YouVersion Logo
تلاش

خرُوج 29

29
ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو کاہِن مخصُوص کرنے کے لِئے ہدایات
1اور اُن کو پاک کرنے کی خاطِر تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں تُو اُن کے واسطے یہ کرنا کہ ایک بچھڑا اور دو بے عَیب مینڈھے لینا۔ 2اور بے خمِیری روٹی اور بے خمِیر کے کُلچے جِن کے ساتھ تیل مِلا ہو اور تیل کی چُپڑی ہُوئی بے خمِیری چپاتیاں لینا۔ یہ سب گیہُوں کے مَیدہ کی بنانا۔ 3اور اِن کو ایک ٹوکری میں رکھّ کر اُس ٹوکری کو بچھڑے اور دونوں مینڈھوں سمیت آگے لے آنا۔
4پِھر ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر لا کر اُن کو پانی سے نہلانا۔ 5اور وہ لباس لے کر ہارُونؔ کو کُرتہ اور افُود کا جُبّہ اور افُود اور سِینہ بند پہنانا اور افود کا کارِیگری سے بنا ہُؤا کمربند اُس کے باندھ دینا۔ 6اور عمامہ کو اُس کے سر پر رکھّ کر اُس عمامہ کے اُوپر مُقدّس تاج لگا دینا۔ 7اور مَسح کرنے کا تیل لے کر اُس کے سر پر ڈالنا اور اُس کو مَسح کرنا۔
8پِھر اُس کے بیٹوں کو آگے لا کر اُن کو کُرتے پہنانا۔ 9اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے کمربند لپیٹ کر اُن کے پگڑیاں باندھنا تاکہ کہانت کے منصب پر ہمیشہ کے لِئے اُن کا حق رہے اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو مخصُوص کرنا۔
10پِھر تُو اُس بچھڑے کو خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لانا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس بچھڑے کے سر پر رکھّیں۔ 11پِھر اُس بچھڑے کو خُداوند کے آگے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ذبح کرنا۔ 12اور اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے قُربان گاہ کے سِینگوں پر لگانا اور باقی سارا خُون قُربان گاہ کے پایہ پر اُنڈیل دینا۔ 13پِھر اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور جگر پر کی جِھلّی کو اور دونوں گُردوں کو اور اُن کے اُوپر کی چربی کو لے کر سب قُربان گاہ پر جلانا۔ 14لیکن اُس بچھڑے کے گوشت اور کھال اور گوبر کو خَیمہ گاہ کے باہر آگ سے جلا دینا اِس لِئے کہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔
15پِھر تُو ایک مینڈھے کو لینا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّیں۔ 16اور تُو اُس مینڈھے کو ذبح کرنا اور اُس کا خُون لے کر قُربان گاہ پر چاروں طرف چِھڑکنا۔ 17اور تُو مینڈھے کو ٹُکڑے ٹُکڑے کاٹنا اور اُس کی انتڑیوں اور پایوں کو دھو کر اُس کے ٹُکڑوں اور اُس کے سر کے ساتھ مِلا دینا۔ 18پِھر اِس پُورے مینڈھے کو قُربان گاہ پر جلانا۔ یہ خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانی ہے۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو یعنی خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہے۔
19پِھر دُوسرے مینڈھے کو لینا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّیں۔ 20اور تُو اِس مینڈھے کو ذبح کرنا اور اُس کے خُون میں سے کُچھ لے کر ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھوں پر لگانا اور خُون کو قُربان گاہ پر چاروں طرف چِھڑک دینا۔ 21اور قُربان گاہ پر کے خُون اور مَسح کرنے کے تیل میں سے کُچھ کُچھ لے کر ہارُونؔ اور اُس کے لباس پر اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں اور اُن کے لِباس پر چِھڑکنا۔ تب وہ اپنے لِباس سمیت اور اُس کے ساتھ ہی اُس کے بیٹے اپنے اپنے لِباس سمیت مُقدّس ہوں گے۔
22اور تُو مینڈھے کی چربی اور موٹی دُم کو اور جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اُس کو اور جِگر پر کی جِھلّی کو اور دونوں گُردوں کو اور اُن کے اُوپر کی چربی کو اور دہنی ران کو لینا اِس لِئے کہ یہ تخصِیصی مینڈھا ہے۔ 23اور بے خمِیری روٹی کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے آگے دھری ہو گی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک کُلچہ جِس میں تیل مِلا ہُؤا ہو اور ایک چپاتی لینا۔ 24اور اِن سبھوں کو ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھّ کر اِن کو خُداوند کے رُوبرو ہلانا تاکہ یہ ہلانے کا ہدیہ ہو۔ 25پِھر اِن کو اُن کے ہاتھوں سے لے کر قُربان گاہ پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلا دینا تاکہ وہ خُداوند کے آگے راحت انگیز خُوشبُو ہو۔ یہ خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہے۔
