YouVersion Logo
تلاش

یرمِیاہ 4

4
تَوبہ کے لِئے پُکار
1اَے اِسرائیل اگر تُو واپس آئے تو خُداوند فرماتا ہے اگر تُو میری طرف واپس آئے اور اپنی مکرُوہات کو میری نظر سے دُور کرے تو تُو آوارہ نہ ہو گا۔ 2اور اگر تُو سچّائی اور عدالت اور صداقت سے زِندہ خُداوند کی قَسم کھائے تو قَومیں اُس کے سبب سے اپنے آپ کو مُبارک کہیں گی اور اُس پر فخر کریں گی۔
3کیونکہ خُداوند یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے لوگوں کو یُوں فرماتا ہے کہ اپنی اُفتادہ زمِین پر ہل چلاؤ اور کانٹوں میں تُخم ریزی نہ کرو۔ 4اَے یہُوداؔہ کے لوگو اور یروشلیِم کے باشِندو! خُداوند کے لِئے اپنا خَتنہ کراؤ ہاں اپنے دِل کا خَتنہ کرو تا نہ ہو کہ تُمہاری بد اعمالی کے باعِث سے میرا قہر آگ کی مانِند شُعلہ زن ہو اور اَیسا بھڑکے کہ کوئی بُجھا نہ سکے۔
یہُوداؔہ پر حملہ کا خطرہ
5یہُوداؔہ میں اِشتہار دو اور یروشلیِم میں اِس کی مُنادی کرو
اور کہو کہ تُم مُلک میں نرسِنگا پُھونکو۔
بُلند آواز سے پُکارو اور کہو کہ جمع ہو کہ حصِین شہروں میں چلیں۔
6تُم صِیُّون ہی میں جھنڈا کھڑا کرو۔
پناہ لینے کو بھاگو اور دیر نہ کرو
کیونکہ مَیں بلا اور ہلاکتِ شدِید کو شِمال کی طرف سے لاتا ہُوں۔
7شیرِ بَبر جھاڑِیوں سے نِکلا ہے
اور قَوموں کے ہلاک کرنے والے نے کُوچ کِیا ہے۔
وہ اپنی جگہ سے نِکلا ہے کہ تیری زمِین کو وِیران کرے
تاکہ تیرے شہر وِیران ہوں
اور کوئی بسنے والا نہ رہے۔
8اِس لِئے ٹاٹ اوڑھ کر چھاتی پِیٹو اور واوَیلا کرو
کیونکہ خُداوند کا قہرِ شدِید
ہم پر سے ٹل نہیں گیا۔
9اور خُداوند فرماتا ہے اُس وقت یُوں ہو گا کہ بادشاہ اور سردار بے دِل ہو جائیں گے اور کاہِن حَیرت زدہ اور نبی سراسِیمہ ہوں گے۔
10تب مَیں نے کہا افسوس اَے خُداوند خُدا یقِیناً تُو نے اِن لوگوں اور یروشلیِم کو یہ کہہ کر دغا دی کہ تُم سلامت رہو گے حالانکہ تلوار جان تک پُہنچ گئی ہے۔
11اُس وقت اِن لوگوں اور یروشلیِم سے یہ کہا جائے گا کہ بیابان کے پہاڑوں پر سے ایک خُشک ہوا میری دُخترِ قَوم کی طرف چلے گی۔ اُسانے اور صاف کرنے کے لِئے نہیں۔ 12بلکہ وہاں سے ایک نِہایت تُند ہوا میرے لِئے چلے گی۔ اب مَیں بھی اُن پر فتویٰ دُوں گا۔
یہُوداؔہ دُشمنوں کے نِرغے میں
13دیکھو وہ گھٹا کی طرح چڑھ آئے گا۔ اُس کے رتھ گِردباد کی مانِند اور اُس کے گھوڑے عُقابوں سے تیزتر ہیں۔ ہم پر افسوس! کہ ہائے ہم غارت ہو گئے۔
14اَے یروشلیِم! تُو اپنے دِل کو شرارت سے پاک کر تاکہ تُو رہائی پائے۔ بُرے خیالات کب تک تیرے دِل میں رہیں گے؟
15کیونکہ دان سے ایک آواز آتی ہے اور اِفرائِیم کے پہاڑ سے مُصِیبت کی خبر دیتی ہے۔ 16قَوموں کو خبر دو۔ دیکھو یروشلیِم کی بابت مُنادی کرو کہ مُحاصرہ کرنے والے دُور کے مُلک سے آتے ہیں اور یہُوداؔہ کے شہروں کے مُقابِل للکاریں گے۔ 17کھیت کے رکھوالوں کی مانِند وہ اُسے چاروں طرف سے گھیریں گے کیونکہ اُس نے مُجھ سے بغاوت کی خُداوند فرماتا ہے۔
