سے محفوظ رکھو۔

Currently Selected:

1 یُوحنّا 5: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in