خُروج 18
18
یتروؔ کی مُوسیٰ سے مُلاقات
1اَور اَیسا ہُوا کہ مِدیان کے کاہِنؔ یتروؔ نے جو مَوشہ کا سسُر تھا وہ سَب کچھ سُنا جو خُدا نے مَوشہ کے لیٔے اَور اَپنی قوم اِسرائیل کے لیٔے کیا تھا اَور یہ بھی کہ یَاہوِہ بنی اِسرائیل کو مِصر سے کِس طرح نکال لائے تھے۔
2اَور جَب مَوشہ نے اَپنی بیوی ضِفورہؔ کو مَیکے بھیجا تو اُن کے سسُر یتروؔ نے ضِفورہؔ، 3اَور اُن کے دونوں بیٹوں کو اَپنے گھر میں اُتارا۔ مَوشہ نے ایک بیٹے کا نام گیرشوم#18:3 گیرشوم یعنی پردیسی رکھا تھا اَور کہا، ”میں پردیس میں پردیسی کی طرح ہُوں!“ 4اَور دُوسرے کا نام الیعزرؔ#18:4 الیعزرؔ یعنی خُدا میرا مددگار رکھا تھا اَور کہاتھا، ”میرے باپ کا خُدا میرا مددگار ہُوا اَور اُنہُوں نے مُجھے فَرعوہؔ کی تلوار سے بچایا۔“
5اَور مَوشہ کا سسُر یتروؔ، مَوشہ کی بیوی اَور اُن کے دونوں بیٹوں کو ساتھ لے کر بیابان میں آئے، جہاں مَوشہ نے خُدا کے پہاڑ کے نزدیک ڈیرہ ڈالا ہُوا تھا۔ 6یتروؔ نے مَوشہ کو پیغام بھیجا تھا، ”میں تمہارا سسُر یتروؔ تمہاری بیوی اَور اُس کے دونوں بیٹوں کو اَپنے ساتھ لے کر تمہارے پاس آ رہا ہُوں۔“
7لہٰذا مَوشہ اَپنے سسُر کا اِستِقبال کرنے کے لیٔے باہر نکلے اَور آداب بجا لاکر اُنہیں چُوما۔ اُنہُوں نے ایک دُوسرے کی خیریت پُوچھی اَور پھر وہ خیمہ کے اَندر گیٔے 8اَور مَوشہ نے اَپنے سسُر کو بتایا کہ یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کی خاطِر فَرعوہؔ اَور مِصریوں کے ساتھ کیا کچھ کیا اَور راستہ میں کیا کیا مُصیبتیں آئیں اَور یَاہوِہ کِس طرح اُنہیں حِفاظت سے لے آئے۔
9اَور یتروؔ اُن تمام احسانات کے بارے میں سُن کر بہت خُوش ہُوا جو یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کو مِصریوں کے ہاتھ سے چھُڑانے کی خاطِر اُن پر کئے تھے۔ 10یتروؔ نے کہا، ”یَاہوِہ کی سِتائش ہو جِس نے تُمہیں مِصریوں کے ہاتھ اَور فَرعوہؔ کے ہاتھ سے نَجات دی۔ اَور جِس نے اِس قوم کو مِصریوں کے پنجہ سے چھُڑایا۔ 11اَب مَیں جان گیا کہ یَاہوِہ سَب معبُودوں سے بڑے ہیں کیونکہ اُنہُوں نے یہ اُن کے ساتھ کیا جنہوں نے بنی اِسرائیل پر ظُلم ڈھائے تھے۔“ 12پھر مَوشہ کے سسُر یتروؔ نے خُدا کے لیٔے سوختنی نذر اَور ذبیحے چڑھائے اَور اَہرونؔ اَور بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگ مَوشہ کے سسُر کے ساتھ خُدا کے حُضُور کھانا کھانے آئے۔
