پیدائش 35
35
یعقوب کی بیت ایل کو واپسی
1تَب خُدا نے یعقوب سے فرمایا، ”بیت ایل لَوٹ جاؤ، اَور وہیں بس جاؤ۔ اَور وہاں خُدا کے لیٔے ایک مذبح بناؤ جو تُمہیں اُس وقت دِکھائی دیا تھا جَب تُم اَپنے بھایٔی عیسَوؔ کے خوف سے بھاگے جا رہے تھے۔“
2تَب یعقوب نے اَپنے گھر والوں اَور اُن سَب سے جو اُن کے ساتھ تھے فرمایا، ”تمہارے پاس جو غَیر معبُود ہیں اُنہیں دُور کر دو اَور اَپنے آپ کو پاک کرکے اَپنا لباس تبدیل کرو۔ 3تَب آؤ، ہم بیت ایل چلیں جہاں میں خُدا کے لیٔے ایک مذبح بناؤں گا، جنہوں نے میری تکلیف کے دِنوں میں میری دعا سُنی اَور جہاں کہیں میں گیا میرے ساتھ رہے۔“ 4چنانچہ اُنہُوں نے سَب غَیر معبُود جو اُن کے پاس تھے۔ اَور اُن کے کانوں کی بالیاں یعقوب کو دے دیں اَور یعقوب نے اُنہیں شِکیمؔ میں بلُوط کے درخت کے نیچے دفن کر دیا۔ 5تَب اُنہُوں نے کوُچ کیا، اَور اُن کے اِردگرد کے شہروں پر خُدا کا اِس قدر خوف طاری تھا کہ کسی نے یعقوب کے بیٹوں کا تعاقب نہ کیا۔
6یعقوب اَور اُن کے ساتھ کے سَب لوگ مُلکِ کنعانؔ کے لُوزؔ نام کے ایک مقام پر پہُنچے جِس کا نام بیت ایل بھی ہے۔ 7یعقوب نے وہاں ایک مذبح بنایا اَور اُس مقام کا نام ایل بیت ایل رکھا، کیونکہ جَب وہ اَپنے بھایٔی کے پاس سے دُور بھاگ رہے تھے، تَب خُدا نے اَپنے آپ کو وہاں پر ظاہر کیا۔
8اَور رِبقہؔ کی دایہ دبورہؔ مَر گئی اَور بیت ایل کے باہر بلُوط کے درخت کے نیچے دفن کی گئی۔ لہٰذا اُس کا نام اَلّون بکُوتؔ#35:8 اَلّون بکُوتؔ آنسُوؤں کا بانجھ درخت رکھا گیا۔
9یعقوب کے فدّان ارام سے لَوٹنے کے بعد خُدا نے اَپنے آپ کو اُن پر دوبارہ ظاہر کیا، خُدا نے اُن کو برکت بخشی۔ 10اَور خُدا نے اُن سے فرمایا، ”تمہارا نام یعقوب ہے، لیکن آئندہ تمہارا نام یعقوب نہ کہلائے گا، تمہارا نام اِسرائیل ہوگا۔“ اِس طرح خُدا نے اُن کا نام اِسرائیل رکھا۔
11اَور خُدا نے آپ سے فرمایا، ”میں ایل شیدائی یعنی قادرمُطلق خُدا ہُوں۔ تُم برومند ہو اَور بڑھتے چلے جاؤ۔ تُم سے ایک قوم بَلکہ قوموں کا ایک گِروہ پیدا ہوگا اَور تمہاری نَسل سے بادشاہ پیدا ہوں گے۔ 12جو مُلک مَیں نے اَبراہامؔ اَور اِصحاقؔ کو دیا وہ میں تُمہیں بھی دے رہا ہُوں اَور مَیں یہ مُلک تمہارے بعد تمہاری نَسل کو بھی دُوں گا۔“ 13تَب خُدا جِس جگہ یعقوب سے ہم کلام ہویٔے، وہیں سے اُن کے پاس سے اُوپر چلےگئے۔
