احبار 1
1
پُوری سوختنی قُربانِیاں
1اور خُداوند نے خَیمۂِ اِجتماع میں سے مُوسیٰؔ کو بُلا کر اُس سے کہا۔ 2بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم میں سے کوئی خُداوند کے لِئے چڑھاوا چڑھائے۔
تو تُم چَوپایوں یعنی گائے بَیل اور بھیڑ بکری کا چڑھاوا چڑھانا۔ 3اگر اُس کا چڑھاوا گائے بَیل کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ بے عَیب نر کو لا کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر چڑھائے تاکہ وہ خُود خُداوند کے حضُور مقبُول ٹھہرے۔ 4اور وہ سوختنی قُربانی کے جانور کے سر پر اپنا ہاتھ رکھّے تب وہ اُس کی طرف سے مقبُول ہو گا تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ ہو۔ 5اور وہ اُس بچھڑے کو خُداوند کے حضُور ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں خُون کو لا کر اُسے اُس مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے۔ 6تب وہ اُس سوختنی قُربانی کے جانور کی کھال کھینچے اور اُس کے عضو عضو کو کاٹ کر جُدا جُدا کرے۔ 7پِھر ہارُون کاہِن کے بیٹے مذبح پر آگ رکھّیں اور آگ پر لکڑیاں ترتِیب سے چُن دیں۔ 8اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے اعضا کو اور سر اور چربی کو اُن لکڑیوں پر جو مذبح کی آگ پر ہوں گی ترتِیب سے رکھ دیں۔ 9لیکن وہ اُس کی انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھو لے تب کاہِن سب کو مذبح پر جلائے کہ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتشین قُربانی ہو۔
10اور اگر اُس کا چڑھاوا ریوڑ میں سے بھیڑ یا بکری کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ بے عَیب نر کو لائے۔ 11اور وہ اُسے مذبح کی شِمالی سِمت میں خُداوند کے آگے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔ 12پِھر وہ اُس کے عضو عضو کو اور سر اور چربی کو کاٹ کر جُدا جُدا کرے اور کاہِن اُن کو ترتِیب سے اُن لکڑیوں پر جو مذبح کی آگ پر ہوں گی چُن دے۔ 13لیکن وہ انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھو لے تب کاہِن سب کو لے کر مذبح پر جلا دے۔ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہے۔
14اور اگر اُس کا چڑھاوا خُداوند کے لِئے پرِندوں کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ قمریوں یا کبُوتر کے بچّوں کا چڑھاوا چڑھائے۔ 15اور کاہِن اُس کو مذبح پر لا کر اُس کا سر مروڑ ڈالے اور اُسے مذبح پر جلا دے اور اُس کا خُون مذبح کے پہلُو پر گِر جانے دے۔ 16اور اُس کے پوٹے کو آلایش سمیت لے جا کر مذبح کی مشرِقی سِمت میں راکھ کی جگہ میں ڈال دے۔ 17اور وہ اُس کے دونوں بازُوؤں کو پکڑ کر اُسے چِیرے پر الگ الگ نہ کرے۔ تب کاہِن اُسے مذبح پر اُن لکڑیوں کے اُوپر رکھ کر جو آگ پر ہوں گی جلا دے۔ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتشِین قُربانی ہے۔
موجودہ انتخاب:
احبار 1: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.