Kisary famantarana ny YouVersion
Kisary fikarohana

پیدائش 38

38
یہُوداہؔ اَور تامارؔ
1اُن ہی دِنوں میں یہُوداہؔ اَپنے بھائیوں کو چھوڑکر ایک عدولاّمی شخص کے پاس رہنے لگے جِس کا نام حیراہؔ تھا۔ 2وہاں یہُوداہؔ کی شُوعؔ نام کے کسی کنعانی کی بیٹی سے مُلاقات ہو گئی۔ اُنہُوں نے اُس سے شادی کرلی اَور اُس سے مَحَبّت کرنے لگے۔ 3وہ حاملہ ہُوئی اَور اُس کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا جِس کا نام اُس نے عیرؔ رکھا۔ 4وہ پھر حاملہ ہُوئی اَور اُس کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا۔ اُس نے اُس کا نام اَونانؔ رکھا۔ 5اُس کے یہاں ایک اَور بیٹا پیدا ہُوا اَور اُس نے اُس کا نام شِلحؔ رکھا۔ یہُوداہؔ کزیبؔ میں ہی تھے جَب اُن کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا۔
6یہُوداہؔ نے اَپنے پہلوٹھے بیٹے عیرؔ کی شادی جِس عورت سے کی اُس کا نام تامارؔ تھا۔ 7لیکن یہُوداہؔ کا پہلوٹھا بیٹا عیرؔ یَاہوِہ کی نگاہ میں بدکار تھا؛ اِس لیٔے یَاہوِہ نے اُسے ہلاک کر دیا۔
8تَب یہُوداہؔ نے اَونانؔ سے کہا، ”اَپنے بھایٔی کی بیوی کے پاس جا اَور دیور کا حق اَدا کر تاکہ تمہارے بھایٔی کے نام سے نَسل چلے۔“ 9لیکن اَونانؔ جانتا تھا کہ وہ بچّے اُس کے نہ کہلایٔیں گے اِس لیٔے جَب کبھی وہ اَپنے بھایٔی کی بیوی کے پاس جاتا تھا تو اَپنا نطفہ زمین پر گرا دیتا تھا تاکہ کویٔی بچّہ نہ ہو جو اُس کے بھایٔی کی نَسل کہلا سکے۔ 10اُس کا یہ فعل یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا اِس لیٔے یَاہوِہ نے اُسے بھی زندہ نہ رہنے دیا۔
11تَب یہُوداہؔ نے اَپنی بہُو تامارؔ سے کہا، ”میرے بیٹے شِلحؔ کے بالغ ہونے تک تُو اَپنے باپ کے گھر میں بِیوہ کے طور پر بیٹھی رہ۔“ کیونکہ یہُوداہؔ نے سوچا، ”کہ کہیں شِلحؔ بھی اَپنے بھائیوں کی طرح مارا نہ جائے۔“ چنانچہ تامارؔ اَپنے باپ کے گھرجاکر رہنے لگی۔
12کافی عرصہ کے بعد یہُوداہؔ کی بیوی جو شُوعؔ کی بیٹی تھی مَر گئی۔ جَب ماتم کے دِن پُورے ہو گئے تو یہُوداہؔ اَپنے عدولاّمی دوست حیراہؔ کے ساتھ اَپنی بھیڑوں کی اُون کترنے والوں کے پاس تِمنؔہ کو چلا گیا۔
13جَب تامارؔ کو یہ خبر مِلی، ”اُس کا سسُر بھیڑوں کی پشم کترنے کے لیٔے تِمنؔہ آ رہاہے،“ 14تو اُس نے اَپنا بیوگی کا لباس اُتار کر بُرقع پہن لیا تاکہ اَپنا بھیس بدل لے۔ تَب وہ عینیمؔ کے پھاٹک پرجو تِمنؔہ کی راہ پر ہے جا بیٹھی۔ کیونکہ اُس نے دیکھا کہ شِلحؔ بالغ ہو چُکاہے پھر بھی وہ اُس سے بیاہی نہ گئی تھی۔
15جَب یہُوداہؔ نے اُسے دیکھا تو اُسے کویٔی فاحِشہ سمجھا کیونکہ اُس نے اَپنا چہرہ چھُپا رکھا تھا۔ 16یہ نہ جانتے ہویٔے کہ وہ اَپنی ہی بہُو ہے وہ راستہ چھوڑکر اُس کے پاس گیا اَور کہا، ”مُجھے اَپنے ساتھ مباشرت کرنے دے۔“