14جِس جگہ خُدا اُن سے ہم کلام ہویٔے تھے، وہاں یعقوب نے پتّھر کا ایک سُتون کھڑا کیا اَور اُس پر تپاون نذر کیا اَور زَیتُون کا تیل بھی ڈالا۔ 15اَور یعقوب نے اُس مقام کا نام جہاں خُدا اُن سے ہم کلام ہُوا بیت ایل#35:15 بیت ایل خُدا کا مَسکن رکھا۔
راخلؔ اَور اِصحاقؔ کی وفات
16تَب اُنہُوں نے بیت ایل سے کُوچ کیا۔ ابھی وہ اِفرات سے کچھ فاصلہ پر تھے، راخلؔ کو دردِزہ شروع ہو گیا اَور زچگی میں نہایت دِقّت ہُوئی۔ 17اَور چونکہ اُسے زچگی میں کافی تکلیف ہو رہی تھی اِس لیٔے دائی نے اُس سے کہا، ”خوف نہ کرو کیونکہ تمہارے یہاں بیٹا ہوگا۔“ 18وہ دَم توڑ رہی تھی لیکن مرنے سے پہلے اُس نے اُس بیٹے کا نام بِن اَونیؔ#35:18 بِن اَونیؔ میری مُصیبت کا بیٹا رکھا، لیکن اُس کے باپ نے اُس کا نام بِنیامین#35:18 بِنیامین میرے داہنے ہاتھ کا بیٹا رکھا۔
19یُوں راخلؔ نے وفات پائی اَور اِفرات یعنی بیت لحمؔ کی راہ میں دفن ہویٔی۔ 20یعقوب نے اُس کی قبر پر ایک سُتون کھڑا کیا۔ راخلؔ کی قبر کا یہ سُتون آج تک مَوجُود ہے۔
21اِسرائیل نے پھر کُوچ کیا اَور مگدال عیدرؔ کے پرے خیمہ زن ہویٔے۔ 22جَب اِسرائیل اُس علاقہ میں رہتے تھے تَب رُوبِنؔ نے جا کر اَپنے باپ کی داشتہ بِلہاہؔ کے ساتھ رات گزاری اَور اِسرائیل کو اُس کا پتہ چل گیا۔
یعقوب کے بَارہ بیٹے تھے:
23اُن میں سے لِیاہؔ کے بیٹے یہ تھے:
رُوبِنؔ یعقوب کا پہلوٹھا۔
شمعُونؔ، لیوی، یہُوداہؔ، یِسَّکاؔر اَور زبُولُون۔
24اَور راخلؔ کے بیٹے یہ تھے:
یُوسیفؔ اَور بِنیامین۔
25راخلؔ کی خادِمہ بِلہاہؔ کے بیٹے یہ تھے:
دانؔ اَور نفتالی۔
26اَور لِیاہؔ کی خادِمہ زِلفہؔ کے بیٹے یہ تھے:
گادؔ اَور آشیر۔
یہ سَب یعقوب کے بیٹے تھے جو اُس سے فدّان ارام میں پیدا ہویٔے۔
27یعقوب ممرےؔ میں جو قِریت اربعؔ یعنی حِبرونؔ کے نزدیک ہے اَور جہاں اَبراہامؔ اَور اِصحاقؔ بسے تھے اَپنے باپ اِصحاقؔ کے پاس آئے۔ 28اِصحاقؔ ایک سَو اسّی بَرس کے ہویٔے۔ 29تَب اِصحاقؔ نے آخِری سانس لی اَور وفات پائی اَور ضعیف اَور پُوری عمر کا ہوکر اَپنے لوگوں میں جا مِلے اَور اُن کے بیٹے عیسَوؔ اَور یعقوب نے اُن کو دفنایا۔
Επιλέχθηκαν προς το παρόν:
پیدائش 35: UCV
Επισημάνσεις
Κοινοποίηση
Αντιγραφή
Θέλετε να αποθηκεύονται οι επισημάνσεις σας σε όλες τις συσκευές σας; Εγγραφείτε ή συνδεθείτε
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.