18تیری چال اور تیرے کاموں سے یہ مُصِیبت تُجھ پر آئی ہے۔ یہ تیری شرارت ہے۔ یہ بُہت تلخ ہے کیونکہ یہ تیرے دِل تک پُہنچ گئی ہے۔
یرمیاہ اپنے لوگوں کے لِئے غم کرتا ہے
19ہائے میرا دِل! میرے پردۂِ دِل میں درد ہے۔
میرا دِل بے تاب ہے۔
مَیں چُپ نہیں رہ سکتا
کیونکہ اَے میری جان! تُو نے نرسِنگے کی آواز
اور لڑائی کی للکار سُن لی ہے۔
20شِکست پر شِکست کی خبر آتی ہے۔
یقِیناً تمام مُلک برباد ہو گیا۔
میرے خَیمے ناگہان
اور میرے پردے ایک دم میں غارت کِئے گئے۔
21مَیں کب تک یہ جھنڈا دیکُھوں
اور نرسِنگے کی آواز سنُوں؟
22فی الحقِیقت میرے لوگ احمق ہیں۔
اُنہوں نے مُجھے نہیں پہچانا۔
وہ بے شعُور بچّے ہیں اور اِمتیاز نہیں رکھتے
بُرے کام کرنے میں ہوشیار ہیں
پر نیکوکاری کی سمجھ نہیں رکھتے۔
آنے والی تباہی کی رُویا
23مَیں نے زمِین پر نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ
وِیران اور سُنسان ہے۔
افلاک کو بھی بے نُور پایا۔
24مَیں نے پہاڑوں پر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ
وہ کانپ گئے
اور سب ٹِیلے مُتزلزل ہو گئے۔
25مَیں نے نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ کوئی آدمی نہیں
اور سب ہوائی پرِندے اُڑ گئے۔
26پِھر مَیں نے نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ زرخیز
زمِین بیابان ہو گئی
اور اُس کے سب شہر خُداوند کی حضُوری اور اُس
کے قہر کی شِدّت سے برباد ہو گئے۔
27کیونکہ خُداوند فرماتا ہے کہ تمام مُلک وِیران ہو گا تَو بھی مَیں اُسے بِالکُل برباد نہ کرُوں گا۔
28اِسی لِئے زمِین ماتم کرے گی
اور اُوپر سے آسمان تارِیک ہو جائے گا
کیونکہ مَیں کہہ چُکا۔
مَیں نے اِرادہ کِیا ہے۔
مَیں اُس سے پشیمان نہ ہُوں گا
اور اُس سے باز نہ آؤُں گا۔
29سواروں اور تِیر اندازوں کے شور سے
تمام شہری بھاگ جائیں گے۔
وہ گھنے جنگلوں میں جا گُھسیں گے
اور چٹانوں پر چڑھ جائیں گے۔
سب شہر ترک کِئے جائیں گے
اور کوئی آدمی اُن میں نہ رہے گا۔
30تب اَے غارت شُدہ! تُو کیا کرے گی؟
اگرچہ تُو لال جوڑا پہنے۔
اگرچہ تُو زرِّین زیوروں سے آراستہ ہو۔
اگرچہ تُو اپنی آنکھوں میں سُرمہ لگائے
تُو عبث اپنے آپ کو خُوب صُورت بنائے گی۔
تیرے عاشِق تُجھ کو حقِیر جانیں گے۔
وہ تیری جان کے طالِب ہوں گے۔
31کیونکہ مَیں نے اُس عَورت کی سی آواز سُنی ہے
جِسے درد لگے ہوں
اور اُس کی سی درد ناک آواز جِس کے پہلا بچّہ پَیدا ہو
یعنی دُخترِ صِیُّون کی آواز جو ہانپتی
اور اپنے ہاتھ پَھیلا کر کہتی ہے
ہائے! قاتِلوں کے سامنے میری جان بے تاب ہے۔

موجودہ انتخاب:

یرمِیاہ 4: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in