اُس نے پُوچھا، ”تُو مُجھے اِس کے بدلے کیا دے گا؟“
17اُس نے کہا، ”میں اَپنے گلّہ میں سے بکری کا ایک بچّہ تُجھے بھیج دُوں گا۔“
تامارؔ نے کہا، ”اُس کے بھیجنے تک کیا تُم کویٔی چیز میرے پاس رہن رکھوگے؟“
18یہُوداہؔ نے جَواب دیا، ”مَیں تمہارے پاس کیا رہن رکھوں؟“
اُس نے جَواب دیا، ”اَپنی مُہر اَور بازوبند اَور اَپنا عصا۔“ چنانچہ یہُوداہؔ نے یہ چیزیں اُسے دیں اَور اُس سے مباشرت کی اَور وہ اُس سے حاملہ ہو گئی۔ 19تَب تامارؔ گھر چلی گئی اَور اُس نے اَپنا بُرقع اُتار ڈالا اَور پھر سے بیوگی کے کپڑے پہن لیٔے۔
20اِس اَثنا میں یہُوداہؔ نے اَپنے عدولاّمی دوست کے ساتھ بکری کا بچّہ بھیجا تاکہ اُس عورت کے پاس سے اَپنا رہن واپس منگائے، لیکن اُسے وہ عورت نہیں مِلی۔ 21اُس نے وہاں کے باشِندوں سے دریافت کیا، ”وہ فاحِشہ کہاں ہے جو عینیمؔ میں راہ کے کنارے بیٹھی تھی؟“
اُنہُوں نے کہا، ”یہاں تو کویٔی فاحِشہ نہ تھی۔“
22چنانچہ وہ یہُوداہؔ کے پاس واپس آیا اَور بتایا، ”وہ مُجھے نہیں مِلی۔ اَور وہاں کے لوگوں نے بھی بتایا، ’یہاں پر کوئی فاحِشہ تھی ہی نہیں۔‘ “
23تَب یہُوداہؔ نے کہا، ”اُس رہن کو اُسی کے پاس رہنے دو ورنہ ہماری بڑی بدنامی ہوگی۔ مَیں نے تو اُسے بکری کا بچّہ بھیجا تھا پر وہ تُم کو نہ مِلی۔“
24تقریباً تین ماہ کے بعد یہُوداہؔ کو یہ خبر مِلی، ”تمہاری بہُو تامارؔ نے زنا کیا جِس کی وجہ سے اَب وہ حاملہ ہے۔“
یہُوداہؔ نے کہا، ”اُسے باہر نکال لاؤ تاکہ اُسے جَلا کر مار ڈالیں۔“
25جَب اُسے باہر نکالا جا رہاتھا، تَب اُس نے اَپنے سسُر کو یہ پیغام بھیجا، ”میں جِس شخص سے حاملہ ہُوئی اُسی کی یہ چیزیں ہیں۔“ تامارؔ نے مزید کہا، ”تُم پہچانو، تو صحیح کہ یہ مُہر بازوبند اَور عصا کِس کا ہے؟“
26یہُوداہؔ نے اُنہیں پہچان لیا اَور کہا، ”وہ مُجھ سے زِیادہ راستباز ہے کیونکہ مَیں نے اُسے اَپنے بیٹے شِلحؔ سے نہیں بیاہا۔“ اَور وہ پھر کبھی اُس کے پاس نہیں گیا۔
27جَب اُس کے جننے کا وقت نزدیک آیا تو مَعلُوم ہُوا کہ اُس کے رِحم میں جُڑواں بچّے ہیں۔ 28جَب وہ جننے لگی تو اُن میں سے ایک نے اَپنا ہاتھ باہر نکالا اَور دایہ نے سُرخ دھاگا لے کر اُس کی کلائی میں باندھ دیا اَور کہا، ”یہ پہلے پیدا ہُوا۔“ 29لیکن جَب اُس نے اَپنا ہاتھ واپس کھینچ لیا تَب اُس کا بھایٔی پیدا ہُوا اَور اُس نے کہا، ”تُو زبردستی نکل پڑا!“ اَور اُس کا نام پیریزؔ#38‏:29 پیریزؔ یعنی نکلنے کی دراز رکھا گیا۔ 30تَب اُس کا بھایٔی جِس کی کلائی پر سُرخ دھاگا باندھا ہُوا تھا پیدا ہُوا اَور اُس کا نام زیراحؔ#38‏:30 زیراحؔ یعنی سُرخ یا چمکدار رکھا گیا۔

Voafantina amin'izao fotoana izao:

پیدائش 38: UCV

Asongadina

Hizara

Dika mitovy

None

Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra