YouVersion Logo
تلاش

پَیدائش 1:22-14

پَیدائش 1:22-14 URD

اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ خُدا نے ابرہامؔ کو آزمایا اور اُسے کہا اَے ابرہامؔ! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔ تب اُس نے کہا کہ تُو اپنے بیٹے اِضحاقؔ کو جو تیرا اِکلوتا ہے اور جِسے تُو پِیار کرتا ہے ساتھ لے کر موریاہؔ کے مُلک میں جا اور وہاں اُسے پہاڑوں میں سے ایک پہاڑ پر جو مَیں تُجھے بتاؤں گا سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھا۔ تب ابرہامؔ نے صُبح سویرے اُٹھ کر اپنے گدھے پر چارجامہ کَسا اور اپنے ساتھ دو جوانوں اور اپنے بیٹے اِضحاقؔ کو لِیا اور سوختنی قُربانی کے لِئے لکڑیاں چِیرِیں اور اُٹھ کر اُس جگہ کو جو خُدا نے اُسے بتائی تھی روانہ ہُؤا۔ تِیسرے دِن ابرہامؔ نے نِگاہ کی اور اُس جگہ کو دُور سے دیکھا۔ تب ابرہامؔ نے اپنے جوانوں سے کہا تُم یہیں گدھے کے پاس ٹھہرو۔ مَیں اور یہ لڑکا دونوں ذرا وہاں تک جاتے ہیں اور سِجدہ کر کے پِھر تُمہارے پاس لَوٹ آئیں گے۔ اور ابرہامؔ نے سوختنی قُربانی کی لکڑِیاں لے کر اپنے بیٹے اِضحاقؔ پر رکھّیں اور آگ اور چُھری اپنے ہاتھ میں لی اور دونوں اِکٹّھے روانہ ہُوئے۔ تب اِضحاقؔ نے اپنے باپ ابرہامؔ سے کہا اَے باپ! اُس نے جواب دِیا کہ اَے میرے بیٹے مَیں حاضِر ہُوں۔ اُس نے کہا دیکھ آگ اور لکڑیاں تو ہیں پر سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ کہاں ہے؟ ابرہامؔ نے کہا اَے میرے بیٹے خُدا آپ ہی اپنے واسطے سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ مُہیّا کر لے گا۔ سو وہ دونوں آگے چلتے گئے۔ اور اُس جگہ پُہنچے جو خُدا نے بتائی تھی۔ وہاں ابرہامؔ نے قُربان گاہ بنائی اور اُس پر لکڑِیاں چُنیں اور اپنے بیٹے اِضحاقؔ کو باندھا اور اُسے قُربان گاہ پر لکڑیوں کے اُوپر رکھّا۔ اور ابرہامؔ نے ہاتھ بڑھا کر چُھری لی کہ اپنے بیٹے کو ذبح کرے۔ تب خُداوند کے فرِشتہ نے اُسے آسمان سے پُکارا کہ اَے ابرہامؔ اَے ابرہامؔ! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔ پِھر اُس نے کہا کہ تُو اپنا ہاتھ لڑکے پر نہ چلا اور نہ اُس سے کُچھ کر کیونکہ مَیں اب جان گیا کہ تُو خُدا سے ڈرتا ہے اِس لِئے کہ تُو نے اپنے بیٹے کو بھی جو تیرا اِکلوتا ہے مُجھ سے دریغ نہ کِیا۔ اور ابرہامؔ نے نِگاہ کی اور اپنے پِیچھے ایک مینڈھا دیکھا جِس کے سِینگ جھاڑی میں اٹکے تھے۔ تب ابرہامؔ نے جا کر اُس مینڈھے کو پکڑا اور اپنے بیٹے کے بدلے سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھایا۔ اور ابرہامؔ نے اُس مقام کا نام یہوواؔہ یِری رکھّا چُنانچہ آج تک یہ کہاوت ہے کہ خُداوند کے پہاڑ پر مُہیّا کِیا جائے گا۔

اس پَیدائش 1:22-14 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام