اور اشدُودی جب صُبح کو سویرے اُٹھے تو دیکھا کہ دجوؔن خُداوند کے صندُوق کے آگے اَوندھے مُنہ زمِین پر گِرا پڑا ہے۔ تب اُنہوں نے دجوؔن کو لے کر اُسی کی جگہ اُسے پِھر کھڑا کر دِیا۔ پِھر وہ جو دُوسرے دِن کی صُبح کو سویرے اُٹھے تو دیکھا کہ دجوؔن خُداوند کے صندُوق کے آگے اَوندھے مُنہ زمِین پر گِرا پڑا ہے اور دجوؔن کا سر اور اُس کی ہتھیلِیاں دہلِیز پر کٹی پڑی تِھیں۔ فقط دجوؔن کا دھڑ ہی دھڑ رہ گیا تھا۔