لُوقا 17
17
گُناہ، ایمان، فرض
1تَب یِسوعؔ نے اَپنے شاگردوں سے کہا: ”یہ ناممکن ہے کہ لوگوں کو ٹھوکریں نہ لگیں لیکن افسوس ہے اُس شخص پرجو اِن ٹھوکروں کا باعث بنا۔ 2اُس کے لیٔے یہی بہتر تھا کہ چکّی کا بھاری سا بھاری پتّھر اُس کی گردن سے لٹکا کر اُسے سمُندر میں پھینک دیا جاتا تاکہ وہ اِن چُھوٹوں میں سے کسی کے ٹھوکر کھانے کا باعث نہ بنتا۔ 3پس خبردار رہو۔
”اگر تیرا بھایٔی یا بہن گُناہ کرتا ہے تو اُسے ملامت کر اَور اگر وہ تَوبہ کرے تو اُسے مُعاف کر دے۔ 4اگر وہ ایک دِن میں سات دفعہ بھی تیرے خِلاف گُناہ کرے اَور ساتوں دفعہ تیرے پاس آکر کہے کہ ’میں تَوبہ کرتا ہُوں،‘ تو تُو اُسے مُعاف کردینا۔“
5رسولوں نے خُداوؔند سے کہا، ”ہمارے ایمان کو بڑھا۔“
6خُداوؔند نے کہا، ”اگر تمہارا ایمان رائی کے دانے کے برابر بھی ہوتا، تو تُم اِس شہتوت کے درخت سے کہہ سکتے تھے، ’یہاں سے اُکھڑ جا اَور سمُندر میں جا لگ،‘ تو وہ تمہارا حُکم مان لیتا۔
7”فرض کرو کہ تُم میں سے کسی ایک کے پاس خادِم ہے جو زمین جوتتا یا بھیڑ چَراتا اَور جَب وہ کھیت سے آئے تو اُس سے کہے کہ، ’جلدی سے میرے پاس آ جا اَور دسترخوان پر کھانے بیٹھ جا‘؟ 8کیا وہ یہ نہ کہے گا، ’میرا کھانا تیّار کر، اَور جَب تک میں کھا پی نہ لُوں؛ کمربستہ ہوکر میری خدمت میں لگا رہ۔ اِس کے بعد تو بھی کھا پی لینا‘؟ 9کیا وہ اِس لیٔے خادِم کا شُکر اَدا کرےگا کہ اُس نے وُہی کیا جو اُسے کرنے کو کہا گیا تھا؟ 10اِسی طرح، جَب تُم بھی اِن باتوں کی تعمیل کر چُکو جِن کے کرنے کا تُمہیں حُکم دیا گیا تھا تو کہو، ’ہم نکمّے خادِم ہیں؛ جو کام ہمیں دیا گیا تھا ہم نے وُہی کیا۔‘ “
دس کوڑھیوں کا شفا پانا
11یِسوعؔ یروشلیمؔ کی طرف سفر کرتے ہویٔے سامریہؔ اَور گلِیل کی سرحد سے ہوکر گزر رہے تھے۔ 12جَب وہ ایک گاؤں میں داخل ہویٔے تو اُنہیں دس کوڑھی ملے جو دُور کھڑے ہویٔے تھے۔ 13اُنہُوں نے بُلند آواز سے کہا، ”اَے یِسوعؔ، اَے آقا، ہم پر رحم کیجئے!“
14یِسوعؔ نے اُنہیں دیکھ کر کہا، ”جاؤ، اَپنے آپ کو کاہِنوں کو دِکھاؤ اَور اَیسا ہُوا کہ وہ جاتے جاتے کوڑھ سے پاک صَاف ہو گئے۔“
15لیکن اُن میں سے ایک یہ دیکھ کر کہ وہ شفا پاگیا، بُلند آواز سے خُدا کی تمجید کرتا ہُوا واپس آیا 16اَور یِسوعؔ کے قدموں میں مُنہ کے بَل گِر کر اُن کا شُکر اَدا کرنے لگا۔ یہ آدمی سامری تھا۔
17یِسوعؔ نے اُس سے پُوچھا، ”کیا دسوں کوڑھ سے پاک صَاف نہیں ہویٔے؟ پھر وہ نَو کہاں ہیں؟ 18کیا اِس پردیسی کے سِوا دُوسروں کو اِتنی تَوفیق بھی نہ مِلی کہ لَوٹ کر خُدا کی تمجید کرتے؟“ 19تَب یِسوعؔ نے اُس سے کہا، ”اُٹھ اَور رخصت ہو، تیرے ایمان نے تُجھے شفا دی ہے۔“
خُدا کی بادشاہی
