خُروج 14
14
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”بنی اِسرائیل سے کہو، وہ واپس جایٔیں، اَور مِگدُلؔ اَور سمُندر کے درمیان پیہاخیروتؔ کے نزدیک ڈیرے لگائیں یعنی سمُندر کے کنارے کنارے بَعل ضِفونؔ کے بالکُل سامنے ڈیرے ڈالیں۔ 3اَور فَرعوہؔ خیال کرےگا، ’بنی اِسرائیل بیابان میں گھِر گیٔے ہیں اَور وہ گھبرا کر اِدھر اُدھر آوارہ پھر رہے ہیں۔‘ 4اَور مَیں فَرعوہؔ کے دِل کو سخت کر دُوں گا اَور وہ اُن کا تعاقب کرےگا۔ لیکن مَیں فَرعوہؔ اَور اُس کے سارے لشکر پر غالب آکر اَپنا جلال ظاہر کروں گا۔ تَب مِصری جان لیں گے کہ یَاہوِہ میں ہُوں۔ لہٰذا بنی اِسرائیل نے اَیسا ہی کیا۔“
5جَب مِصر کے بادشاہ کو بتایا گیا کہ وہ لوگ فرار ہو گئے ہیں تو فَرعوہؔ اَور اُس کے اہلکاروں نے اُن کے متعلّق اَپنا اِرادہ بدل ڈالا اَور کہا، ”ہم نے یہ کیا کیا؟ ہم نے بنی اِسرائیل کو جانے کی اِجازت دے کر اَپنے آپ کو اُن کی خدمت سے محروم کر لیا!“ 6لہٰذا فَرعوہؔ نے اَپنا رتھ تیّار کروایا اَور اَپنے لشکر کو ساتھ لیا 7اَور اُس نے چھ سَو چُنے ہویٔے رتھ لیٔے اَور مِصر کے تمام دیگر رتھ بھی طلب کر لیٔے اَور اُن میں افسروں کو بِٹھا دیا 8اَور یَاہوِہ نے مِصر کے بادشاہ فَرعوہؔ کے دِل کو سخت کر دیا۔ پس اُس نے بنی اِسرائیل کا جو بڑے فخر سے مِصر سے نکلے تھے تعاقب کیا۔ 9اَور مِصری لشکر نے فَرعوہؔ کے تمام گھوڑوں، رتھوں اَور سواروں سمیت بنی اِسرائیل کا تعاقب کرکے اُن کو اُس وقت جا لیا جَب وہ سمُندر کے کنارے پیہاخیروتؔ کے قریب بَعل ضِفونؔ کے سامنے ڈیرے لگا رہے تھے۔
10اَور جَب فَرعوہؔ نزدیک پہُنچا تو بنی اِسرائیل نے آنکھ اُٹھاکر دیکھا کہ مِصری اُن کا پیچھا کرتے کرتے آ پہُنچے ہیں۔ تَب وہ خوفزدہ ہوکر یَاہوِہ سے فریاد کرنے لگے۔ 11اَور مَوشہ سے کہنے لگے، ”کیا مِصر میں قبریں نہ تھیں، جو تُم ہمیں مرنے کے لیٔے بیابان میں لے آئے ہو؟ تُم نے ہمارے ساتھ یہ کیا کیا کہ ہمیں مِصر سے نکال لائے؟ 12کیا ہم نے آپ سے مِصر میں ہی نہ کہاتھا، ’ہمارا پیچھا چھوڑ دیجئے، اَور ہمیں مِصریوں کی خدمت میں لگے رہنے دیجئے؟‘ یہاں بیابان میں مرنے کی بہ نِسبت ہمارے لیٔے مِصریوں کی خدمت کرتے رہنا ہی بہتر تھا!“
13تَب مَوشہ نے لوگوں سے کہا، ”ڈرو مت! ہمّت سے کام لو اَور خاموشی سے کھڑے رہو! تُم اُس نَجات کے کام کو دیکھوگے، جو یَاہوِہ آج تُمہیں دِکھائیں گے، اَور جِن مِصریوں کو تُم آج دیکھ رہے ہو، اُنہیں پھر کبھی نہ دیکھوگے۔ 14یَاہوِہ تمہاری طرف سے جنگ لڑیں گے۔ بس خاموش رہو اَور اِنتظار کرو۔“
15تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”تُم مُجھ سے کیوں فریاد کر رہے ہو؟ بنی اِسرائیل سے کہو کہ وہ آگے بڑھیں۔ 16اَور تُم اَپنا عصا اُٹھاکر اَپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھاؤ اَور اُس کے پانی کو دو حِصّوں میں بانٹ دو تاکہ بنی اِسرائیل سمُندر میں خشک زمین پر سے گزر کر پار جا سکیں۔ 17اَور مَیں مِصریوں کے دِل سخت کر دُوں گا اَور وہ اُن کا پیچھا کریں گے اَور مَیں فَرعوہؔ اَور اُس کی تمام فَوج اَور اُس کے رتھوں اَور سواروں پر غالب آؤں گا جِس سے میرا جلال ظاہر ہوگا۔ 18اَور جَب مَیں فَرعوہؔ، اُس کے رتھوں اَور سواروں پر غالب آکر جلال پاؤں گا تَب مِصری جان لیں گے کہ یَاہوِہ میں ہی ہُوں۔“
