YouVersion Logo
Search Icon

مُکاشفہ 3

3
سردِیسؔ کی جماعت کو پیغام
1”سردِیسؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جِس کے پاس خُدا کی سات رُوحیں یعنی پاک رُوح اَور سات ستارے ہیں وہ یہ فرماتا ہے۔
میں تمہارے کاموں سے واقف ہُوں؛ تُو زندہ تو دکھائی دیتاہے مگر ہے مُردہ۔ 2اِس لیٔے بیدار ہو جاؤ! اَورجو کچھ باقی بچا ہُواہے اَور ختم ہونے ہی والا ہے اُسے مضبُوطی سے قائِم کر کیونکہ میں نے تمہارے کاموں کو اَپنے خُدا کی نظر میں کامِل نہیں پایا ہے۔ 3اِس لیٔے جو تعلیم تُم نے پائی اَور سُنی تھی اُس پر قائِم رہ اَور تَوبہ کر۔ لیکن اگر تُو بیدار نہ ہُوا تو میں چور کی مانند اَچانک آ جاؤں گا اَور تُجھے خبر بھی نہ ہوگی کہ میں کِس گھڑی تمہارے پاس آ جاؤں گا۔ 4اَلبَتّہ سردِیسؔ میں تمہارے جماعت میں بعض لوگ اَیسے ہیں جنہوں نے اَپنے لباس آلُودہ نہیں کیٔے ہیں۔ وہ سفید لباس پہنے ہویٔے میرے ساتھ سیر کریں گے کیونکہ وہ اِس عزّت کے لائق ہیں۔ 5جو غالب آئے اُسے اِسی طرح سفید لباس پہنائی جائے گی اَور میں اُس کا نام کِتابِ حیات سے ہر گز خارج نہ کروں گا بَلکہ اَپنے باپ اَور اُس کے فرشتوں کے سامنے اُس کے نام کا اقرار کروں گا۔ 6جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔
فِلدِلفیہؔ کی جماعت کو پیغام
7”فِلدِلفیہؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جو قُدُّوس اَور برحق ہے اَور جِس کے پاس حضرت داؤؔد کی کُنجی ہے، اَور جِس کے کھولے ہوئے کو کویٔی بند نہیں کر سَکتا اَور بند کیٔے ہوئے کو کویٔی کھول نہیں سَکتا۔ وہ یہ فرماتا ہے۔
8میں تمہارے کاموں سے واقف ہُوں۔ دیکھ! میں نے تمہارے سامنے ایک دروازہ کھول رکھا ہے جسے کویٔی بند نہیں کر سَکتا۔ مُجھے مَعلُوم ہے کہ تیری طاقت کم ہے پھر بھی تُونے میرے کلام پر عَمل کیا اَور میرے نام کا اِنکار نہیں کیا۔ 9دیکھ، میں شیطان کے اُن جماعت والوں کو تیرے قابُو میں کردُوں گا، جو اَپنے آپ کو یہُودی کہتے ہیں مگر ہیں نہیں بَلکہ جھُوٹے ہیں، دیکھ، میں اَیسا کروں گا کہ وہ آکر تمہارے قدموں میں سَجدہ کریں گے اَور وہ تسلیم کریں گے کہ میں تُم سے مَحَبّت رکھتا ہُوں۔ 10کیونکہ تُم نے اُس صبر اَور برداشت کرنے کے حُکم پرجو میں نے تُمہیں دیا تھا عَمل کیا ہے، اِس لیٔے میں بھی آزمائش کے اُس وقت تیری حِفاظت کروں گا، جو تمام دُنیا اَور اِس کے باشندوں پر آنے والا ہے۔ 11میں جلد آ رہا ہُوں۔ جو کچھ تمہارے پاس ہے اُسے مضبُوطی سے تھامے رکھ تاکہ کویٔی تُجھ سے تیرا تاج چھین نہ لے۔ 12جو غالب آئے، میں اُسے اَپنے خُدا کی بیت المُقدّس میں ایک سُتون بناؤں گا۔ وہ پھر وہاں سے کبھی باہر نہ نکلے گا اَور میں اُس پر اَپنے خُدا کا نام اَور اَپنے خُدا کے شہر کا نام یعنی نئے یروشلیمؔ کا نام لکُھوں گا جو میرے خُدا کی جانِب سے آسمان سے اُترنے والا ہے اَور میں اُس پر اَپنا نیا نام بھی تحریر کروں گا۔ 13جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔
لَودِیکیہؔ کی جماعت کو پیغام
14”اَور لَودِیکیہؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جو آمین اَور قابلِ اِعتماد، برحق گواہ اَور خُدا کی خِلقتؔ کا مَبدا ہے، وہ یہ فرماتا ہے۔
15میں تمہارے کاموں سے واقف ہُوں کہ تُو نہ تو سرد ہے نہ گَرم۔ کاش کہ تُو یا تو سرد یا گَرم ہوتا۔ 16پس کیونکہ تُو نہ تو سرد ہے نہ گَرم بَلکہ نیم گَرم ہے اِس لیٔے میں تُجھے اَپنے مُنہ سے نکال پھینکنے کو ہُوں۔ 17اَور تُو کہتاہے کہ میں دولتمند ہُوں اَور مالدار بَن گیا ہُوں اَور مُجھے کسی چیز کی حاجَت نہیں؛ مگر تُو یہ نہیں جانتا کہ تو حقیقت میں نامراد، بے چارہ، غریب، نابینا اَور ننگا ہے۔ 18اِس لیٔے میں تُمہیں صلاح دیتا ہُوں کہ مُجھ سے آگ میں تپایا ہُوا سونا خریدلے تاکہ دولتمند ہو جائے اَور پہننے کے لیٔے سفید پوشاک خرید کر پہن لو تاکہ تمہارے ننگے پن کی شرمندگی ظاہر نہ ہونے پایٔے اَور اَپنی آنکھوں میں ڈالنے کے لیٔے سُرمہ لے لو تاکہ تُم بینائی پاؤ۔ 19میں جنہیں پیار کرتا ہُوں اُنہیں ڈانٹتا اَور تنبیہ بھی کرتا ہُوں۔ اِس لیٔے پُرجوش ہو اَور تَوبہ کر۔ 20دیکھ! میں دروازہ پر کھڑا کھٹکھٹا رہا ہُوں۔ اگر کویٔی میری آواز سُن کر دروازہ کھولے، تو میں اَندر داخل ہوؤں گا، اَور ہم ایک دُوسرے کے ساتھ کھانا کھایٔیں گے۔ 21جو غالب آئے، میں اُسے اَپنے ساتھ اَپنے تخت پر بیٹھنے کا حق دُوں گا، جِس طرح میں غالب آکر اَپنے باپ کے ساتھ اُس کے تخت پر بَیٹھ گیا۔ 22جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔“

Currently Selected:

مُکاشفہ 3: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in