مُکاشفہ 1
1
تمہید
1حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا مُکاشفہ جو اُنہیں خُدا نے عطا فرمایا تاکہ وہ اَپنے بندوں کو وہ باتیں دکھائے جِن کا جلد ہونا ضروُری ہے۔ اَور حُضُور نے اَپنا فرشتہ بھیج کر یہ باتیں اَپنے خادِم یُوحنّؔا پر ظاہر کیا۔ 2جِس نے اُن سَب چیزوں کی جو اُس نے دیکھی تھیں یعنی خُدا کے کلام اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی گواہی کی بابت تصدیق کرتا ہے۔ 3مُبارک ہے وہ جو اِس نبُوّت کی کِتاب کو بہ آواز بُلند پڑھتا ہے، اَور وہ مُومِنِین جو اِسے سُنتے ہیں اَور اِس میں لکھی ہویٔی باتوں پر عَمل کرتے ہیں؛ کیونکہ اِن باتوں کے پُورا ہونے کا مُقرّر وقت نَزدیک ہے۔
سلام اَور کلماتِ تمجید
4حضرت یُوحنّؔا کی جانِب سے،
اُن سات جماعتوں کے نام جو صُوبہ آسیہؔ#1:4 آسیہؔ مَوجُودہ وقت میں آسیہؔ ترکی مُلک کے جُنوبی مغرب میں ہے۔ میں مَوجُود ہیں:
تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے، اَور اُس کی طرف سے جو ہے، اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے، اَور اُن سات رُوحوں یعنی پاک رُوح کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہے، 5اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے جو سچّا گواہ اَور مُردوں میں سے جی اُٹھنے وَالوں میں اوّل اَور دُنیا کے بادشاہوں پر حاکم ہے۔
جو ہم سے مَحَبّت رکھتا ہے اَور جِس نے اَپنے خُون کے وسیلہ سے ہم کو ہمارے سارے گُناہوں سے مخلصی بخشی۔ 6اَور ہمیں اَپنی اُمّت اَور کاہِنؔ بھی بنا دیا تاکہ ہم خُدا اَور باپ کی خدمت کریں۔ اُس کا جلال اَور قُدرت ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمین!
7”دیکھو، وہ بادلوں کے ساتھ آ رہے ہیں،“#1:7 دان 7:13
”اَور ہر آنکھ اُنہیں دیکھے گی،
اَور جنہوں نے حُضُور عیسیٰ کو چھیدا تھا وہ بھی دیکھیں گے؛“
اَور روئے زمین کی ساری قومیں ”اُن کے سبب سے ماتم کریں گی۔“#1:7 زکر 12:10
بے شک اَیسا ہی ہوگا۔ آمین۔
8خُداوؔند خُدا جو ہے اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے، یعنی قادرمُطلق فرماتا ہے، ”میں اَلفا اَور اَومیگا یعنی اِبتدا اَور اِنتہا ہُوں۔“
خُداوؔند عیسیٰ کی بابت حضرت یُوحنّؔا کی رُویا
9میں، یُوحنّؔا، جو تمہارا بھایٔی اَور حُضُور عیسیٰ کے دُکھ درد اَور اُن کی بادشاہی اَور صبر و تحمُّل میں تمہارا شریک حال ہُوں۔ میں خُدا کے کلام کی مُنادی اَور حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے کے باعث جَزِیرہ پتُمسؔ میں جَلاوطنی تھا۔ 10خُداوؔند کے دِن#1:10 خُداوؔند کے دِن یعنی اتوار کا دِن، جو مَسیحی مُومِنِین کے عبادت کا دِن تھا۔ ہفتہ کے پہلے دِن ہی حُضُور عیسیٰ المسیؔح مُردوں میں سے زندہ ہو گیٔے تھے۔ (دیکھئے اعما 20:7؛ 1 کُرن 16:2) میں پاک رُوح سے بھر گیا اَور میں نے اَپنے پیچھے نرسنگے کی سِی ایک بڑی آواز سُنی، 11جِس نے فرمایا، ”جو کچھ تُو دیکھتا ہے اُسے کِتاب میں لِکھ کر ساتوں جماعتوں یعنی اِفِسُسؔ، سُمرنؔہ، پِرگمُنؔ، تھُواتِیؔرہ، سردِیسؔ، فِلدِلفیہؔ اَور لَودِیکیہؔ شہروں کے پاس بھیج دے۔“
12جَب میں نے اُس آواز دینے والے کی طرف اَپنا مُنہ پھیرا جو مُجھ سے ہم کلام تھا۔ تو مُجھے سونے کے سات چراغدان نظر آئے، 13اَور میں نے اُن چِراغدانوں کے درمیان ایک شخص کو دیکھا جو اِبن آدمؔ#1:13 دیکھئے دان 7:13 کی طرح تھا اَور پاؤں تک کا جامہ پہنے اَور اَپنے سینہ پر سونے کا سینہ بند باندھے ہویٔے تھا۔ 14اُس کا سَر اَور بال سفید اُون بَلکہ برف کی مانند سفید تھے، اَور اُس کی آنکھیں آگ کے شُعلہ کی مانند تھیں۔ 15اَور اُس کے پاؤں بھٹّی میں تپائے ہویٔے خالص پیتل کی مانند تھے اَور اُس کی آواز زور سے بہتے ہویٔے آبشار کی مانند تھی۔ 16اُس کے داہنے ہاتھ میں سات ستارے تھے، اَور اُس کے مُنہ سے ایک دو دھاری تیز تلوار نکلتی تھی؛ اَور اُس کا چہرہ دوپہر کے وقت چمکنے والے آفتاب کی مانند خُوب چمک رہاتھا۔
17اُسے دیکھتے ہی میں اُس کے پاؤں میں گِرکر سَجدہ کیا۔ لیکن اُس نے اَپنا دایاں ہاتھ مُجھ پر رکھا اَور فرمایا، ”خوف نہ کر، میں اوّل اَور آخِر ہُوں۔ 18میں زندہ ہُوں؛ میں مَر گیا تھا لیکن اَب دیکھ میں اَبد تک زندہ رہُوں گا۔ موت اَور عالمِ اَرواح کی کُنجِیاں میرے ہی پاس ہیں۔
19”اِس لیٔے، جو کچھ تُم نے دیکھاہے، اُسے لِکھ لے یعنی وہ باتیں جو ابھی ہیں اَورجو اِن کے بعد واقعی ہونے والی ہیں۔“ 20یعنی اُن سونے کے سات چِراغدانوں اَور سات سِتاروں کا پوشیدہ راز جنہیں تُم نے میرے دائیں ہاتھ میں دیکھا تھا: وہ سات ستارے تو سات جماعتوں کے فرشتے ہیں اَور سات چراغدان سات جماعتیں ہیں۔
Currently Selected:
مُکاشفہ 1: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.