خُروج 9
9
مویشیوں پر مَری کی وَبا
1تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”فَرعوہؔ کے پاس جا کر اُس سے کہو، ’یَاہوِہ عِبرانیوں کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ”میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عبادت کریں۔“ 2لیکن اگر تُم اِنکار کرو اَور اُنہیں جانے نہ دوگے، 3تو یَاہوِہ کا ہاتھ تمہارے چَوپایوں پرجو کھیتوں میں ہیں یعنی گھوڑوں، گدھوں، اُونٹوں اَور گائے بَیلوں اَور بھیڑ بکریوں پر بڑی خوفناک وَبا لایٔے گا۔ 4لیکن یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے چَوپایوں اَور مِصریوں کے چَوپایوں میں اِمتیاز کریں گے تاکہ اِسرائیلیوں کا ایک چَوپایہ بھی ہلاک نہ ہو۔‘ “
5اَور یَاہوِہ نے ایک وقت مُقرّر کر دیا اَور بتا دیا، ”کل یَاہوِہ اِس مُلک میں یہی کریں گے۔“ 6اَور اگلے دِن یَاہوِہ نے اَیسا ہی کیا اَور مِصریوں کے تمام چَوپائے مَر گیٔے لیکن اِسرائیلیوں کا ایک چَوپایہ بھی نہ مَرا۔ 7چنانچہ فَرعوہؔ نے تحقیقات کرنے کے لیٔے اِنسان بھیجے اَور اُسے مَعلُوم ہُوا کہ اِسرائیلیوں کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہیں مَرا تھا۔ پھر بھی فَرعوہؔ کا دِل پگھلنے والا نہ تھا اَور اُس نے لوگوں کو جانے نہ دیا۔
پھوڑے اَور پھپھولوں کی وَبا
8تَب یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا، ”کسی بھٹّی سے راکھ لے کر اَپنی مُٹھّیوں میں بھر لو اَور مَوشہ اُسے فَرعوہؔ کے سامنے ہَوا میں اُڑا دے۔ 9اَور یہ تمام مُلک مِصر میں مہین گَرد بَن کر سارے مُلک میں اِنسانوں اَور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اَور پھپھولے پیدا کر دے گی۔“
10پس وہ ایک بھٹّی سے راکھ لے کر فَرعوہؔ کے سامنے جا کھڑے ہویٔے اَور مَوشہ نے اُسے ہَوا میں اُوپر اُڑا دیا جِس سے اِنسانوں اَور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اَور پھپھولے نکل آئے۔ 11اَور مِصر کے جادُوگر اُن پھوڑوں اَور پھپھولوں کی وجہ سے جو اُنہیں اَور سَب مِصریوں کو نکلے ہویٔے تھے مَوشہ کے سامنے ٹھہر نہ سکے۔ 12لیکن یَاہوِہ نے فَرعوہؔ کے دِل کو سخت کر دیا اَور اُس نے جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہہ دیا تھا اُن کی نہ سُنی۔
اولوں کی وَبا
13پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”صُبح سویرے اُٹھ کر فَرعوہؔ کے رُوبرو جاؤ اَور اُس سے کہو، ’یَاہوِہ عِبرانیوں کے خُدا یُوں فرماتے ہیں کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عبادت کریں 14ورنہ اِس دفعہ میں اَپنی وَباؤں کو پُوری شِدّت سے تمہارے، تمہارے اہلکاروں اَور تمہاری رعایا کے خِلاف بھیجوں گا تاکہ تُم جان لو کہ تمام دُنیا میں میرا ہمسر کویٔی نہیں ہے۔ 15کیونکہ اَب تک میں اَپنا ہاتھ بڑھا کر تُمہیں اَور تمہارے لوگوں کو کسی اَیسی وَبا سے مار سَکتا تھا جو رُوئے زمین سے تمہارا نام و نِشان مٹا دیتی۔ 16لیکن مَیں نے تُمہیں اِس لیٔے برپا کیا ہے تاکہ میں تُم پر اَپنی قُدرت ظاہر کروں اَور ساری زمین میں میرا نام مشہُور ہو جائے۔ 17تُم اَب بھی میرے لوگوں کی مُخالفت پر آمادہ ہو اَور اُنہیں جانے نہیں دیتے۔ 18اِس لیٔے کل اِسی وقت میں اَیسی بدترین ژالہ باری کروں گا کہ جَب سے مِصر کی بُنیاد پڑی ہے وَیسی آج تک نہیں ہُوئی۔ 19پس اَپنے چَوپایوں کو اَورجو کچھ تمہارا مال کھیتوں میں ہے اُسے اَندر لے آؤ کیونکہ جتنے اِنسان اَور جانور میدان میں ہوں گے اَور اَندر نہیں پہُنچائے جایٔیں گے اُن پر اولے گریں گے اَور وہ ہلاک ہو جایٔیں گے۔‘ “