13اَور اگلے دِن مَوشہ لوگوں کی عدالت کرنے بیٹھے اَور لوگ صُبح سے شام تک اُن کے اِردگرد کھڑے رہے۔ 14جَب اُن کے سسُر نے وہ سَب کچھ جو مَوشہ لوگوں کے لیٔے کر رہے تھے، دیکھا تو اُنہُوں نے کہا، ”یہ کیا ہے جو لوگوں کے لیٔے تُم کر رہے ہو؟ تمام لوگ صُبح سے شام تک تمہارے اِردگرد کھڑے رہتے ہیں تو کیا تُم اکیلے ہی اُن کا اِنصاف کرنے کو رہ گئے ہو؟“
15مَوشہ نے جَواب دیا، ”اِس کا سبب یہ ہے کہ لوگ میرے پاس خُدا کی مرضی مَعلُوم کرنے آتے ہیں۔ 16اَور جَب کبھی اُن میں کویٔی جھگڑا ہوتاہے تو وہ اُسے لے کر میرے پاس آتے ہیں اَور مَیں فریقین کے درمیان اِنصاف کرتا ہُوں اَور اُنہیں خُدا کے قوانین اَور ہدایات کی باتیں بتاتا ہُوں۔“
17مَوشہ کے سسُر نے جَواب دیا، ”جو کچھ تُم کر رہے ہو وہ ٹھیک نہیں۔ 18کیونکہ وہ لوگ جو تمہارے پاس آتے ہیں وہ تُمہیں اَور اَپنے آپ کو تھکا دیں گے۔ یہ کام تمہارے لیٔے بہت بھاری ہے اَور تُم اکیلے اِسے سنبھال نہیں سکتے۔ 19اَب تُم میری بات سُنو۔ میں تُمہیں صلاح دیتا ہُوں اَور خُدا تمہارے ساتھ رہے۔ تُمہیں چاہیے کہ تُم خُدا کے حُضُور لوگوں کی نُمائندگی کرو اَور اُن کے جھگڑے خُدا تک پہُنچا دو۔ 20تُم اُنہیں قوانین اَور ہدایات کی باتیں ماننا سِکھایا کرو اَور اُنہیں زندگی بسر کرنے کا طریقہ اَور وہ فرائض جو اُنہیں پُورے کرنے ہیں بتایا کرو۔ 21تُم اُن لوگوں میں سے حق پرست اِنسان چُن لو اَیسا اِنسان جو خُدا سے ڈرنے والا اَور مُعتبر ہُوں اَور رشوت کے دُشمن ہُوں اَور اُنہیں ہزار ہزار سَو سَو پچاس پچاس اَور دس دس افراد پر بطور حاکم مُقرّر کر دو 22تاکہ وہ ہر وقت لوگوں کا اِنصاف کریں لیکن ہر بڑا مُقدّمہ تمہارے پاس لائیں اَور صِرف آسان مُقدّموں کا فیصلہ وہ خُود کریں۔ اِس طرح تمہارا بوجھ ہلکا ہو جائے گا کیونکہ وہ بھی اِس بوجھ کو اُٹھانے مَیں تمہارے شریکِ کار ہوں گے۔ 23اگر تُم اَیسا کرو اَور خُدا بھی تُمہیں اِس کا حُکم دیں تو تُم اِس بھاری بوجھ کو اُٹھا سکوگے اَور تمام لوگ بھی تسلّی کے ساتھ گھر چلے جایٔیں گے۔“
24مَوشہ نے اَپنے سسُر کی بات مان لی اَور وَیسا ہی کیا جَیسا اُنہُوں نے بتایا تھا۔ 25مَوشہ نے تمام بنی اِسرائیل میں سے لائق اِنسان چُن کر اُنہیں ہزار ہزار، سَو سَو، پچاس پچاس اَور دس دس لوگوں پر بطور حاکم مامُور کر دیا۔ 26اَور وہ ہر وقت لوگوں کا اِنصاف کرنے لگے۔ وہ بڑے بڑے مُقدّمے تو مَوشہ کے پاس لاتے تھے لیکن چُھوٹے چُھوٹے مُقدّموں کا فیصلہ وہ خُود ہی کر دیتے تھے۔
27پھر مَوشہ نے اَپنے سسُر کو رخصت کیا اَور یتروؔ اَپنے وطن لَوٹ گئے۔
Voafantina amin'izao fotoana izao:
خُروج 18: UCV
Asongadina
Hizara
Dika mitovy
Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.