26اور تُو ہارُونؔ کے تخصِیصی مینڈھے کا سِینہ لے کر اُس کو خُداوند کے رُوبرو ہلانا تاکہ وہ ہلانے کا ہدیہ ہو۔ یہ تیرا حِصّہ ٹھہرے گا۔
27اور تُو ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے تخصِیصی مینڈھے کے ہلانے کے ہدیہ کے سِینہ کو جو ہلایا جا چُکا ہے اور اُٹھائے جانے کے ہدیہ کی ران کو جو اُٹھائی جا چُکی ہے لے کر اُن دونوں کو پاک ٹھہرانا۔ 28تاکہ یہ سب بنی اِسرائیل کی طرف سے ہمیشہ کے لِئے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کا حق ہو کیونکہ یہ اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہے۔ سو یہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کی سلامتی کے ذبِیحوں میں سے اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہو گا جو اُن کی طرف سے خُداوند کے لِئے اُٹھایا گیا ہے۔
29اور ہارُونؔ کے بعد اُس کے پاک لِباس اُس کی اَولاد کے لِئے ہوں گے تاکہ اُن ہی میں وہ مَسح و مخصُوص کِئے جائیں۔ 30اُس کا جو بیٹا اُس کی جگہ کاہِن ہو وہ جب پاک مقام میں خِدمت کرنے کو خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہو تو اُن کو سات دِن تک پہنے رہے۔
31اور تُو تخصِیصی مینڈھے کو لے کر اُس کے گوشت کو کِسی پاک جگہ میں اُبالنا۔ 32اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے مینڈھے کا گوشت اور ٹوکری کی روٹیاں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کھائیں۔ 33اور جِن چِیزوں سے اُن کو مخصُوص اور پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے وہ اُن کو بھی کھائیں لیکن اجنبی شخص اُن میں سے کُچھ نہ کھانے پائے کیونکہ یہ چِیزیں پاک ہیں۔ 34اور اگر مخصُوص کرنے کے گوشت یا روٹی میں سے کُچھ صُبح تک بچا رہ جائے تو اُس بچے ہُوئے کو آگ سے جلا دینا۔ وہ ہرگِز نہ کھایا جائے اِس لِئے کہ وہ پاک ہے۔
35اور تُو ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے ساتھ جو کُچھ مَیں نے حُکم دِیا ہے وہ سب عمل میں لانا اور سات دِن تک اُن کی تخصِیص کرتے رہنا۔ 36اور تُو ہر روز خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو کفّارہ کے واسطے ذبح کرنا اور تُو قُربان گاہ کو اُس کے کفّارہ دینے کے وقت صاف کرنا اور اُسے مَسح کرنا تاکہ وہ پاک ہو جائے۔ 37تُو سات دِن تک قُربان گاہ کے لِئے کفّارہ دینا اور اُسے پاک کرنا تو قُربان گاہ نہایت پاک ہو جائے گی اور جو کُچھ اُس سے چُھو جائے گا وہ بھی پاک ٹھہرے گا۔
روزانہ نذرانے
38اور تُو ہر روز سدا ایک ایک برس کے دو دو برّے قُربان گاہ پر چڑھایا کرنا۔ 39ایک برّہ صُبح کو اور دُوسرا برّہ زوال اور غرُوب کے درمیان چڑھانا۔ 40اور ایک برّہ کے ساتھ ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ دینا جِس میں ہِین کے چوتھے حِصّہ کی مِقدار میں کُوٹ کر نِکالا ہُؤا تیل مِلا ہُؤا ہو اور ہِین کے چوتھے حِصّہ کی مِقدار میں تپاون کے لِئے مَے بھی دینا۔ 41اور تُو دُوسرے برّہ کو زوال اور غرُوب کے درمیان چڑھانا اور اُس کے ساتھ صُبح کی طرح نذر کی قُربانی اور وَیسا ہی تپاون دینا جِس سے وہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو اور آتشین قُربانی ٹھہرے۔ 42اَیسی ہی سوختنی قُربانی تُمہاری پُشت در پُشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے آگے ہمیشہ ہُؤا کرے۔ وہاں مَیں تُم سے مِلُوں گا اور تُجھ سے باتیں کرُوں گا۔ 43اور وہیں مَیں بنی اِسرائیل سے مُلاقات کرُوں گا اور وہ مقام میرے جلال سے مُقدّس ہو گا۔ 44اور مَیں خَیمۂِ اِجتماع کو اور قُربان گاہ کو مُقدّس کرُوں گا اور مَیں ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو مُقدّس کرُوں گا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔ 45اور مَیں بنی اِسرائیل کے درمیان سکُونت کرُوں گا اور اُن کا خُدا ہُوں گا۔ 46تب وہ جان لیں گے کہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں جو اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے اِس لِئے نِکال کر لایا کہ مَیں اُن کے درمیان سکُونت کرُوں۔ مَیں ہی خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔

موجودہ انتخاب:

خرُوج 29: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in