20اَور فَرعوہؔ کے وہ اہلکار جو یَاہوِہ کی اِس بات سے ڈرے وہ جلدی سے بھاگ دَوڑکر اَپنے غُلاموں اَور چَوپایوں کو گھروں میں لے آئے۔ 21لیکن جنہوں نے یَاہوِہ کی اِس بات کو نظرانداز کر دیا اُنہُوں نے اَپنے غُلاموں اَور چَوپایوں کو میدان میں ہی رہنے دیا۔
22تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اَپنا ہاتھ آسمان کی طرف بڑھاؤ تاکہ سارے مِصر میں ژالہ باری ہو۔ یعنی اِنسانوں اَور جانوروں پر اَور ہر سبزی پرجو مِصر کے کھیتوں میں اُگتی ہے۔“ 23اَور جَب مَوشہ نے اَپنا عصا آسمان کی طرف بڑھایا تو یَاہوِہ نے بجلی اَور اولے بھیجے اَور بجلی زمین تک کوندی اَور یَاہوِہ نے سارے مِصر پر اولے برسائے۔ 24پس اولوں کے ساتھ ساتھ اِدھر اُدھر بجلی بھی گری، جَب سے مُلک مِصر وُجُود میں آیا یہ مُلک مِصر کی بدترین ژالہ باری تھی۔ 25اَور اولوں نے سارے مِصر میں اُن سَب اِنسانوں اَور جانوروں کو مارا جو کھیتوں یا میدان میں تھے اَور اِس ژالہ باری نے کھیتوں میں اُگی ہویٔی ہر چیز تباہ کر ڈالی اَور سَب درخت توڑ دئیے۔ 26صِرف گوشینؔ کے علاقہ میں جہاں بنی اِسرائیل رہتے تھے اولے نہ گِرے۔
27تَب فَرعوہؔ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو طلب کیا۔ اَور اُن سے کہا، ”اِس دفعہ مَیں نے گُناہ کیا ہے،“ یَاہوِہ صادق ہیں، ”اَور مَیں اَور میرے لوگ خطاوار ہیں۔ 28یَاہوِہ سے دعا کرو کیونکہ ہم ژالہ باری اَور بجلی کی گھن گرج سے تنگ آ چُکے ہیں۔ میں تُمہیں جانے دُوں گا اَور تُمہیں مزید رُکنا نہیں پڑےگا۔“
29مَوشہ نے جَواب دیا، ”جَب مَیں شہر سے باہر چلا جاؤں گا تو میں دعا کے لیٔے اَپنے ہاتھ یَاہوِہ کی طرف پھیلاؤں گا؛ تَب گھن گرج بندہو جائے گی اَور اُس کے بعد اولے بھی نہ گریں گے تاکہ تُم جان لو کہ دُنیا یَاہوِہ ہی کی ہے۔ 30لیکن مَیں جانتا ہُوں کہ تُم اَور تمہارے اہلکار اَب بھی یَاہوِہ خُدا سے نہیں ڈرتے۔“
31(سَن اَور جَو اولوں سے برباد ہو گیٔے کیونکہ جَو کی بالیں نکل چُکی تھیں اَور سَن میں پھُول لگے ہویٔے تھے۔ 32لیکن ہر قِسم کے گیہُوں تباہی سے بچ گیٔے کیونکہ اُن کے پکنے کا موسم نہ آیاتھا۔)
33تَب مَوشہ فَرعوہؔ سے رخصت ہوکر شہر کے باہر گئے اَور اُنہُوں نے اَپنے ہاتھ یَاہوِہ کی طرف پھیلائے۔ لہٰذا بجلی کی گھن گرج اَور اولے گرنے بندہو گیٔے اَور زمین پر بارش بھی تھم گئی۔ 34جَب فَرعوہؔ نے دیکھا کہ بارش، ژالہ باری اَور بجلی کی گھن گرج ختم ہو گئی تو اُس نے پھر گُناہ کیا اَور اُس کا اَور اُس کے اہلکاروں کا دِل نہ پسیجا۔ 35چنانچہ فَرعوہؔ کا دِل سخت ہو گیا اَور اُس نے اِسرائیلیوں کو جانے نہ دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کی مَعرفت کہہ دیا تھا۔
Voafantina amin'izao fotoana izao:
خُروج 9: UCV
Asongadina
Hizara
Dika mitovy
Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.