19تَب خُدا کا وہ فرشتہ جو اِسرائیلی فَوج کے آگے آگے چلتا تھا سامنے سے ہٹ کر اُن کے پیچھے چلا گیا اَور بادل کا سُتون بھی سامنے سے ہٹ کر اُن کے پیچھے چلا گیا 20اَور مِصری اَور اِسرائیلی فَوجوں کے مابین جا ٹھہرا اَور وہ بادل ساری رات ایک جانِب اَندھیرا اَور دُوسری جانِب رَوشنی دیتا رہا، لہٰذا رات بھر دونوں فَوجیں ایک دُوسرے کے نزدیک نہ آئیں۔
21اَور پھر مَوشہ نے اَپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اَور ساری رات یَاہوِہ نے بڑی تیز مشرقی ہَوا چلا کر سمُندر کو پیچھے ہٹا کر اُسے خشک زمین بنا دیا اَور پانی دو حِصّے ہو گیا۔ 22اَور بنی اِسرائیل سمُندر کے درمیان سے خشک زمین پر چل کر نکل گیٔے اَور سمُندر کا پانی اُن کی داہنی طرف اَور بائیں طرف دیوار کی طرح کھڑا تھا۔
23اَور مِصریوں نے اُن کا تعاقب کیا اَور فَرعوہؔ کے گھوڑے اَور رتھ اَور سوار اُن کے پیچھے پیچھے سمُندر کے درمیان پہُنچ گیٔے۔ 24اَور رات کے پچھلے پہر یَاہوِہ نے آگ اَور بادل کے سُتون پر سے نیچے مِصری فَوج پر نظر ڈالی اَور اُن میں ابتری پیدا کر دی۔ 25اَور اُن کے رتھوں کے پہیّے پھنسا ڈالے۔ لہٰذا اُن کا چلانا مُشکل ہو گیا۔ اَور مِصری کہنے لگے، ”آؤ ہم اِسرائیلیوں کے مُقابلہ سے ہٹ جایٔیں کیونکہ اُن کی طرف سے یَاہوِہ مِصر سے جنگ لڑ رہے ہیں۔“
26اَور پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اَپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھاؤ تاکہ پانی مِصریوں اُن کے رتھوں اَور سواروں پر پھر بہنے لگے۔“ 27اَور مَوشہ نے اَپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اَور صُبح ہونے پر سمُندر اَپنی جگہ پر پھر واپس آ گیا۔ اَور وہ مِصری جو اُس سے بھاگ رہے تھے یَاہوِہ نے اُن کو سمُندر کی لپیٹ میں جانے دیا۔ 28اَور پانی پلٹ کر آیا اَور اُس نے رتھوں اَور سواروں اَور فَرعوہؔ کے تمام فَوج کو جو اِسرائیلیوں کا پیچھا کرتے ہُوئے سمُندر کے درمیان پہُنچ گیا تھا غرق کر دیا اَور اُن میں سے کویٔی بھی زندہ نہ بچا۔
29لیکن بنی اِسرائیل سمُندر میں سے خشک زمین پر چل کر نکل گیٔے اَور پانی دیوار کی طرح اُن کے داہنے اَور بائیں ہاتھ کھڑا رہا۔ 30اَور یُوں اُس دِن یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کو مِصریوں کے ہاتھ سے بچا لیا اَور بنی اِسرائیل نے دیکھا کہ مِصری سمُندر کے کنارے مَرے پڑے ہیں۔ 31اَور جَب اِسرائیلیوں نے اُس قوی ہاتھ کو دیکھا جو یَاہوِہ نے مِصریوں کے خِلاف اِستعمال کیا تھا تو وہ لوگ یَاہوِہ سے ڈرے اَور اُن پر اَور اُن کے خادِم مَوشہ پر ایمان لایٔے۔
Voafantina amin'izao fotoana izao:
خُروج 14: UCV
Asongadina
Hizara
Dika mitovy
Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.