20ایک بار فریسیوں نے یِسوعؔ سے پُوچھا کہ خُدا کی بادشاہی کب آئے گی؟ یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”خُدا کی بادشاہی اَیسی نہیں کہ لوگ اُسے آتا دیکھ سکیں، 21اَور کہہ سکیں کہ دیکھو وہ یہاں ہے، یا وہاں ہے، لیکن خُدا کی بادشاہی تمہارے درمیان میں ہے۔“
22تَب آپ نے اَپنے شاگردوں سے کہا، ”وہ دِن بھی آنے والے ہیں جَب تُم اِبن آدمؔ کے دِنوں میں سے ایک دِن کو دیکھنے کی آرزُو کروگے مگر نہ دیکھ پاؤگے۔ 23لوگ تُم سے کہیں گے، ’دیکھو وہ وہاں ہے!‘ یا ’دیکھو وہ یہاں ہے!‘ مگر تُم اِدھر بھاگتے ہویٔے اُن کے پیچھے مت جانا۔ 24کیونکہ جَیسے بجلی آسمان میں کوند کر ایک طرف سے دُوسری طرف چمکتی چلی جاتی ہے وَیسے ہی اِبن آدمؔ اَپنے مُقرّرہ دِن ظاہر ہوگا۔ 25لیکن لازِم ہے کہ پہلے وہ بہت دُکھ اُٹھائے اَور اِس زمانہ کے لوگوں کی طرف سے ردّ کیا جائے۔
26”اَور جَیسا حضرت نُوح کے دِنوں میں تھا، وَیسا ہی اِبن آدمؔ کے دِنوں میں ہوگا۔ 27کہ لوگ کھاتے پیتے تھے اَور شادی بیاہ نُوح کے لکڑی والے پانی کے جہاز میں داخل ہونے کے دِن تک کرتے کراتے تھے۔ پھر سیلاب آیا اَور اُس نے سَب کو ہلاک کر دیا۔
28”اَور اَیسا ہی حضرت لُوطؔ کے دِنوں میں تھا کہ لوگ کھانے پینے، خریدوفروخت کرنے، درخت لگانے اَور مکان تعمیر کرنے میں مشغُول تھے۔ 29لیکن جِس دِن حضرت لُوطؔ، سدُومؔ سے باہر نکلے، آگ اَور گندھک نے آسمان سے بَرس کر سَب کو ہلاک کر ڈالا۔
30”اُسی طرح اِبن آدمؔ کے ظاہر ہونے کے دِن بھی اَیسا ہی ہوگا۔ 31اُس دِن جو چھت پر اَور اُس کا مال و اَسباب گھر کے اَندر میں، وہ اُسے لینے کے لیٔے نیچے نہ اُترے۔ جو کھیت میں ہو وہ بھی کسی چیز کے لیٔے واپس نہ جائے۔ 32حضرت لُوطؔ کی بیوی کو یاد رکھو۔ 33جو کویٔی اَپنی جان کو باقی رکھنے کی کوشش کرےگا وہ اُسے کھویٔے گا اَورجو کویٔی میری خاطِر اُسے کھویٔے گا، اُسے بچائے گا۔ 34میں کہتا ہُوں کہ اُس رات دو لوگ چارپائی پر ہوں گے، ایک لے لیا جائے گا اَور دُوسرا وہیں چھوڑ دیا جائے گا۔ 35دو عورتیں مِل کر چکّی پیستی ہوں گی، ایک لے لی جائے گی اَور دُوسری وہیں چھوڑ دی جائے گی۔ 36دو آدمی کھیت میں ہوں گے۔ ایک لے لیا جائے گا اَور دُوسرا چھوڑ دیا جائے گا۔“#17:36 کُچھ قدیم نوشتوں میں دئیے گیٔے حوالہ جَیسا لِکھّا ملتا ہے۔ مت 24:40
37اُنہُوں نے آپ سے پُوچھا، ”اَے خُداوؔند، یہ کہاں ہوگا؟“
یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”جہاں لاشیں ہوں گی، وہاں گِدھ بھی جمع ہو جایٔیں گے۔“
اکنون انتخاب شده:
لُوقا 17: UCV
هایلایت
به اشتراک گذاشتن
کپی
می خواهید نکات برجسته خود را در همه دستگاه های خود ذخیره کنید؟ برای ورودثبت نام کنید یا اگر ثبت نام کرده اید وارد شوید
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.